باحجاب ماں بیٹی کے ساتھ گفتگو کررہی ہے

کھانے میں خوشی ، محبت اور دل لگانے سے ذائقہ پیدا ہوتا ہے لیکن کیسے ؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

نگہت حسین :

امی !۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کسی بہت ہی گہری سوچ اور حیرانی کی آمیزش کے ساتھ سوال تھا کہ کھانا پکانے میں خوشی، محبت اور دل لگانے سے کیسے ذائقہ آتا ہے جب کہ ذائقہ تو چیزوں کا ہوتا ہے؟
لیکن ٹھہریے پہلے اس سوال کا پس منظر جان لیں !

کافی دنوں سے فرمائشی پروگرام جاری تھا میں آٹھ سال کی ہوگئی ہوں ، مجھے کسٹرڈ بنانے دیں۔
کل کسٹرڈ بنانے کے لیے کھڑا کر دیا کہ چلو !ہم بتاتے جاتے ہیں آپ بناتی جائو۔

مرحلہ وار طریقہ بتاتے گئے کہ دودھ چینی اور کسٹرڈ پاؤڈر کس حساب سے مکس کرنا ہے، بچی کرتی گئی۔
چمچ ہلانے کے ساتھ ساتھ بتاتے گئے کہ دیکھو ! اب سب سے پہلے تو بہت خوش ہو کر بنانا ہے تا کہ اس میں خوشی کا ذائقہ بھی شامل ہو جائے اور یہ سوچو کہ یہ کس کے لیے بن رہا ہے ،کون کھائے گا تاکہ محبت کی مٹھاس بھی شامل ہو جائے اور دعا کرتی جاؤ کہ اللہ تعالی اس کو مزیدار بنا دیجیے تاکہ اس میں دعا کی طاقت بھی جائے ۔

بچی تھوڑا حیران ہوئی کہنے لگی : چینی سے میٹھا ہوگا نا امی ! بالکل ہوگا لیکن محبت سے ذائقہ آئے گا۔
بچی کا کھلا ہوا چہرہ اور دلچسپی دیکھ کر یہ بھی بتا دیا کہ ہماری امی کہتی تھیں کہ جتنا دل لگا کر کھانا بناتے اتنا ہی ذائقہ آتا ہے۔ اس لیے اللہ کا نام ذکر اور خوشی محبت سب کو شامل کرنا ہوتا ہے کھانے میں۔ پھر مزے کا بنتا ہے۔ کیا پتہ تھا کہ بچی کی سوچ کی سوئی ادھر ہی اٹک جائے گی۔

اب رات سونے سے پہلے سوال سامنے تھا ! یعنی اس وقت لوہا گرم تھا۔ بچی خود ہی کچھ سننے اور سمجھنے کو تیار تھی۔
فوراً خیالوں کی کمر کس لی اور کہا یہ جو موبائل ہے ، اس میں سگنل کہاں سے آتے ہیں ؟ جھٹ بولی کہ اس کے ٹاور لگے ہوتے وہ ویوز بھیجتے ہیں۔ شاباش ! شاباش!

کہا ہم بھی موبائل کے ٹاور کی طرح ہیں۔ ہماری بھی ویوز ہیں، جو ہمارے ہر کام اور ہر چیز کو مل رہی ہوتی ہیں۔
اب ذرا سوچو ہماری کون کون سی ویوز ہوسکتی ہیں ؟

ذرا سوچنے کا موقع دیا تو خود ہی کہنے لگی کہ جیسے کسی کو غصہ آتا ہے تو اس کی وجہ سے بہت سے لوگ ناراض ہوجاتے ہیں۔
یہ بات! بس ہم خوش ،اچھے ،سچے ، محبت کرنے والے اللہ کے دوست تو ہماری ویوز بھی ایسی چاروں طرف پھیل جائیں گی ، ہرچیز میں ان کا اثر آئے گا۔اسی طرح کھانے میں بھی آئے گا۔اب کل کوئی چیز غصے میں بے دلی سے بنا کر دیکھ لینا ۔ایسا پانی بھی مزیدار نہیں ہوتا ہے۔بندہ اسے بھی چھوڑ دیتا ہے۔

بچی ہنس پڑی۔ ہم نے پوچھا کہ اب بتاؤ مزیدار کھانا کیسے بنتا ہے؟ کہنے لگی کہ آپ نے اس ترکیب میں روحانی چیزیں بھی شامل کروائی ہیں تبھی ذائقہ آئے گا ۔ مرچ مسالے چینی سے ذائقہ نہیں آتا ہے۔
آپ بھی بتائیں بھلا مزایدار کھانا کیسے بنتا ہے؟


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں