کینسر کی آٹھ سالہ مریضہ کا بڑا کارنامہ

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

الیگزینڈرا الیکس سکاٹ1996ء میں پیدا ہوئی۔ اس بچی کی عمر ابھی ایک سال بھی نہیں ہوئی تھی کہ وہ ایک بیماری ’نیوروبلاسٹوما‘ میں مبتلا ہوگئی ۔ یہ بچوں کو ہونے والا کینسر ہوتاہے۔ کینسر کی یہ قسم دماغ میں پیغام پہنچانے والے اعصاب کو متاثرکرتی ہے۔ ڈاکٹروں نے بچی کے والدین سے کہاکہ اگربچی نے کینسر کو شکست دے دی تب بھی وہ ساری زندگی چلنے پھرنے سے معذور رہے گی۔تاہم الیکس نے ڈاکٹرکی بات کو غلط ثابت کرنے کے لئے اپنی دوسری برتھ ڈے کے موقع پر کھڑی ہونے کی کوشش کی اور اپنے اندر اس قدر قوت مجتمع کرلی کہ وہ چل سکے۔
اگلے ایک سال کے دوران الیکس کے ٹیومرز نے دوبارہ بڑھناشروع کردیا۔ اور سن 2000ء میں، چوتھی برتھ ڈے سے محض ایک روز قبل اس کا سٹیم سیل ٹرانسپلانٹ ہوا۔ اس روز اس نے اپنی امّی سے کہا کہ جب وہ ہسپتال سے ڈسچارج ہوگی تو سکنجبین سٹینڈ لگائے گی۔اس طرح وہ لوگوں سے چندہ اکٹھا کرے گی اور ڈاکٹر کو دے گی تاکہ وہ اس بیماری کا صحیح علاج تلاش کرسکے۔ الیکس نے اپنی بات کو سچ ثابت کردکھایا، اس نے سکنجبین سٹینڈ لگایا۔ اس روز اس نے اپنے ہسپتال کے لئے 2000 ڈالرز کا چندہ اکٹھا کیا۔
یہ اس کی شاندار کامیابی تھی۔ الیکس نے آنے والے کئی مہینوں تک سکنجبین سٹینڈ لگانے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران وہ کینسر سے جنگ بھی لڑتی رہی۔ جب یہ خبردنیا میں عام ہوناشروع ہوئی کہ یہ غیرمعمولی بچی دوسرے بیمار بچوں کی مدد کرناچاہتی ہے تو دنیابھر کے لوگ اس کے عزم اور کام سے بہت متاثر ہوئے۔ انھوں نے اس قدرچندہ دیا کہ پھر ایک روز ’’الیکسز لیمنیڈ سٹینڈ فاؤنڈیشن ‘‘نام کا ایک ادارہ قائم ہوگیا۔ اگلے برسوں میں بھی الیکس نے سکنجبین کا سٹینڈ لگائے رکھا۔نتیجتاً اس نے 10لاکھ ڈالرز کینسر ریسرچ کے لئے جمع کرلئے۔ اگست2004ء میں ، محض 8برس کی عمر میں اس کا انتقال ہوگیا۔
الیکس کے انتقال کے بعد اس کے والدین اور تین بھائیوں نے ’’الیکسز لیمنیڈ سٹینڈ فاؤنڈیشن‘‘ کو آگے بڑھایا۔ اب یہ فاؤنڈیشن تمام کینسر زدہ بچوں کی خدمت میں لگی ہوئی ہے۔ اس میں بچے بھی شامل ہیں اور بڑے بھی۔ اب پورے ملک میں 8000سکنجبین سٹینڈ لگائے جاتے ہیں۔ تنظیم ہر سال ماہ جون کے ویک اینڈز کو ’’لیمنیڈ ڈیز‘‘(Lemonade Days) کے طور پر مناتی ہے۔ سب کے سب الیکس کی طرح کینسر کے خلاف بھرپور جذبے سے سرشار ہوتے ہیں۔ فاؤنڈیشن والے کہتے ہیں کہ یہ سکنجبین سٹینڈز دنیابھر کے لوگوں کے لئے ایک موثرپیغام ہیں کہ اس دنیا کا ہرفرد تبدیلی لاسکتاہے۔ہرسٹینڈپر کھڑے رضاکار جہاں فنڈریزنگ کرتے ہیں، وہاں وہ بچوں کے کینسر کے بارے میں شعور عام کرتے ہیں، اس کے اسباب سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہیں، اس کے علاج کی بابت آگاہ کرتے ہیں۔اسی طرح یہ فنڈریزنگ بچوں کے کینسر کے بارے میں مزید ریسرچ پر بھی استعمال ہورہی ہے


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں