خودکلامی / زبیر منصوری
مدد کی ضرورت صرف انہیں ہے جو بیمار ہیں؟
یا جنہیں غذا میسر نہیں
یا جن کے پاس راشن نہیں
یا اسکول فیس اور کتابیں نہیں؟
یا جو سسک سسک کر جی رہے ہیں، سیلاب اور قحط میں گِھر گئے ہیں؟
کیا وہ سب آپ کی نفسیاتی و جذباتی مدد کے محتاج نہیں جنہیں زندگی میں ٹھیک گائیڈنس اور رہنمائی دینے والا کوئی نہیں ؟
جن کے ذہنی قحط اور سیلاب بے مقصدیت کا کوئی فکر کرنے والا نہیں ؟
جو سوچ سوچ کر نفسیاتی مریض ہو رہے ہیں مگر کوئی ان کو حوصلہ امید اور راستہ دکھانے والا نہیں؟
جنہیں تھوڑی سی کائونسلنگ ، ایک تھپکی ، تھوڑی سی توجہ معمولی سی مدد سے اٹھا کر کھڑا کیا جا سکتا ہے انہیں کچھ دیر پاس بٹھا کر شفقت سے انہیں خود انہیں سے ملوا کر بتایا جا سکتا ہے کہ تم تو بہت شاندار ہو، حوصلہ مند ہو، ٹیلنٹڈ ہو، بہت کچھ کر سکتے ہو، آگے بڑھ سکتے ہو۔
پھر انہیں بنیادی رہنمائی اور تھوڑی بہت مدد کے ذریعہ ٹھیک ٹریک پہ ڈالا جا سکتا ہے۔
یہ لوگ اگر ہاتھ پھیلا کر راشن کے لئے لائنیں لگا کر مانگ نہیں سکتے تو کیا اس امت اور اس کی مخلص این جی اووز کے پاس ان کے درد کا کوئی علاج نہیں؟
ہم سوچ رہے ہیں کہ
ملک بھر میں 1000 ” فری ڈرائنگ روم کائونسلنگ سینٹرز “کے آئیڈیے پر کام کریں۔ بات کرنے کا سلیقہ رکھنے والے عام خواتین و حضرات کو آمادہ کریں کہ وہ دن بھر میں ایک دو گھنٹے اپنے ہی گھر کے ڈرائنگ روم کو کاونسلنگ سینٹر بنا ڈالیں باہر ایک بینر لگا دیں اس وقت میں وہ نوجوانوں کو سن کر رہنمائی فراہم کرنا شروع کریں
یہ رہنمائی کیا ہو گی؟ اسے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے کچھ دوست تیار کریں اور ویڈیوز کی شکل میں ٹریننگز کسی کامن پوائنٹ پر اپ لوڈ کر دیں جہاں سے کوئی بھی کائونسلر حاصل کر کے اس کے مطابق گائیڈ کر سکتا ہو۔
یہ سرٹیفائیڈ کائونسلرز ہماری بہنیں بھی ہو سکتی ہیں اور بھائی بھی جو اللہ کے رسول کی امت کے ان پھولوں سے محبت رکھتا ہو، اپنے وقت کا صدقہ دے سکتا ہو، شفقت سے ان کا دکھ سن سکتا ہو، انہیں اچھا مشورہ دے سکتا ہو۔
جسے ضرورت ہو اسے خود یا کسی اردگرد موجود ذریعہ سے جو جتنی جیسے مدد دلوا سکتا ہو جو مسلسل ان نوجوانوں سے رابطہ رکھ کر انہیں اللہ اور رسول ص سے جوڑ سکتا ہو
جو یہ سمجھ سکتا ہو کہ ضرورتیں صرف مادی ہی نہیں ہوتیں جذباتی و نفسیاتی بھی ہوتی ہیں۔ زخم صرف وہ نہیں ہوتے جو نظر آتے ہیں۔
جو سمجھ سکتے ہوں کہ یہ نسل زخمی ہے اور مرہم آپ کے پاس
جو کان اور کندھا فراہم کر سکتے ہوں
جو یہ ثابت کر سکتے ہوں زندگی میں ہر چیز بس پیسے کے عوض ہی نہیں ملتی بلکہ درخت کا سایہ ، دریا کا پانی، سورج کی روشنی، آکسیجن اور بہت کچھ کی طرح وہ بھی کسی دوسرے کے لئے بلا معاوضہ حاضر ہیں۔
ایسے کچھ لوگوں کی تلاش میں ہوں جو اس خیر کے کام کے لئے وقت توانائی صلاحیت وسائل یا کم ازکم ایک شئیر ہی کر کے ساتھ دے سکیں۔
وہ آپ بھی ہو سکتے ہیں کوئی اور بھی۔
مجھے یقین ہےاللہ ملوائے گا انشااللہ