ماہرین صحت جڑی بوٹیوں میں ’ادرک‘ کے بے شمار فوائد بیان کرتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ادرک کی طبی افادیت کے نت نئے پرت کھل رہےہیں۔ ادرک کو قدرتی مرکبات کا بے بہا خزانہ سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین اسے روز کی خوراک اور ہر گھر کے دستر خوان پر اس کی موجودگی کی تجویز پیش کرتے ہیں۔
ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ادرک دماغ کو ترو تازہ رکھنے اور قوت حافظہ کے حوالےسے بہترین ٹانک ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ ادرک کو روز مرہ کی خوراک میں شامل کیا جانا چاہیے۔
تھائی لیںڈ میں کی جانے والی تحقیق میں 60 خواتین کی خوراک میں ادرک شامل کی گئی۔ انہیں مسلسل کئی روز تک ادرک کا عرق کھانے میں دیا گیا۔ اس کے نتیجے میں ان کی قوت حافظہ بہتر ہوئی اور دماغ کو تازگی ملی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک کے استعمال سے دماغ کو تازہ آکسیجن ملتی ہے اور حس ادراک کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک دماغ کو تازہ رکھتی اور بڑھاپے کی وجہ بننے والے خلیات کو روکتی ہے۔ یہ سردرد کا بھی شافی علاج ہے۔ طلباء کے لیے اسے ایک بہترین اور مفید دماغی ٹانک کا درجہ حاصل ہے۔