ہشام سرور۔۔۔۔۔
سوال یہ ہے کہ فری لانس مارکیٹوں میں کتنے طریقوں سے فری لانسنگ کی جاسکتی ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس کے دو طریقے ہیں۔ ایک روایتی ہے اور دوسری ہے غیر روایتی۔
اب میں اسے زیادہ تفصیل سے بیان کروں گا۔ یہ اقسام بھی میں نے خود ہی متعین کی ہیں۔ بہت سے بلاگرز نے بھی روایتی اور غیر روایتی فری لانس مارکیٹ پلیسز کے بارے میں لکھا ہے۔
روایتی طریقہ کار یہ ہے کہ کام دینے والا آتا ہے اور پراجیکٹ پوسٹ کرتا ہے۔ آپ ایک فری لانسر کی حیثیت سے اس پر بولی لگاتے یعنی Bid کرتے ہیں۔ کام دینے والا آپ کا پروفائل اور آپ کی بولی اور بولی کے اندر آپ کے جواب کو دیکھ کر آپ کے ساتھ بات چیت شروع کرتا ہے۔
اگر آپ دونوں میں ذہنی ہم آہنگی قائم ہوگئی تو آپ کو وہ پراجیکٹ دیدیا جاتا ہے۔ جب آپ پراجیکٹ مکمل کرتے ہیں تو کام دینے والا آپ کے پراجیکٹ کی تکمیل پرآپ کو معاوضہ دیدیتا ہے۔
دوسرا طریقہ آج سے چند سال پہلے ایک فری لانس مارکیٹ پلیس جس کا نام ہے فائیور ڈاٹ کام، نے متعارف کرایا۔ اور وہ کافی کامیاب رہا۔
روایتی فری لانس مارکیٹیں
اس وقت سب سے بڑی مارکیٹ پلیس ‘اپ ورک'(Upwork) ہے۔ سب سے پہلے فری لانس مارکیٹ پلیس ای لانس تھی، پھر اس کا نام تبدیل ہوا، اور ‘او ڈیسک’ رکھاگیا۔ پھر دو بڑی فری لانس مارکیٹوں کا انضمام ہوا اور وہ ‘اپ ورک’ بن گئیں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق Upwork پر ایک دن میں مختلف شعبوں کے 200 سے زائد پراجیکٹ پوسٹ ہوتے ہیں۔
دوسری روایتی فری لانس مارکیٹ فری لانسر ڈاٹ کام( Freelancer.com) ہے۔اس کا نام ہی ایسا ہے کہ انسان کو نام سنتے ہی اس کا تعارف ہوجاتا ہے۔ اگر آپ گوگل(Google) کریں تو اس کا نام سب سے اوپر نظرآتا ہے۔ یہ بھی بہت بڑی ویب سائٹ ہے جہاں روزانہ بے تحاشا تعداد میں پراجیکٹ پوسٹ ہوتے ہیں۔
تیسری فری لانس مارکیٹ پلیس ‘گرو ڈاٹ کام'( guru.com) ہے۔ اس پر بھی لاکھوں کی تعداد میں پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ یہی وہ ویب سائٹ ہے جہاں میں نے 15 سال اپنی خدمات سرانجام دیں۔ میں نے نہ صرف اپنا نام روشن کیا بلکہ اپنے ملک پاکستان کانام بھی روشن کیا۔ الحمدللہ دس لاکھ ڈالر کمائے۔
اسی طرح مزید بہت سی روایتی فری لانس مارکیٹ پلیسز ہیں جہاں کوئی اپنا پراجیکٹ پوسٹ کرتا ہے اور فری لانسر Bid کرتے ہیں۔
غیرروایتی فری لانس مارکیٹ پلیس
یہاں لوگ اپنے پیکجز رکھتے ہیں۔ کام دینے والا بندہ آکر اس فری لانسر کی ویڈیوز، قیمت اور ایکسٹرا آفرز دیکھتا ہے، انھیں انویسٹی گیٹ کرنے کے بعد آپ کی خدمات حاصل کرلیتا ہے۔
اس کے بعد طے پانے والا پیسہ Escrow میں رہتا ہے، جب آپ کام مکمل کرلیتے ہیں اور وہ مالک کو دیدیتے ہیں تو وہ پیسہ آپ کے اکائونٹ میں منتقل کردیتا ہے۔
Escrow کا مطلب ہے کہ آپ کا معاوضہ مارکیٹ پلیس میں رہتا ہے ، اس طرح دونوں پارٹیوں کے مفادات کو تحفظ مل جاتا ہے۔ نہ کام کروانے والا دھوکہ کرسکتا ہے اور نہ ہی کام کرنے والا۔
اب آپ اپنے مزاج کے مطابق دیکھئے کہ آپ کس طرح کی فری لانس مارکیٹ میں اپنی خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں۔ اگر آپ میری پسند جاننا چاہتے ہیں تو میں گرو ڈاٹ کام پر کام کررہاہوں۔ یہ ایک روایتی فری لانس مارکیٹ پے۔ مجھےیہاں کام کرنا زیادہ آسان محسوس ہوتا ہے۔