عبیداعوان۔۔۔۔۔۔
میںپاکستان کے سب سے کامیاب فری لانسر ہشام سرور کا ایک لیکچر سن رہاتھا۔ وہ کہہ رہے تھے کہ زندگی میں کامیاب ہونے کے لئے پانچ اہم کلیدی فیکٹرز کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ بات انھوںنے اپنے استاد سے سیکھی تھی، ہشام سرور کے مطابق انھوں نے مجھے یہ باتیں بتائیں اور پھر یہ وعدہ بھی لیاتھا کہ آپ انھیں بار بار پڑھو گے۔
یہ پانچ فیکٹرز زندگی کے ہرشعبے میں کام کردکھاتے ہیں۔ آپ انھیں آج اختیارکرلیں اور کل ان کے نتیجے میں کامیابیوں کا ظہورہوتے دیکھیں۔
اول: وژن
سب سے پہلے آپ کا ایک وژن ہونا چاہئے۔ اگر آپ کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں ہے تو پھر آپ کو معلوم نہیں ہوگا کہ آپ اپنی منزل تک کیسے پہنچیں گے۔ اس لئے آپ کا ایک وژن ضرور ہونا چاہئے۔ اگر آپ زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو یہ سب سے اہم چیز ہے۔ بالخصوص فری لانسرز کے لئے جو ایک مفرد راستے پر سفر کرناچاہتے ہیں۔
دوم: بڑی سوچ
وژن اور بڑی سوچ ، اگر یہ نہیں ہوگی تو آپ زندگی میں کبھی کسی بڑے مقام تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ میرا ایک وژن تھا کہ میں اپنا ملازم آپ ہوں گا۔ میں ایک فری لانسر بنوں گا۔
اس وژن کے ساتھ میں نے ایک بڑی سوچ رکھی تھی کہ نہ صرف میں دنیا میں اپنا نام نمایاں کروں گا بلکہ اپنے نام کے ساتھ اپنے ملک کا پرچم بھی بلند کروں گا۔ ایک انگریزی کا مقولہ ہے، جس کا مفہوم کچھ یوںہے کہ جب آپ چاند پر جانے کی بڑی سوچ رکھتے ہیں تو پھر آپ ستارے پر پہنچ ہی جائیں گے۔
سوم:منفی لوگوں کو نظراندازکریں
یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو آپ کو ہمیشہ نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیشہ آپ کا حوصلہ توڑتے ہیں، کہتے ہیں کہ” نہیں، یہ تمہارے بس کا کام نہیں ہے۔ تم سے پہلے کس نے فری لانسرز کی تھی، کمپیوٹر پر تو صرف گیمز کھیلی جاتی ہیں۔
پندرہ برس قبل اس قسم کی باتیں سننے کو ملتی تھیں۔ اب حالات بدل گئے ہیں، اب سننے کو ملتا ہے کہ گھر سے باہر نکلو، نوکری کرو، کمپیوٹر کے میدان میں پہلے ہی بہت زیادہ لوگ آچکے ہیں۔ بھارت، چین، فلپائن، بنگلہ دیش، یہ ممالک کمپیوٹر کی دنیا میں اس قدر زیادہ انوویشن لے آئے ہیں کہ اب تمہارا تو کوئی چانس ہی نہیں ہے۔
ایسی باتیں ہیں جو آپ کو ہرمقام پر، ہرپلیٹ فارم پر ملیں گے۔ ان کا کام ہے آپ کی ہمت اور حوصلہ توڑنا۔ اس لئے اپنی زندگی میں سے ان منفی لوگوں کو نکال دیجئے۔
چہارم: سخت محنت
دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوئے ہیں،جنھوں نے اپنے آپ کو گھڑی کے مطابق چلایا۔ وقت کے ساتھ آپ کی پابندی اسی قدرضروری ہے جتنی ایک مسلمان کی زبانی کمٹمنٹ۔ جب آپ وقت کے پابند ہوجاتے ہیں تواللہ تعالیٰ آپ کے کام میں برکت عطافرماتے ہیں۔
آپ یہ طے کرلیں کہ میں نے دن کا اتنے فیصد حصہ پوری ڈیڈیکیشن کے ساتھ کام کرناہے۔ ایمرجنسی کال کے علاوہ کوئی فون نہیں سنوںگا،سوشل نیٹ ورک استعمال نہیں کروں گا،یوٹیوب کا ذرا سا بھی استعمال نہیں کروںگا، میں صرف اپنے کام کے ساتھ پکا رہوںگا۔
سخت محنت کا یہ خفیہ فارمولا آپ کی زندگی کے لئے وہاں سے کامیابیاں پیداکرتاہے جہاں سے آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔
پنجم: اپنے معاشرے کو فائدہ پہنچائیں
اللہ تعالیٰ آپ کو جب کوئی مقام عطافرماتاہے تو آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنا علم یا پیسہ یا تجربہ استعمال کرکے اپنے معاشرے کو فائدہ پہنچائیں۔ اگرپیسہ نہیں دے سکتے تو کوئی بات نہیں لیکن علم اور تجربہ تو دے سکتے ہیں نا!