عظمیٰ صغیر۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خوشیوں کے رنگ ہر سو بکھرے ہوئےہیں، مہندی کی خوشبو ، چوڑیوں کی کھنکھناہٹ، کہیں زرق برق ملبوس لباس اور پکوانوں کی خوش بو رچی ہے۔ عید کے رنگوں میں ہر کوئی مگن ہے اور کیوں نہ ہو، عید تو نام ہی خوشیوں کا ہے جب بات خوشیاں بانٹنے کی ہو توعید کے چٹ پٹے کھانے اور عید کی خاص الخاص سوئیوں کو کیسے بھولا جاسکتا ہے؟ اس عید پر اپنے عزیز واقارب کے لیے لذّت سے بھر پور پکوان بنا کر عید کی خوشیاں دوبالاکریں۔
حیدرآبادی دم کا قیمہ
اجزا: کالے چنے دوکھانے کے چمچے ،بھنے ہوئے خشخاش ایک کھانے کا چمچہ،سفید اور کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ،چھوٹی الائچی سات سےآٹھ عدد ،لونگ چار سے پانچ عدد،کالی مرچ چھ سےسات عدد ،بیف کا قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)،دہی ایک پائو ،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ،کچاپپیتا پسا ہوادو کھانے کے چمچے ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ، ،ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد،گرم مسالہ پسا ہواایک چائے کا چمچہ،لیموں کا رس دو چائے کے چمچے، پودینہ ایک گٹھی، تیل حسبِ ضرورت
ترکیب: گرائینڈر میں کالے چنے ،خشخاش ،سفید زیرہ،کالا زیرہ،چھوٹی الائچی ،لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں ۔پھر ایک پیالی میں لال مرچ ،کچا پپیتا ،ادرک لہسن کا پیسٹ ،پودینہ،ہری مرچ،پسے ہوئے اجزا اور پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرکے فرائی پین میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں ۔قیمہ گل جائے تو اس میں لیموں کارس اور تیل ڈال کر یک جا کرلیں اور چار سے پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔مزیدار حیدرآبادی دم کا قیمہ تیار ہے ۔پودینہ،ہری مرچ اور پیاز سے گارنش کر کے پیش کریں۔
کستوری چکن وائٹ کڑاہی
اجزاء: بون لیس چکن ایک کلو ،بھنا بیسن چار کھانے کے چمچے، مکھن دو کھانے کے چمچے ،گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچہ ،پسی الائچی آدھا چائے کا چمچہ ،سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،لیموں کارس ایک چوتھائی کپ ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، وائٹ کڑاہی مسالہ ،نمک حسبِ ضرورت،بریڈ کرمبز ایک کپ ،بیٹر کے لیے، انڈے دو عدد ،کالا زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، زعفران ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ۔
ترکیب: سب سے پہلے چکن کو بھنے بیسن،مکھن ،گرم مسالہ ،پسی ہری الائچی ،سفید مرچ ،لیموں کا رس ،ادرک لہسن کا پیسٹ ،وائٹ کڑاہی مسالہ اور نمک سے میری نیٹ کرلیں اور فرائی کرنے کے لیے ایک پیالی میں انڈے ،کالا زیرہ اور زعفران ڈال کر بیٹر بنا لیں ۔پھراس کو چکن میں ڈال کر فریش بریڈ کرمبز سے کوٹ کرکے ڈیپ فرائی کرلیں ۔
ڈھابا کڑاہی گوشت
اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو،تیل ایک پیالی ،پیاز ایک عدد ،ٹماٹر دو عدد ،لہسن ادرک پسا ہوا دو کھانے کے چمچے ،نمک حسب ِ ضرورت ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،بھنا کٹاثابت دھنیا اور سفید زیرہ ڈیڑھ کھانے کاچمچہ ،ادرک لمبی باریک کاٹی ہوئی دو کھا نے کے چمچے،کٹی ہوئی کالی مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،ہر ادھنیا سجاوٹ کے لیے ،ایک لیموں کارس ۔
ترکیب : سب سے پہلےتیل گرم کرکے پیاز کو لال کر لیں پھر اس میں مرغی ڈال کر بھونیں جب ہلکی سنہری ہوجائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کردیں اور ہلکا سابھون کر باریک کٹے ٹماٹر ڈال کر اتنا بھونیں کے ٹماٹر گل جائے اور چھلکا نظر نہیں آئے ۔اس کے بعد نمک ،لال مرچ ڈال کر بھنا کٹا دھنیا اور زیرہ ،کٹی ہوئی ادرک اور کالی مرچ ڈال کر یک جا کرلیں اورآخر میں لیموں کا رس ڈال کر دس منٹ ڈھک کر چھوڑ دیں ۔نکالنے سے پہلے ہرا دھنیا ڈال دیں ۔مزیدار ڈھابا کڑاہی تیار ہے ۔
