کورونا کی مریض خاتون، غذا

کورونا کے مریض اپنا وقت کیسے گزاریں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ڈاکٹر آصف محمود جاہ (ستارہ امتیاز):
کورونا کے نظر نہ آنے والے وائرس نے بڑے بڑے سورماؤں اور سپر پاورز کو زیرکردیا ہے۔ دُنیا بھر کے نوبل یافتہ اور جغادری ڈاکٹر، سائنس دان، کیمسٹ، فارماسسٹ کورونا کے زہر کا تدارک ڈھونڈنے میں لگے ہوئے ہیں۔کورونا کی دہشت اور وائرس سے ایک طرف تو لوگ مر رہے ہیں۔ دوسری طرف دُنیا بھر کے کروڑوں انسان گھروں میں نظر بندہوکر ذہنی طور پر مفلوج ہوچکے ہیں۔

گھروں میں بند رہنے سے نفسیاتی، معاشرتی اور ذہنی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔گھروں میں رہنے والوں کے درمیان قربتیں بڑھنے کے بجائے ذہنی طور پر دوریاں زیادہ ہو رہی ہیں۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ کورونا کی آمد کے بعد چین میں بے شمار طلاقیں ہوچکی ہیں،گھریلو تشدد میں اضافہ ہورہا ہے، خاتون خانہ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوچکا ہے، نتیجتاً کئی خواتین ذہنی اور جسمانی طور پر بیمار ہو گئی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے باعث معاشرتی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ بے روزگار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پرائیویٹ نوکریاں کرنے والوں کی ابھی تک مالکان نے مارچ کی تنخواہ نہیں دی اور اگر لاک ڈاؤن ماہ اپریل کے آخر تک جاتا ہے تو پھر اپریل کی تنخواہ بھی نہیں ملے گی۔ غریب لو گ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ اگرچہ غریبوں کی شنوائی کے لیے بہت ساری فلاحی تنظیمیں مصروف عمل ہیں۔

الخدمت، اخوت، کاوش ویلفیئر فاؤنڈیشن، سیلانی اور ہماری تنظیم ’کسٹمز ہیلتھ کئیر سوسائٹی‘ غریبوں کی داد رسی کر رہی ہے۔کسٹمز ہیلتھ کیئر سوسائٹی نے ملک بھر میں مختلف جگہوں پر دو ہزار سے زیادہ غریب خاندانوں میں راشن پہنچایا ہے۔ پاکستان میں خیر کا جذبہ بہت ہے۔ کئی مخیر حضرات اپنے طور پر غریبوں اور بے روز گاروں کی مدد کررہے ہیں، روزانہ ہزاروں دیگیں پکوا کر غریبوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان کا احساس پروگرام بھی شروع ہو گیاہے جس کے تحت غریبوں میں بارہ بارہ ہزار روپے نقد تقسیم کیے جارہے ہیں۔ یہ وقت قربانی اور ایثار کا وقت ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ انشاء اللہ ایک دوسرے کی مدد کر کے ہم اس مشکل گھڑی سے نکل آئیں گے اور مصیبت کا یہ وقت گزر جائے گا۔

ضروری ہے کہ اس مشکل وقت میں اپنے آپ کو قابو میں رکھیں۔ اللہ پہ توکل کریں، اللہ سے لو لگائیں، اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔ زیادہ سے زیادہ وقت ذکرو اذکار، قرآن پاک کی تلاوت میں گزاریں۔ اگر آپ نے اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے تو پھر پریشان ہونے کی بجائے اپنا وقت مثبت سرگرمیوں میں گزاریں۔ متوازن غذا کھائیں۔

روزانہ وقت گزارنے کا ایک شیڈول بنائیں اور اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ انشاء اللہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ اگر خدانخواستہ کسی کا ٹیسٹ مثبت بھی آگیا ہے تو گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے لاکھوں لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس بیماری سے صرف 2 فیصد لوگ مختلف وجوہات کے باعث موت کا شکار ہوتے ہیں۔

قرنطینہ میں رہتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ آپ متوازن خوراک لیں۔ اگر آپ ہائی بلڈ پریشر، ذیابطیس، فالج یا گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں تو ڈاکٹر کے مشورہ سے جو ادویات لے رہے ہیں، انھیں باقاعدگی سے استعمال کرتے رہیں۔ اگر ٹیسٹ Positive آ بھی گیا ہے تو آپ نے اپنی دواؤں کو نہیں چھوڑنا اور احتیاط بہت زیادہ کر نی ہے۔ دوائیں باقاعدگی سے استعمال کریں۔انشاء اللہ آپ اپنی قوت ارادی کے بل بوتے پر اس بیماری پر قابو پالیں گے۔

قرنطینہ میں سادہ مگر متوازن غذا لیں۔15 دنوں کے لیے روزانہ اپنا ایک ٹائم ٹیبل بنائیں۔فجر کے وقت اٹھیں، وضو کریں، نہار منہ چار گلاس نیم گرم پانی پئیں۔ اس کے ساتھ دو چمچ زیتون کا تیل پی لیں، معدے اور گردوں کی صفائی ہوجائے گی۔ آپ کے پھیپھڑوں (Lungs) اور دل کو تقویت ملے گی۔

فجر کی نماز کے بعد تلاوت کریں۔ کمرے کے اندر ہلکی Walk یا ورزش کریں۔ صبح سات بجے آپ نے دو گلاس سٹرابری کا ملک شیک لیناہے۔ وائرس انفیکشن کے دوران زیادہ سے زیادہ پینے والی چیزوں کا ستعمال ضروری ہوتاہے کیونکہ ان سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے بعد ناشتہ کریں۔ ناشتے میں جو کا دلیہ، ساگودانہ یا انڈا سلائس وغیرہ لے سکتے ہیں۔ دھی کا استعمال بھی مفید ہے۔ ناشتے میں تازہ پھلوں کا استعمال بھی قوتِ مدافعت بڑھاتا ہے۔ ناشتے کے بعد غسل فرمائیں، لباس تبدیل کریں، قرآن پاک کی تلاوت کریں، کسی کتاب کا مطالعہ کریں۔ 10 بجے آپ ایک کپ چائے یا لیمن گراس قہوہ لے سکتے ہیں۔

اس دوران آپ وقتاً فوقتاً نیم گرم پانی کا استعمال کرسکتے ہیں۔ اسی اثناء میں دوپہر کا وقت ہو جائے گا۔ ظہر کی نماز ادا کریں۔ اللہ سے خوب باتیں کریں۔ اس کے بعد دوپہر کا کھانا لیں۔ کھانے میں متوازن غذا ضروری ہے۔ دو چپاتیوں کے ساتھ ایک سالن کی پلیٹ لیں۔ سلاد کا استعمال ضروری ہے۔

سالن میں گوشت بھی لے سکتے ہیں اور سبزیاں بھی۔ دن میں ایک بار چاول بھی لے سکتے ہیں۔ عصر کی نماز ادا کریں۔ کچھ دیر ذکرواذکار میں گزاریں۔ تیسرا کلمہ، درود شریف اور استغفار کی تسبیح کریں۔ عصر کے بعد آپ دو گلاس نمکین لسی، شکر شربت، تخم ملنگاں شربت وغیرہ لے سکتے ہیں۔ مغرب کی نماز ادا کریں۔ اللہ سے پھر دُعا کریں۔ ذکرواذکار میں وقت گزاریں۔

رات کا کھانا آپ نے سونے سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل کھانا ہے۔ رات کے کھانے میں چپاتی بھی لے سکتے ہیں یا چاول / بریانی کی ایک پلیٹ دھی اور سلاد کے ساتھ۔ سلاد کا استعمال ضروری ہے۔ ایک سیب دو کیلے بھی لے سکتے ہیں۔ سونے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ ایک کپ گرم دودھ میں دو چمچ Olive Oil دو چمچ شہد اور ایک چمچ ہلدی ڈال کر ضرور لینا ہے۔ روزانہ لنچ اور ڈنر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ کھانے میں مرچ اور نمک کا استعمال کم سے کم کریں۔ مرغن غذاؤں سے مکمل پرہیز کریں۔ ٹھنڈے پانی اور کولا ڈرنکس کا استعمال بالکل نہ کریں۔ گھی اور تیل کا استعمال بھی کم سے کم کریں۔

رسول ﷺ نے فرمایا کہ صدقہ بلاؤں اور بیماریوں کو ٹالتا ہے۔ صدقہ کرنے سے آپ بلاؤں، حادثات اور آفتوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ کرونا کا ٹیسٹ پازیٹو ہونے کی صورت میں مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں۔ انشاء اللہ آپ چند دنوں میں شفا ملے گی۔

٭سب سے پہلے یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ ہر بیماری کا علاج ہے اور شفاء اللہ تعالیٰ نے دینی ہے۔
٭صدقہ بلا کو ٹالتا ہے۔ جب دوا کار گر نہ ہو تو پھر ”صدقہ“ دینا شروع کریں۔ صدقہ دینے سے پہلے اچھی طرح وضو کریں اور دو رکعت نماز صلوٰۃ الحاجات پڑھ کرعاجزی وانکساری سے اللہ تعالیٰ سے دُعا مانگیں اور صدقے کے لیے رقم نکال لیں۔ یہ عمل روزانہ کرنا ہے۔

ہر دوسرے دن صدقے کے پیسے پہلے دن سے ڈبل کرتے جائیں۔ یعنی پہلے دن دَس، دوسرے دن بیس، تیسرے دن چالیس اور چوتھے دن اسی، اسی طرح پندرہ دن تک عمل جاری رکھیں۔سات دن کی رقم اکھٹی ہو جائے تو صدقہ کردیں۔ صدقہ روزانہ بھی کسی کو دے سکتے ہیں۔

٭اس دوران علاج کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے شفاء کی امید رکھیں۔ لمبی اور جان لیوا بیماری کی صورت میں یہ عمل چھ ماہ تک ہر مہینے چاند کی پہلی تاریخ سے دس تاریخ تک کریں اور مختصر بیماری کی صورت میں انشاء اللہ یہ عمل 15 دن یا ایک ماہ کرنا ہی کافی ہے۔

٭دکھوں، تکالیف، ناگہانی آفتوں اور حادثات سے بچنے کے لیے بھی یہ عمل کافی کار گر ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ صدقہ چاہے کتنا ہی کم ہوحادثات اور ناگہانی آفتوں سے بچنے کا تیر بہدف نسخہ ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں