پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے معروف ترک ڈرامے ”دیریلیش ارطغرل“ جسے اردو میں ترجمہ کرکے ”ارطغرل غازی“ کے نام سے چلایا جا رہا ہے، کے شائقین کو عید پر تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے۔ 24 مئی تک اس ڈرامے کی 30 اقساط نشر کی جا چکی تھیں۔
”ارطغرل غازی“ نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے تھے، اسےپہلے 20 دنوں میں یو ٹیوب پر21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ اب تک اسے 30 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔ دوسرے الفاظ میں اسے روزانہ ایک کروڑ بار دیکھا جاتا ہے۔
اب پی ٹی وی نے ’ارطغرل غازی‘ کے شائقین کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈراما کے شائقین کو عید پر ایک منفرد تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی وی ہوم کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے تینوں دن ’ارطغرل غازی‘ ہر روز شام 6 بجے سے لے کر رات 10 بجے تک نشر کیا جائے گا۔
پی ٹی وی کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے کیے گئے اعلان کے مطابق عید کے تینوں دن ڈرامے کو بیک وقت 4 گھنٹے تک نشر کیا جائے گا اور اس دوران ڈرامے کی نشر کی گئی قسطوں کا خلاصہ پیش کیا جائے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ عید کے تینوں دن ڈرامے کی اب تک نشر ہونے والی 30 اقساط کی سمری کو پیش کیا جائے گا۔ یہ تحفہ خصوصی طور پر ان شائقین کے لیے ہوگا جنہوں نے درمیان میں کسی مصروفیت کی وجہ سے ”ارطغرل غازی“ کی قسط نہیں دیکھی ہوگی۔