پاکستان بھارت کے پرچموں سے مزین دو مکے

پاکستان ، بھارت جنگ امکانات کیا ہیں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

بشریٰ نواز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم نے جب سے آنکھ کھولی ہے، پاکستان میں سکون کم دیکھا ہے اور انتشار زیادہ۔ آئے روز سرحدوں پرگولہ باری۔ کبھی لائن آف کنٹرول پر، کبھی پاک افغان بارڈر پر اور کبھی پاکستان بھارت کی سرحد پر۔

پاکستان اور ہندوستان اب تک دوبڑی جنگیں لڑ چکے ہیں، شاید اب فائنل رائونڈ کی تیاری ہے۔ اللہ پاک رحم فرمائے جنگیں کون سا مسائل کا حل ہوا کرتی ہیں ۔ ہمارے خال میں تو جنگ ٹلتی نظر نہیں آرہی۔ اس وقت چاروں طرف کے حالات یہی عندیہ دے رہے ہیں۔ اللہ کریم ہی بہتر جانتے ہیں۔

عسکری تجزیہ نگاروں کی تحریروں کا مطالعہ کرنے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اس جنگ کا بہت پہلے منصوبہ بنالیاگیاتھا، بس! حالات کی موافقت کا انتظار تھا۔ اب چونکہ عالمی دہشت گردوں نے پاکستان میں موجود اپنے سہولت کاروں کے ساتھ مل کر ملک کو اس حد تک کمزور کردیا ہے کہ جنگ کا خطرہ نظر واضح نظرآنے لگا ہے۔ اس کے دیگراسباب کیا ہیں:

اول: پاکستان کی معیشت کو خاص پلاننگ کے تحت کمزور کردیا گیا۔

دوم: الیکشن 2018 کے بعد لولی لنگڑی جمہوریت معرض وجود میں آئی جو کوئی بھی قانون سازی نہیں کرسکتی۔۔۔ قومی اسمبلی ہو یا صوبائی، یہاں ایک سال کے دوران میں سوائے فساد کے کچھ نہ ہوسکا۔

سوم: پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی مراسم جن میں CPEC قابل ذکر ہے۔ امریکا، اسرائیل، ہندوستان اور کچھ اپنے مسلمان بھائی بھی اس منصوبے کے چھپے ہوئے مخالف ہیں۔

چہارم : ہندوستان میں ہندو انتہا پسندوں کی حکومت جن کا ماٹو ہی ہندوستان سے مسلمانوں کو نکالنا ہے۔

پنجم: پاکستان کے پاس ہندوستان کے ساتھ جنگ کا ایک ہی جواز ہے اور وہ ہے کشمیر جس پر بھارت کا قبضہ ہے۔ پاکستان کے پاس بھی کشمیر کا کچھ حصہ ہے جس کی ایک آزادانہ حیثیت ہے۔ اب جبکہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی آزادانہ حثیت ختم کردی ہے، اس نے پچاس سے زائد روز سے اس کا محاصرہ کر رکھا۔ یہ تصادم کی بڑی وجہ ثابت ہوگا، ہندوستان سپریم کورٹ نے بھی کمزور سا آرڈر پاس کیا ہے اور اپنی فوج کو موقع دیا ہے کہ کچھ کرسکتے ہو تو کر لو۔

ششم : یوں تو ہر ملک میں کچھ نہ کچھ دشمن قوتوں کے آلہ کار ہوتے ہیں لیکن اس معاملے میں پاکستان کافی "زرخیز” ثابت ہوا ہے ، بھارت کے تابع داروں کی بڑی تعداد یہاں‌ موجود ہے۔

ہفتم: پاکستان میں مختلف مکاتب فکر کے لوگ بستے ہیں۔ ہم سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے، فرقہ واریت سے جس قدر ہوسکے دور رہناچاہئے کیونکہ یہ سب سے خطرناک بیماری ہے۔

ہشتم : اپوزیشن کا لانگ مارچ، ایک ایسے وقت میں ہونے جارہاہے جب دشمن پوری طرح حملے کے لیے تیار ہے۔

کبھی کبھی ہم پریشان ہو جاتے ہیں کہ کوڑے کی فصل کی اس قدر زیادہ آبیاری ہوئی، اس کے مقاصد کیا تھے؟

آنے والے دنوں میں حالات کسی اچھی سمت جائیں، مشکل محسوس ہوتاہے۔ جنگ کے خدشات بہت زیادہ ہیں اللہ پاک سے دعا ہے کہ پاکستان کو شر انگیز اور ملک دشمن قوتوں سے محفوظ رکھے۔ آمین
ہم اس ملک کے باسی ہیں۔ ہمیں ہی اس مٹی کا قرض ہر طرح سے ادا کرنا ہے ، قلم سے، زبان سے یا پھر ہتھیار سے۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں