خاتون کے ہاتھ دعا مانگتے ہوئے

دور فتن میں رمضان ، نیکیوں کا موسم بہار!

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈاکٹر خولہ علوی :

میرے ایک قریبی عزیز نے، جو ڈاکٹر ہیں، اپنے ساتھ پیش آنے والا یہ حقیقی قصہ سنایا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ
” میرے پاس ماہ رمضان میں ایک مریض آیا۔ وہ مرد مردانہ حسن کا نمونہ تھا۔ اس کی شکل وصورت اتنی خوبصورت اور قد کاٹھ ایسا نمایاں تھا کہ وہ دور سے ہی سب میں ممتاز لگ رہا تھا۔ قد اتنا اونچا لمبا تھا کہ تقریباً دروازے تک پہنچتا تھا۔ چہرے کا رنگ انتہائی سرخ وسفید تھا۔ اور ظاہراً اس کی شخصیت نہایت شاندار تھی۔ اس نے اپنے مسئلے کے علاج کے لیے چیک اپ کروا کر دوائی لی۔ اب اسے رگ میں انجیکشن بھی لگانا تھا۔ “

” کیا آپ نے روزہ رکھا ہوا ہے؟ “ ڈاکٹر صاحب نے اس سے پوچھا۔
” نہیں ڈاکٹر صاحب!“ اس نے جواب دیا۔

” کیوں؟ “ ڈاکٹر صاحب نے سوال کیا۔
” ڈاکٹر صاحب! مجھے کبھی کبھی fits (دورے) پڑتے ہیں، اس لیے میں روزے نہیں رکھتا۔“ وہ جواب میں کہنے لگا۔

” فٹس (دوروں) کے علاج کے لیے روزے تو فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔“ ڈاکٹر صاحب نے کہا اور اسے روزے رکھنے کی ترغیب دلاتے ہوئے مزید کچھ باتیں سمجھائیں۔
” ڈاکٹر صاحب! اصل بات یہ ہے کہ جب سے میں پیدا ہوا ہوں، میں نے کبھی ایک دن بھی روزہ نہیں رکھا۔“ وہ قدرے شرمسار ہو کر جواب میں بولا۔

” آپ روزے کیوں نہیں رکھتے؟“ ڈاکٹر صاحب نے حیرانی سے پوچھا۔
” مجھے میرے والدین نے روزہ رکھنے کا نہ کبھی کہا ہے اور نہ وہ خود روزے رکھتے ہیں۔ اسی طرح اب نہ میں، نہ میری بیوی، اور نہ ہی میرے بچوں میں سے کوئی روزے رکھتا ہے۔“ خوبرو مریض نے جواب دیا

” تو اپنے گھر میں آپ اب اس نیک کام اور عبادت کی ابتدا کرلیں۔“ ڈاکٹر صاحب نے اسے ترغیب دلانے کی کوشش کی۔
” اب میں ایک دم اتنی شدت کی گرمی میں کس طرح روزے رکھوں؟ یہ بات میرے بس سے باہر ہے۔ میں روزے نہیں رکھ سکتا۔“ جواب میں اپنے عذر پیش کرتے ہوئے اس نے صریح انکار کر دیا۔
ڈاکٹر صاحب اس کے کھلے انکار پر پریشان ہو کر، ہکا بکا اس کا منہ تکتے رہ گئے۔

ان سے جب میں نے یہ واقعہ سنا تو مجھے بہت حیرت ہوئی کہ ایسی صحت، قد کاٹھ اور خوبصورتی کس کام کی؟؟؟
کہ انسان رب تعالیٰ کی اطاعت کرتے ہوئے روزہ بھی نہ رکھ سکے!
انسان ان نعمتوں پر اترائے لیکن اپنے جسم و جاں کو اللہ تعالیٰ کا فرماں بردار اور مطیع نہ بنا سکے!
انسان اپنے نفس کو اپنے کنٹرول میں نہ کر سکے بلکہ خود نفس کا غلام بن جائے!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

صحیح مسلم میں ایک بہت خوبصورت حدیث قدسی بیان ہوئی ہے۔ حدیث قدسی درحقیقت رب کریم کی طرف سے اپنے بندوں کے نام نبی رحمتﷺ کے توسط سے خصوصی پیغام ہوتا ہے جس میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ اپنے بندوں سے خود مخاطب ہوتے ہیں۔
اس حدیث کے الفاظ مبارکہ یہ ہیں کہ
ترجمہ: ” ابن آدم کے ہر عمل کا ثواب اس کے لیے دس گنا سے سات سو گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے لیکن اللّٰہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ” روزے کا معاملہ اس سے جدا ہے کیونکہ وہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا۔“
(صحیح مسلم)

روزہ ارکانِ اسلام میں سے تیسرا رکن ہے اور ماہِ رمضان میں ہر مسلمان عاقل، بالغ، تندرست، مقیم مرد و عورت پر فرض ہے جسے بغیر کسی شرعی عذر کے ترک نہیں کیا جا سکتا۔ البتہ مریض اور مسافر اس سے مستثنیٰ ہیں۔ لیکن ان کو اس کی قضا بعد میں ادا کرنا ہو گی۔ حیض و نفاس والی خواتین بھی مریضہ کے حکم میں شامل ہیں۔

قرآن مجید میں ارشادِ ربانی ہے۔
ترجمہ: ” اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے امتوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیز گار بن جاؤ۔“ (البقرة: 183)
اس آیت مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ روزہ گزشتہ تمام امتوں پر فرض رہا ہے اور اب امت محمدیہ کے ہر بالغ مردوعورت پر بھی اس کی ادائیگی لازم ہے۔

اللہ رب العزت کا ارشاد ہے.
ترجمہ: ” تم میں سے کوئی بھی ماہ رمضان کو پائے تو اسے چاہیے کہ وہ اس کے روزے ضرور رکھے۔“
(البقره: 185)

۔۔۔۔۔۔۔۔

ماہ رمضان کیا ہے؟
یہ روزے جیسی عظیم عبادت کا مہینہ ہے!
یہ نزول قرآن اور دیگر آسمانی کتب اور صحائف کے نزول کا مہینہ ہے!
یہ شب قدر جیسی عظیم ترین رات کا مہینہ ہے!
یہ سخاوت اور انفاق فی سبیل اللہ کا مہینہ ہے!
یہ جنت کے دروازے کھلنے اور جہنم کے دروازے بند کرنے کے اسباب کا مہینہ ہے!
یہ رواداری، الفت، مساوات اور مساقات کا مہینہ ہے!
یہ زندگانی میں تبدیلی اور انقلاب کا مہینہ ہے!

ماہ رمضان، جس کے روزے رکھنے کی ہمیں تاکید کی گئی ہے، اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی جناب میں بہت اہم مہینہ ہے اور اس کی یہ فضیلت واہمیت کوئی اتفاقی امر نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک زبردست تاریخی عمل موجود ہے اور وہ یہ کہ تمام آسمانی کتب ماہِ صیام ہی میں نازل کی گئیں جن میں تورات، زبور، انجیل اور قرآن مجید شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتے ہیں کہ
ترجمہ: ” رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن پاک نازل کیا گیا جو تمام لوگوں کے لیے ہدایت ہے، راہِ حق دکھانے والی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی کتاب ہے۔ “ (البقرة: 185)

پھر مزید وضاحت ہوتی ہے۔
ترجمہ: ” ہم نے اس قرآن کو لیلۃالقدر میں نازل فرمایا ہے۔“ (القدر:1)

یہ لیلۃالقدر کیا ہے؟
اور آپ کیا جانیں کہ یہ کیا ہے؟
یہ ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے!
اس رات میں بہت سے فرشتے اور فرشتوں کا سردار فرشتہ جبرائیل امین (روح الامین اور روح القدس کا لقب پانے والا) رب العالمین کا ہر حکم لے کر روئے زمین پر نازل ہوتے ہیں!
یہ رات سراسر سلامتی ہے!
اس رات میں بنی نوع انسان کی بہتری کے لیے اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن پاک کا ہدایت نامہ نازل فرمایا تھا!
اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے نزول سے جو احسان کیا، وہ یقیناً ہزار ماہ میں بھی سر انجام نہیں پایا تھا!

روزے کی غیر معمولی فضیلت واہمیت کیوں؟
سوال یہ ہے کہ روزے کی یہ غیر معمولی فضیلت واہمیت کیوں ہے؟
اس کی وجہ بھی اسی حدیث قدسی میں بیان کر دی گئی ہے کہ
ترجمہ: ” روزہ دار میرے لیے اپنی خواہشاتِ نفس اور کھانے پینے کو چھوڑ دیتا ہے۔“ (صحیح مسلم)

دراصل بات یہ ہےکہ دوسری تمام نیکیاں انسان کسی نہ کسی ظاہری فعل سے ادا کرتاہے لیکن روزہ کسی ظاہری فعل سے ادا نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک ایسا مخفی عمل ہے جو فقط انسان اور اس کے رب کے درمیان ہوتا ہے اور اسی بنا پر اس میں ریا کاری کا امکان نہیں ہوتا کہ وہ اللّٰہ کو کسی طور دھوکہ نہیں دے سکتا۔ اس کے علاوہ، روزہ دار کھانے پینے اور شہوانی خواہشات سے بے نیازی اختیار کر کے اپنے اندر ملائکہ کی صفات پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لہٰذا وہ ﷲ کو محبوب ہوتا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالٰی نے فرمایا :
الصوم لی و انا اجزی بہ (صحیح مسلم)

مراد یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ روزے کی بے حد و حساب جزا دیں گے۔ جتنے گہرے جذبے اور اخلاص کے ساتھ انسان روزہ رکھے گا، جتنا تقویٰ اختیار کرے گا، روزے سے روحانی و دینی فوائد حاصل کرے گا اور پھر بعد میں بھی ان فوائد کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا تو اللّٰہ رب العزت کے ہاں اس کی جزا بڑھتی چلی جائےگی۔

ایک حدیث میں روزے کی فضیلت اور اس کا ثواب یوں بیان کیا گیا ہے۔
ترجمہ: ” جس نے اللّٰہ پر ایمان رکھتے ہوئے رمضان کے روزے محض ثواب سمجھ کر رکھے، اس کے پہلے سب گناہ بخش دیئے گئے۔“ (صحیح بخاری)
اسی حدیث میں مزید بیان کیا گیا ہے کہ
ترجمہ: ” جس نے اللّٰہ پر ایمان رکھتے ہوئے رمضان کی راتوں کا قیام محض ثواب سمجھ کر کیا، اس کے پہلے سب گناہ بخش دیے گئے۔“ (صحیح بخاری)

کیا ہماری نماز، کیا روزہ
بخش دینے کے سو بہانے ہیں

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں۔ آپ نے فرمایاکہ ” جب کوئی شخص بھول کر (روزہ میں) کھالے یا پی لے تو وہ اپنا روزہ پورا کرے، اس کو اللہ نے کھلایا اور پلایا ہے۔“ ( صحیح بخاری: 1812)

حضرت نعمان بن ابی عیاش ابوسعید خدری سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ آپ فرماتے تھے کہ ” بےشک جو شخص اللہ کی راہ میں ایک دن بھی روزہ رکھے، اللہ اس کو دوزخ سے ستر برس کی مسافت کے برابر دور کر دیتا ہے۔“ (صحیح بخاری: 104)

ارشادِ نبویﷺ ہے کہ:
ترجمہ: ” روزہ (دنیا میں گناہوں اور آخرت میں جہنم سے بچانے والی) ڈھال ہے۔ جیسے تم میں سے کسی شخص کے پاس لڑائی کی ڈھال ہو۔“ (سنن نسائی: 2230 ،2231)

ایک اور حدیث کے مطابق:
” جس شخص نے کسی روزہ دار کو روزہ افطار کروایا تو اس کو روزے دار جتنا ہی اجر و ثواب ملے گا بغیر اس کے کہ روزے دار کے اپنے اجر میں کوئی کمی واقع ہو۔“(سنن ترمذی)

روزے رکھواؤ، کھلواؤ ، جنت پاؤ
بندہ تو دو وقت کا کھانا ڈھونڈ رہا ہے

روزہ سحری و افطاری میں صرف رنگارنگ کھانے پکانے اور کھانے کا نام نہیں ہے۔ روزہ
رکھ کر اپنے اردگرد کے لوگوں پر بھی توجہ رہنی چاہیے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کے گھر میں کھانوں کی فراوانی ہو، طرح طرح کے پکوان بن رہے ہوں اور ان کی خوشبو غریب ہمسایوں کے لیے آزمائش بن جاتی ہو۔

کہیں روزے پہ روزے صرف پانی پی کے کھلتے ہیں
کہیں بس نام پہ روزوں کے، افطاری کی باتیں ہیں

ایک موقع پر نبی کریمﷺ نے فرمایا:
ترجمہ: ” روزہ دار کے لیے دو مسرتیں ہیں۔ ایک افطار کے وقت حاصل ہوتی ہے اور دوسری اپنے رب سے ملاقات کے وقت حاصل ہوگی۔اور روزہ دار کے منہ کی بو اللہ عزوجل کے ہاں مشک کی خوشبو سے زیادہ پاکیزہ (خوشبودار) ہے۔“(صحیح مسلم: 213)

حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ” رسول اکرم ﷺ سب سے زیادہ سخی تھے اور خاص طور پر رمضان میں، جب جبرائیل آپ ﷺ سے ملتے تو آپ ﷺ سب لوگوں سے زیادہ سخی ہوتے تھے اور جبرائیل آپﷺ سے رمضان کی ہر رات میں ملتے اور قرآن کا دور کرتے۔ نبی علیہ الصلاۃ و السلامﷺ بھلائی پہنچانے میں ٹھنڈی ہوا سے بھی زیادہ سخی تھے۔“ (صحیح بخاری: 5)

حضرت سہل رضی اللہ عنہ نبی اکرمﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺنے فرمایا کہ ” جنت میں ایک دروازہ ہے جس کو ’ ریان ‘ کہتے ہیں۔ قیامت کے دن اس دروازے سے روزے دار ہی داخل ہوں گے، کوئی دوسرا داخل نہ ہوگا۔ کہا جائے گا کہ ’ روزہ دار کہاں ہیں؟ ‘ وہ لوگ کھڑے ہوں گےاور اس دروازہ سے ان کے سوا کوئی داخل نہ ہو سکے گا۔ جب وہ داخل ہو جائیں گے تو وہ دروازہ بند ہو جائے گا اور اس میں کوئی داخل نہ ہوگا۔“(صحیح بخاری: 1778)

رمضان نیکیوں کا موسم بہار!
رمضان کیا ہے؟
یہ نیکیوں کا موسمِ بہار ہے!
جس میں نیکیاں اس طرح بڑھتی اور پھلتی پھولتی ہیں جس طرح موسمِ بہار میں سبزہ!
اس کے آنے پر جنت سجا دی جاتی ہے اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں!
ہر نفل کا ثواب ایک فرض کے برابر کر دیا جاتاہے!
اور ہر فرض کا ثواب ستر گناہ بڑھا دیا جاتا ہے!
اور ایک پکارنے والا فرشتہ پکار کر کہتا ہے کہ
ترجمہ: ” اے بھلائی کے طالب! آگے بڑھ
اور اے برائی کے طالب! پیچھے ہٹ جا۔“
(سنن ترمذی، سنن ابن ماجہ)

نبی کریمﷺ کا فرمان ہے کہ
” اگر کوئی فرد رمضان کا روزہ بغیر کسی شرعی عذر کے چھوڑ دے، وہ بعد میں اگر ساری عمر بھی مسلسل روزے رکھتا رہے، تب بھی وہ رمضان کے روزے کی فضیلت کو نہیں پا سکتا۔“

اور اگر کوئی بغیر شرعی عذر کے روزہ توڑ دے تو اس کو کفارے کے طور پر ایک غلام آزاد کرنا ہو گا یا دو ماہ کے مسلسل روزے رکھنے ہوں گے یا پھر ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا مناسب کھانا کھلانا ہو گا۔ (صحیح مسلم)

ایک دفعہ نبی اکرم ﷺ اپنے منبر کی دوسری سیڑھی پر چڑھے تو جبریل امین آئے اور کہا ” اے اللّٰہ کے رسول ﷺ! اس شخص پر اللّٰہ کی لعنت ہو جس کی زندگی میں رمضان المبارک کا مہینہ آیا اور اس نے باوجود صحت و تندرستی کے روزہ نہ رکھا۔“ آپ ﷺ نے فرمایا ” آمین! “

نہایت بد نصیب ہے وہ شخص جس نے اتنا بابرکت مہینہ پایا مگر کمزوری و لاغری کا خود ساختہ بہانہ کر کے روزہ نہ رکھا!!!
پھر وہ نہ صرف رمضان کی ہر خیر و برکت سے محروم رہا!!!
بلکہ جبریل امین اور نبی رحمتﷺ دونوں کی بددعا کا مستحق بھی بن گیا!!!

طلبہ و طالبات کے لیے مشکل پڑھائی اور امتحانات کے بہانے، لوگوں کے لیے کمزوری اور ناتوانی کے بہانے، جاب کرنے والوں کے لیے سخت محنت و مشقت والی جاب اور دیہاڑی مزدوری کے بہانے وغیرہ سامنے آتے ہیں۔ اور یہ لوگ پھر روزے نہیں رکھتے۔
یہ سب دین سے دوری کا نتیجہ ہے کہ انہیں رمضان اور روزوں کی عظمت و فضیلت کا احساس نہیں ہوتا۔

ربِّ کائنات کے حضور استدعا ہے کہ وہ ہم سب کو رمضان کے ثمرات سے فیض یاب ہونے، نیکیوں اور بھلائیوں میں اضافہ کرنے اور اپنے مقرب و صالح بندوں میں شامل ہونے کی سعادت سے بہرہ مند فرمائے۔ آمین ثم آمین۔ یارب العالمین!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

4 پر “دور فتن میں رمضان ، نیکیوں کا موسم بہار!” جوابات

  1. احمد Avatar
    احمد

    ماشاء اللہ بہت خوب

  2. احمد Avatar
    احمد

    رمضان المبارک کے حوالے سے بہت پیاری، تفصیلی اور معلوماتی تحریر ہے.

  3. طاہر Avatar
    طاہر

    Great, informative and effective Article

  4. طاہر Avatar
    طاہر

    May Allah bless us with barakaat
    of Ramzan
    Aameen