علامہ اقبال ، فیض احمد فیض

علامہ اقبال کو demolish کرنے کا حکم ماننے سے فیض احمد فیض کا انکار

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

محمود الحسن :

ترقی پسند تحریک جس زمانے میں زوروں پر تھی، اس نے علامہ اقبال کو نشانے پر رکھ لیا اور انھیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کسی نے انھیں فاشسٹ قرار دیا تو کسی کو وہ اقتدار پرست لگے ۔ کسی نے فرمایا کہ ان کی شاعری بے عملی اور بے حرکتی کی طرف لے جاتی ہے ۔ جتنے منہ اتنی باتیں۔

فیض کے بقول، 1949 میں اقبال کو باقاعدہ demolish کرنے کا حکم صادر ہوا کیونکہ وہ ترقی پسندوں کی کسوٹی پر پورا نہیں اترتے تھے۔ فیض کا رویہ اپنے انتہا پسند نظریاتی ساتھیوں سے مختلف تھا، وہ ان کی لائن پر چلنے کو تیار نہ تھے۔

وہ اقبال کے خلاف مہم کا حصہ، اول تو اس لیے نہ بنے کہ وہ اسے انتہا پسندی سمجھتے تھے، دوسرے وہ اقبال کے ادبی مرتبہ کا صحیح فہم رکھتے تھے۔ ترقی پسندوں کی طرف سے اقبال کو گرانے کی کوششوں پر فیض اس قدر برافروختہ ہوئے کہ انھوں نے انجمن ترقی پسند مصنفین کے اجلاس میں جانا چھوڑ دیا۔
فیض کے بقول:

’’ ۔ ۔ ۔ پھر ایک روز مظہر علی خان کے گیراج میں انجمن کی میٹنگ ہوئی ۔ صفدر میر صدر تھے ۔ قاسمی صاحب نے علامہ اقبال کے خلاف ایک بھرپور مقالہ پڑھا۔ ہمیں بہت رنج اور صدمہ ہوا۔ ہم نے اعتراض کیا کہ یہ کیا تماشا ہے۔ آپ لوگ کیا کررہے ہیں۔ یہ تو سکہ بند قسم کی بے معنی انتہا پسندی ہے۔ ہماری نہ مانی گئی ۔ ہم بہت دل برداشتہ ہوئے ۔ اس کے بعد ہم انجمن کی محفلوں میں شریک نہیں ہوئے اور صرف پاکستان ٹائمز چلاتے رہے۔ ‘‘

علامہ اقبال کے بارے میں فیض احمد فیض کی نظم
۔۔۔۔۔۔۔

آیا ہمارے دیس میں اک خوش نوا فقیر
آیا اور اپنی دھن میں غزل خواں گزر گیا

سنسان راہیں خلق سے آباد ہو گئیں
ویران مے کدوں کا نصیبہ سنور گیا

تھیں چند ہی نگاہیں جو اس تک پہنچ سکیں
پر اس کا گیت سب کے دلوں میں اتر گیا

اب دور جا چکا ہے وہ شاہ گدانما
اور پھر سے اپنے دیس کی راہیں اداس ہیں

چند اک کو یاد ہے کوئی اس کی ادائے خاص
دو اک نگاہیں چند عزیزوں کے پاس ہیں

پر اس کا گیت سب کے دلوں میں مقیم ہے
اور اس کے لے سے سیکڑوں لذت شناس ہیں

اس گیت کے تمام محاسن ہیں لازوال
اس کا وفور اس کا خروش اس کا سوز و ساز

یہ گیت مثل شعلۂ جوالہ تند و تیز
اس کی لپک سے باد فنا کا جگر گداز

جیسے چراغ وحشت صرصر سے بے خطر
یا شمع بزم صبح کی آمد سے بے خبر


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “علامہ اقبال کو demolish کرنے کا حکم ماننے سے فیض احمد فیض کا انکار”

  1. Zubada Raouf Avatar
    Zubada Raouf

    Thank you sir, for sharing a beautiful
    writing. No doubt it’s a treasure for the lovers of Faiz and Iqbal
    May Allah bless upon them.