مارچ 2021 میں منعقدہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے گرما گرمی اپنے عروج کی طرف بڑھ رہی ہے۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور دو بڑی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی خفیہ حکمت عملیاں ترتیب دے چکی ہیں۔ انھوں نے پتے ایک دوسرے سے چھپا کر رکھے ہوئے ہیں۔ ہر ایک کی خواہش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرے۔
ان میں سے کون اپنی حکمت عملی میں کامیاب ہوتا ہے، ظاہر ہے کہ اس سوال کا جواب آنے والے وقت کے پاس ہی ہے، جو ایک ماہ کے اندر اندر ساری دنیا پر آشکار ہوجائے گا۔ تاہم سردست ان سینیٹرز کا جائزہ لیتے ہیں جو مارچ 2021 میں ریٹائرڈ ہورہے ہیں، ان میں متعدد اہم نام بھی شامل ہیں۔
مثلاً مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر( سینیٹ) راجہ ظفرالحق ، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا ( پیپلزپارٹی ) ، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق ، مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر مشاہد اللہ خان ، وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز ، سابق وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید ( مسلم لیگ ن)، پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان ، سابق وزیرداخلہ رحمان ملک ( پیپلزپارٹی ) ، سابق وزیرقانون فاروق ایچ نائیک ( پیپلزپارٹی )۔ ایم کیوایم کی خوش بخت شجاعت، میاں عتیق شیخ ، بیرسٹر محمد علی سیف اور نگہت مرزا بھی ریٹائرڈ ہونے والوں میں شامل ہیں۔
پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے عثمان کاکڑ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطاالرحمن (مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی) اور مولانا عبدالغفور حیدری کی مدت بھی مارچ میں پوری ہورہی ہے۔
دیگر ریٹائرہونے والوں میں مسلم لیگ ن کے آغا شہباز درانی ، عائشہ رضا فاروق، چوہدری تنویر خان ، اسد اشرف ، غوث محمد نیازی ، کلثوم پروین ، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل صلاح الدین ترمذی ، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم ، جاوید عباسی ، نجمہ حمید ، پروفیسر ساجد میر ، راحلیہ مگسی ، سلیم ضیا اور سردار یعقوب خان ناصر،
پیپلزپارٹی کی سسی پلیجو ، اسلام الدین شیخ ، گیان چند ، یوسف بادینی ، تحریک انصاف کے ریٹائرڈ بریگیڈئر جان کینتھ ولیمز ،لیاقت ترکئی ، ثمینہ سعید اور ذیشان خانزادہ ، ایم کیو ایم کی نگہت مرزا ، بلوچستان عوامی پارٹی کے سرفراز بگتی ، منظور احمد اور خالد بزنجو ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی گل بشرا ، نیشنل پارٹی کے اشوک کمار اور میر کبیرشاہی ، بلوچستان نیشل پارٹی (مینگل) کے ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی ، جبکہ آزاد ارکان میں اورنگ زیب خان ، مومن خان آفریدی، سجاد حسین طوری اور تاج محمد آفریدی بھی چھ سات مدت پوری کرلیں گے۔