آصفہ عنبرین قاضی :
ایکسکیوز می ، سیل کہاں لگی ہے؟
جی یہ سامنے سب سیل ہے ۔
اور آگ کہاں لگی ہے؟
جی؟
میرا مطلب ہے ” New Arrival “
اوپر سب نیو ورائٹی ہے ، آپ دیکھ سکتی ہیں ۔
مجھے سیل میں شوز دکھائیے
یہ لیجیے ، بتائیں کون سے نکال دوں
اس پر تو %13 سیل ہے؟ باہر %45 لکھا ہے۔
جی %Up to 45 ہے وہ،
مطلب its up to you…. جتنا مرضی لگا دیں؟
چلیں مجھے %near to 45 دکھا دیجیے ۔ بورڈ تو آپ نے ایسے لگائے جیسے مفت دے رہے ہوں۔
یہ لیجیے ۔۔۔ لیکن اس پہ چالیس پرسنٹ ہے ۔۔۔
آپ نے کبھی چکن کی دکان دیکھی ہے؟
جی ! کیوں؟ ( شرمندہ سی مسکراہٹ)
دور سے لکھا نظر آتا ہے چکن 150 روپے کلو، لینے جائیں تو وہ پوٹا کلیجی ہوتا ہے۔ آپ تو پوٹا کلیجی کو بون لیس کہہ کے بیچ رہے ہیں ۔
نہیں میم ، عوام کے لیے ہی سیل لگاتے ہیں ۔
عوام کے لیے سیل اور کمپنی کے لیے ریل پیل؟ آپ نکے نکے قصائی ہیں ۔۔۔
اصل میں سیل والے آئٹم بک گئے ہیں میم
تو بورڈ کیوں نہیں ہٹائے؟ یا ہر آنے والے کو یہی کہتے ہیں
(خاموشی )
یہ آف وائٹ میں دکھائیے ،یہ اچھا ہے، اس میں 38 سائز دیں۔
36 میں پڑا ہے ، وہ نکال دوں؟
میں نے جوتا ہاتھ میں نہیں پکڑنا ۔۔۔ پہننا ہے ۔
سوری اس سائز میں نہیں ہے ، آپ 38 میں یہ بلیک والا لیجیے ، اس میں ہر سائز مل جائے گا آپ کو ۔
یہ اتنا ہی اچھا ہوتا تو ہر سائز میں پڑا ہی کیوں ہوتا، رہنے دیجیے ۔
یہ پنک بہت اچھا لگ رہا ہے ، فٹ بھی ہے، میچ ہو رہا ہے
میں اب آپ کی پسند کا جوتا لوں ؟
نہیں ، آپ کو بتا رہا تھا کہ یہ کلر اچھا ہے ۔
آپ کے پاس کلر بلائنڈ کسٹمر آتے ہیں ؟ جن کو آپ بتاتے ہیں کہ یہ کلر اچھا ہے اور یہ بُرا،
سوری ، اچھا یہ پیک کر دوں؟
اس پہ تین قیمتیں کیوں لکھی ہوئی ہیں؟
یہ سیل میں ہے میم۔
اس کی قیمت 3 ہزار تھی ، جس پر آپ نے چار ہزار کا اسٹیکر لگا کر کراس کا نشان لگایا اور چونتیس سو کر دیا۔۔۔ یہ ہے 45% سیل؟؟
جی یہ تو کمپنی کرتی ہے، ہم کیا کریں
مینجر صاحب کہاں ہیں آپ کے؟
وہ کائونٹر پر بیٹھے ہیں۔۔۔
نہیں، وہ نماز پڑھنے گئے ہیں
پونے تین بجے کون سی نماز ہوتی ہے ، کفارہ ادا کرنے گئے ہوں گے۔
آپ نے جوتے نہیں لینے ؟
نہیں ، میں گھر سے پہن کے آئی تھی۔ شکریہ