مدثر محمود سالار۔۔۔۔۔۔
صبح نو بجے تھے، میں کیفے سے ناشتہ لیتے ہوئے محسوس کررہا تھا کہ ہر طرف خاموشی ہے، کوئی سلام دعا نہیں کررہا۔ سب چپ چاپ اپنے اپنے کاموں میں مگن ہیں اور یہ منظر میرے لیے خلافِ معمول تھا۔
میں ناشتہ لےکر ڈائننگ ہال کی طرف بڑھا تو دیکھا کہ فلم کی شوٹنگ چل رہی ہے، اس لیے سب خاموش ہیں اور ہال میں چند لوگ بیٹھے ہیں اور ہر طرف کیمرے لگے ہوئے ہیں۔ میں تھوڑا جھنجھلایا کہ یہ کیا تماشہ ہے۔ اب میں ناشتہ کہاں بیٹھ کر کروں؟
میں نے ادھر ادھر دیکھتے ہوئےایک بندے سے اشارے میں پوچھا کہ کیا میں اندر بیٹھ کے ناشتہ کرلوں؟ اس نے اشارے میں ہی کہا کہ جائو مگر چپ رہنا۔ میں اندر جاکر بیٹھا ناشتہ کررہا تھا تو محسوس ہوا کہ سب کولیگز آ کر مجھے دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں۔
میں ناشتہ کرکے واپس گیا تو سب نے گھیر لیا کہ اندر شوٹنگ چل رہی تھی، تم وہاں بیچ میں کیسے جاکے بیٹھ گئے؟ میں نے کہا: بابا کون سا جرم کردیا؟ میں کہاں بیٹھ کر ناشتہ کرتا؟
پھر سب نے بتایا کہ اصل میں تم بہت خوش قسمت ہو جو وہاں بیٹھے تھے۔ استفسار کیا کہ اب یہ کون سی خوش قسمتی ہے جناب؟
جواب ملا کہ تمہاری ساتھ والی میز پر ہالی ووڈ کا بہت بڑا سٹار بیٹھا تھا۔ مابدولت نے پوچھا اچھا اس کا نام کیا تھا؟
نام بتایا گیا اور میری لاعلمی پر افسوس کیا گیا کہ اس کے نام اور چہرے سے نامانوس ہوں اور اس کی کوئی فلم بھی نہیں دیکھی تم نے۔
یہ واقعہ سنانے کی وجہ یہ ہے کہ ایک معروف پاکستانی یوٹیوبر کی ایک وڈیو سامنے آئی ہے۔ موصوف مشورے دے رہے ہیں کہ خواب دیکھو اور پھر انھیں پورا کرنے کی کوشش کرو وغیرہ وغیرہ۔ اب آپ کو میں بتاتا ہوں دو ہزار ایک میں ایک گلوکار کا گانا سنا تھا اور آج اٹھارہ سال بعد ایک یورپی ملک میں اسے لائیو سننے آیا ہوں اور میرا خواب پورا ہوا کہ اسے لائیو سن سکوں۔
لاحول ولا قوة الا باللہ العظیم۔ اب ہمارے نوجوانوں کے یہی خواب رہ گئے ہیں کہ کسی سنگر اور فلم سٹار کو ملنا اور سننا؟ مجھے افسوس ہوا کہ موصوف کوئی عملی کام اور خواب دکھانے کے بجائے کس فضول کام کی ترغیب دے رہے ہیں۔
آپ گانے سنتے ہیں یہ آپ کا ذاتی شوق ہے مگر آپ لوگوں کو موٹی ویٹ کرنے کے لیے یہ بھونڈی مثال سناتے ہیں تو آپ احمق ہیں۔ آپ کی یوٹیوب پر بھاری بھرکم فین فالونگ ہے تو بھی آپ کی ہر حماقت کو معاشرہ قبول نہیں کرسکتا،
گلوکاروں اور فنکاروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے آپ کچھ ایسا کریں کہ یہ نامور فن کار آپ سے ملنا اعزاز سمجھیں۔ ایسے خواب دیکھیں اور پورے کریں جن سے آپ بھی مستفید ہوں اور انسانیت بھی۔