با حجاب خاتون

مجھے پردہ کرکے کیا حاصل ہوا ؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عائشہ حمید :

اسلام دین فطرت ہے. اوراس کا کوئی بھی حکم حکمت اور مصلحت سے خالی نہیں ہوتا. خوش قسمتی سے میں نے ایک ایسے گھرانے میں آنکھ کھولی جہاں پردہ روایتی طور پر موجود تھا لیکن جوں جوں شعور بیدار ہوتا گیا اس کی اہمیت اور افادیت کا اندازہ ہوتا گیا.

پہلے تو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پردہ کوئی پابندی نہیں ہے یہ اللہ کی مسلمان خواتین پر خاص رحمت ہے جو ان کے اپنے فائدے کے لئے ہے.

آج معاشرہ بہت سے اخلاقی مسائل کا شکار ہے. گھروں میں انتشار ہے. باہر نکلنے والی عورتوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے. بچیاں اور بچے بھی محفوظ نہیں. یہاں تک کہ بنے بنائے گھر ان کی لپیٹ میں آچکے ہیں.

گھر سے باہر نکلنے والے افراد کے لئے گناہ کے محرکات خواہ وہ مرد ہوں یا خواتین اتنے بڑھ چکے ہیں کہ بظاہر ان کا تدارک ممکن نہیں لگتا. ہم ان مسائل کو دیکھتے ہیں شائد کچھ حد تک ان سے واقف بھی ہیں پر اسے ہماری چشم پوشی کہیے یا نادانی ہم ان کے حل کی طرف آنا نہیں چاہتے یا ویسی کوشش کر نہیں پاتے جو ضروری ہے.

میڈیا کی عام لوگوں تک غیر ضروری رسائی نے وہ طوفان برپا کیاکہ بے حیائی پر قابو پانا مشکل ہو گیا. باقی مسائل یوں بھی بڑھے عورتوں اور مردوں کا مناسب فاصلہ نہ رہا. ہر شخص کا انفرادی طور پر درست ہونا تو ضروری ہے ہی مگر آپ ہر شخص کو درست نہیں کر سکتے کیونکہ اس معاشرے میں خیر اور شر رہتی دنیا تک ہی رہیں گے تو پھراجتماعی طور پر ایسا کیا کیا جائے کہ اس شر سے محفوظ رہا جا سکے۔

اللہ نے عورتوں کو خاص بنایا ہے. اور ان کی حفاظت کے لئے بہت سے حفاظتی حصار بنائے۔ پہلےعورت کو پردے اور پھر اس کے محرم محافظوں کے سپرد کیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکے. پردہ آپ کی طرف اٹھنے والی ہر بری نگاہ سے آپ کو محفوظ کر دیتا ہے. اور اللہ کے اس وعدے کو میں نے خود آزمایا کہ پردے میں رہنے والی خاتون ستائی نہیں جاتی.

یاد رہے کہ اسلام عورتوں کے شعور اور تعلیم کے خلاف نہیں میں نے اپنی تمام زندگی میں یہ دیکھا کہ میں نے تعلیم حاصل کی، جاب بھی کی. گھر کی بھی کئی ضروریات پوری کرتی ہوں۔ بچوں کو لانے لےجانے کی ذمےداری بھی اٹھاتی ہوں لیکن ان کاموں میں پردہ کبھی رکاوٹ نہیں بنا اور نہ ہی اتنے سالوں میں کسی غیر اخلاقی حرکت کاسامنا کرنا پڑا کہ

اللہ کا وعدہ ہمیشہ سچا ہی ہوتا ہے. اس لئے میں سمجھتی ہوں کہ پردہ نہ صرف عورت کی ضرورت ہے بلکہ اس کا تحفظ بھی ہے اور اللہ کی رحمت کاباعث بھی ہے.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں