عبید اعوان :
بہت سے لوگ بے روزگار بھی ہوتے ہیں اور فری لانسنگ کا راستہ دکھائی دینے کے باوجود ملازمت ہی کی طرف جانے میں لگے رہتے ہیں۔ وہ بے روزگار رہ کر وقت گزارنا اور انتطار کرتے رہنا پسند کرتے ہیں لیکن فری لانسر نہیں بنتے۔ سوال یہ ہے کہ آپ فری لانسنگ کیوں کریں؟
اس کا سادہ سا جواب ہے کہ آپ کو بے روزگاری کا وقت ایسے نہیں گزارنا چاہیے، دوسرا جواب ہے کہ فری لانسرز ملازمت پیشہ افراد سے زیادہ کماتے ہیں، تیسرا جواب ہے کہ بہت سے ملازمت پیسہ افراد بھی فری لانسنگ کرتے ہیں اور اپنی ماہانہ آمدن میں اضافہ کرتے ہیں ۔ میرا خیال ہے کہ ان سب جوابات کی روشنی میں ، روزگار کی تلاش کے دوران میں بھی اور ملازمت کے دوران میں بھی فری لانسنگ کی آغاز کرنا چاہیے۔
ایک وقت ایسا آئے گا کہ آپ بھی ملازمت چھوڑ کر مکمل طور پر فری لانسر بن جائیں گے، پھر نہ صرف خود خوش حال ہوں گے بلکہ آپ اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی پائوں پر کھڑا کرسکتے ہیں ، معاشرے میں روزگار کے مواقع بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سن 2021 کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کی 50.8 فیصد آبادی مردوں اور 49.2 فیصد خواتین کی ہے۔ ہم اپنے معاشرے میں لڑکیوں کو اچھی تعلیم دیتے ہیں، انھیں شعور دیتے ہیں ، تاہم سوال یہ ہے کہ کیا ان کے لئے گھر سے باہر نکل کر ملازمت تلاش کرنا اور پھر ملازمت کرنا آسان ہوتا ہے؟
بچوں کو ان کی تمام تعلیمی عمر میں خواب دکھاتے ہیں ، کیا وہ خواب پورے ہوتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب بھی یہی ہے کہ وہ خواب پورے نہیں ہوتے تو پھر فری لانسنگ کی اہمیت تین گنا بڑھ جاتی ہے۔ لڑکیوں کی بات کی جائے تو کئی سو گنا بڑھ جاتی ہے بالخصوص جب کہ آج دنیا بھر کے معاشرے معاشی بحرانوں سے گزر رہے ہیں۔
خواتین کے لئے فری لانس کام کا راستہ خاص طور پر بہت شاندار ہے۔ فری لانسنگ آپ کو گھر میں رہ کر کام کرنے کی سہولت دیتی ہے، یعنی آپ گھر میں رہ کر نو سے پانچ بجے تک کی ملازمت کرسکتی ہیں، آپ کو پبلک ٹرانسپورٹ میں جانے کے لئے منصوبہ بندی نہیں کرنا پڑے گی ، کرایہ اور سب سے بڑی بات کہ دفتر جانے کے لئے وقت خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔
فری لانسنگ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو مخلوط ماحول والے دفاتر میں کام نہیں کرنا پڑتا ۔ فی زمانہ ملازمت پیشہ خواتین کو گھر سے باہر نکلنے سے لے کر مخلوط ماحول والے دفاتر تک، مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گھر بیٹھے پیسے کمانے کے لئے صرف دو چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، ایک کمپیوٹر اور دوسرا انٹرنیٹ۔ کوئی مفت کا فری لانس کورس کریں، اگر آپ کے پاس یہ دو چیزیں ہیں تو بس! پھر ایسی صلاحیت کی بنیاد پر روزگار کمانا شروع کردیں جو آپ کو خوش کرے۔ اس صلاحیت میں تجربہ اور مہارت حاصل کریں ، اور پھر پراجیکٹ حاصل کرنا شروع کردیں۔ فری لانس کورس کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو پراجیکٹ حاصل کرنے کے بہترین طریقے معلوم ہوجاتے ہیں۔
گھر بیٹھے پیسے کمانے کا یہی طریقہ ہے، بہت سے لوگ گھر بیٹھے گوگل سے پیسے کمانے کا یہی طریقہ اختیار کیے ہوئے ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد یوٹیوب سے پیسے کمانے کا یہی طریقہ اختیار کئے ہوئے ہے اور وہ اب ملازمتوں وغیرہ کے چکر سے نکل آئی ہے۔ جن لوگوں کو علم ہوچکا ہے کہ فری لانسنگ کیا ہے ؟ وہ
لوگ بلاگ لکھ کر بھی پیسے کما رہے ہیں، حتیٰ کہ گیم سے بھی پیسے کمارہے ہیں۔ بعض لوگ اسی انداز میں آن لائن جاب بھی کررہے ہیں۔
جب آپ فری لانس مارکیٹوں کا جائزہ لیں گی تو یہ دیکھ کر آپ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی کہ لوگ کس کس انداز میں گھر بیٹھے پیسے کما رہے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ان میں سے کچھ صلاحیتیں آپ کے پاس ہوں لیکن آپ کو اندازہ نہ ہو کہ ان کی دنیا میں قدر وقیمت کتنی زیادہ ہے۔