جویریہ خان
’پرسنل انٹرسٹ‘، سوا گھنٹے کی ایک شاندار روسی فلم جو انگریزی زبان کے سب ٹائٹلز کے ساتھ یو ٹیوب (youtube) پر موجود ہے۔ فلم شروع ہوتی ہے تانیہ کے جیل سے فرار سے۔ جیل کے دو اہلکار جاسوس کتوں سمیت تیزی سے اس کا تعاقب کرتے ہیں۔ وہ تانیہ کے بہت قریب پہنچ جاتے ہیں۔ تانیہ کو بہر صورت اپنی جان بچانیہے، وہ کسی بھی صورت گرفتار نہیں ہونا چاہتی، بصورت دیگر اسے پہلے سے زیادہ مشکل جبری مشقت اور تشدد بھری زندگی گزارنا پڑتی۔
پھر تانیہ اور جیل کے سپاہیوں کے درمیان ٹرین آجاتی ہے۔ اس کے اور تعاقب کرنے والوں کے درمیان فاصلہ کچھ بڑھ جاتا ہے۔ تانیہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتی ہے، وہاں کھڑی ایک اور مال گاڑی کے ایک خالی ڈبے میں چھپ جاتی ہے اور پھر دور دراز ایکگاؤں ’پاولووکا‘ کے قریب ٹرین سے کود جاتی ہے۔ یہ برفانی علاقے کا ایک روایتی گاؤں ہے، جہاں کبھی اس کی نانی ’پیلاگیا‘ رہا کرتی تھی۔ اب یہ گھر برسوں سے خالی تھا۔ اب تانیہ یہاں ایک پرسکون زندگی گزارنے کا سوچ کے رہنے لگتی ہے۔
تانیہ کی یہاں ’ماکسم‘ نامی ایک نوجوان سے ملاقات ہوتی ہے جو ہنگامہ خیز شہری زندگی سے تنگ آکر اس گاؤں میں زندگی گزارنے آتا ہے۔ یہ ملاقات تب ہوتی ہے جب تانیہ گاؤں کی دکان سے بریڈ خریدنے جاتی ہے۔ دکان کی مالکن جو ماکسم پر لٹو ہو جاتی ہے، اس کے ساتھ کہیں جانے کے چکر میں دکان بند کر چکی ہوتی ہے۔ تانیہ اسے بریڈ دینے کو کہتی ہے لیکن وہ اپنی انگلی میں دکان کی چابیاں گھماتے ہوئے اس کی تضحیک کرتی ہے۔
تانیہ کو اس موقعے پر ظالم جیلر یاد آتا ہے، وہ بھی اسی طرح جیل کی چابیاں انگلی میں گھماتا رہتا تھا۔ پھر یک لخت تانیہ ایک زور دار گھونسا دکان کی مالکن کے پیٹ میں مارتی ہے، چابیاں چھین کر دکان سے کھانے کا مطلوبہ سامان لیتی ہے، اور چابیاں واپس اس کی طرف اچھال کر چلی جاتی ہے۔
تانیہ کی اس حرکت نے وہاں بیٹھی عورتوں اور خود ماکسم کو حیرت زدہ کردیا۔ ماکسم تانیہ کے پیچھے پیچھے جاتا ہے لیکن راستے ہی میں تانیہ اسے ڈانٹ دیتی ہے اور آئیندہ پیچھا نہ کرنے کو کہتی ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں دونوں کے درمیان دوستی ہوجاتی ہے۔ زندگی میں سب کچھ اچھا ہوجاتا ہے۔
پھر ایک دن تانیہ کا سابق بوائے فرینڈ ’اولیگ‘ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ تانیہ کو ڈھونڈتے ہوئے اس گاؤں میں آن دھمکتا ہے۔ وہ اسی خاتون دکان دار سے معلومات حاصل کرتا ہے جس کے پیٹ میں گھونسہ مار کر تانیہ کھانے پینے کا سامان لے گئی تھی اور جو تانیہ کو سبق سکھانے کا منصوبہ بنائے تھی۔ اس منصوبے کی خبر ماکسم کو بھی مل جاتی ہے کہ دکان دار دو شرابیوں کو تانیہ کے گھر بھیجے گی۔ تاہم اسی دوران ’اولیگ‘ کہانی میں داخل ہوتا ہے۔
یوں تانیہ ماکسم کو اپنے بارے میں سب کچھ سچ سچ بتانے پر مجبور ہوجاتی ہے کہ اس نے، اولیگ کے ساتھ مل کر ایک ڈاکہ ڈالا تھا اور اس جرم کا سارا الزام اپنے سر لے لیا تھا۔ اور پھر ایک دن جیل سے بھاگ نکلی۔ ماکسم اسے کہتا ہے کہ آپ کا ماضی جیسا بھی ہے، میں آپ کا ساتھ دوں گا اور آپ کی مکمل مدد کروں گا۔
تاہم یہ سارے معاملات اس قدر سادہ نہیں تھے جیسا کہ دکھائی دے رہے تھے۔ ماکسم بھی وہ نہیں تھا جیسا کہ دکھائی دے رہا تھا۔ ایسا بھی نہیں تھا کہ وہ اس سے فلرٹ کر رہا ہو۔ وہ تھا سچا عاشق۔ کہانی کے باقی حصے میں کچھ ایسا ہوتا ہے جو آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔
میرا دل چاہ رہا ہے کہ یہ ساری کہانی پوری تفصیل سے سناؤں لیکن میری زیادہ بڑی خواہش ہے کہ آپ خود یہ فلم دیکھ لیں۔آپ کو زیادہ لطف آئے گا۔اب یہ بھی مت سمجھیے گا کہ میں اس فلم کی مارکیٹنگ ٹیم کا حصہ ہوں، ایسا ہر گز نہیں ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ جس قدر یہ فلم خوبصورت ہے، میں اسے لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کا دل یہ فلم ایک سے زیادہ بار دیکھنے کو مچلے۔
مجھے تو روسی فلم دو پہلوؤں سے اچھی لگتی ہے۔
ایک تو خود روس کا موسم، اس کا جغرافیہ اور وہاں کے لوگوں کا روایتی، فطری طرز زندگی۔ اس فلم میں بھی جو گاؤں اور اس کی زندگی دکھائی جاتی ہے، وہ مکمل طور پر روایتی اور فطری ہوتی ہے۔ مجھے ایسے لگتا ہے کہ ہمارے ہاں گاؤں اور وہاں کی زندگی جدت اختیار کرر ہی ہے لیکن روسی گاؤں نہیں بدلے۔آپ کا کیا خیال ہے؟ یہ فلم دیکھ کر بتائیے گا۔
دوسرا، فلم میں ہیروئن اپنے جسم کو ایکسپوز نہیں کرتی، لباس مکمل ہوتا ہے۔ میں مکمل لباس کی بات کررہی ہوں، شرعی لباس کی نہیں۔ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی فلموں میں جو کچھ ہوتا ہے، وہ بہرحال روسی فلم میں نہیں ہوتا۔یہاں فلم کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جاتی ہے۔
ایک تبصرہ برائے “پرسنل انٹرسٹ : ایک خوبصورت روسی فلم کا تذکرہ”
مکمل لباس والی ہیروئن یہ بات بہت اچھی لگی ھم لوگ فلمیں وغیرہ نہیں دیکھتے لیکن کبھی کبھار موضوعاتی فلم ضرور دیکھتے ہیں جو فیملی اکٹھا بیٹھ کر دیکھ سکے تو لباس کا معاملہ بہت اہم ھے اچھا ھوا آپ نے ذکر کر دیا ان اسے دیکھنے میں آسانی رھے گی۔۔اکثر ایرانی فلموں میں بھی ہیروئن پوری طرح cover ھوتی ھے۔