ایرانی تکے
اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو،سوکھی کچری دوعدد ،پیاز چار عدد، دہی ایک پائو،گرم مسالہ تین کھانے کے چمچے ،ثابت سرخ مرچ دس عدد ،سوکھا دھنیا دو کھانے کے چمچے، گھی آدھی پیالی ۔
ترکیب: سب سے پہلے باریک کتریں لال مرچوں کوموٹا موٹا کوٹ لیں، پھر دھنیا پیس لیں اور کچریوں کو بھی کچل لیں ۔اس کے بعد پارچوں کو نمکین پانی سے دھو لیں اور خشک ہونے کے لیے رکھ دیں ۔اب پسی ہوئی سب چیزیں دہی میں ملاکر خشک کیے ہوئے گوشت کے پارچوں پر لگا دیں اور تین سے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں اور سیخوں پر لگا کرکوئلے کی آگ پر سیک لیں۔مزیدار ایرانی تکے تیار ہیں ۔
بریانی
اجزاء: چاول ایک کلو ،چکن ڈیڑھ کلو ،ہری مرچ دس عدد،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،پسی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،ہلدی چوتھائی چائے کا چمچہ،پساہوا دھنیاڈیڑھ چائے کا چمچہ،لونگ چھ عدد،ہری الائچی چھ عدد،پانی دوکپ،پسی جائفل جاوتری چوتھائی چائے کا چمچہ،پسی ہری الائچی چوتھائی چائے کا چمچہ،تیز پتا ایک عدد،دارچینی دوٹکڑے،کالی مرچ دس عد د،کالا زیرہ آدھاچائے کا چمچہ،آلو بخارے آٹھ عدد،گھی آدھاکپ، تلی پیاز ایک کپ،لیموں سلائس ایک عدد،ٹماٹر سلائس ایک عدد،کٹی ہری مرچ چارعدد،دھنیا پودینہ حسبِ ضرورت
ترکیب: پہلے گوشت میں دوکپ پانی ڈال کرلہسن ادرک کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، پسی لال مرچ،ہلدی، لونگ، اور ہری الائچی ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گل جائے اور ایک کپ کے برابر پانی رہ جائے۔ اب اسی پین میں گوشت پرپسی جائفل جاوتری ، پسی ہری الائچی، تیز پتا ، دار چینی، کالی مرچ،لونگ اور کالا زیرہ ڈال دیں۔اب ان پر حسبِ ضرورت ہرادھنیا، پودینہ، ہری مرچ، لیموں، ٹماٹر، آلو بخارے اور دہی کا مکسچر ڈال کراوپر سے آدھا کپ گھی اور تلی پیاز ڈال دیں۔دوسری پتیلی میں چاولوں کو تین کھانے کے چمچےنمک ڈال کرابال لیں یہاں تک کہ وہ آدھے تیار ہوجائیں پھر چاولوں کو چھانتے ہوئے ان میں آدھا کپ پانی بچالیں۔ پھرگوشت چاولوں پر پھیلادیں اورساتھ میں چاولوں کا پانی بھی ڈال دیں۔ اب اسے ڈھک کرتیز آنچ پرپانچ منٹ تک پکائیں اور پھر چولہے کی ہلکی آنچ کر کہ پندرہ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔ مزیدار بریانی تیار ہیں مختلف اقسام کے رائتے اورسلاد کے ساتھ پیش کریں۔
لبِ شیریں
اجزاء: دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی دوکپ، فریش کریم ایک کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلورتین کھانے کے چمچے، لال جیلی ایک پیکٹ، پیلی جیلی ایک پیکٹ، ہری جیلی ایک پیکٹ، ابلی رنگین سوئیاں ایک کپ، آم دو عدد، کیلےچار عدد، سیب تین عدد، انگورایک کپ، آڑوایک عدد، پستے، بادام ایک کپ۔
ترکیب: ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو کارن فلور کو الگ پیالی میں ٹھنڈے دودھ کے ساتھ حل کریں۔ پھر اس مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کرلیں اور اس دوران مسلسل چمچہ چلاتی رہیںاور اتنا پکائیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہوجائے۔ پھر اس کو ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں پھراس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ دیں۔ جیلی کو بناکے جمالیں اور جمنے کے بعد کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔ سارے پھلوں کو چھیل کر کاٹ لیں۔ پھرایک پیالے میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سویاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ پستے، بادام سے سجا کے ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
رس ملائی
اجزاء: خشک دودھ ایک کپ، انڈا پھینٹا ہواایک عدد، تیل تین سے چار کھانے کے چمچے، بیکنگ پاؤڈرآدھا چائے کا چمچہ، دودھ ایک کلو ،چینی ایک کپ، پستہ بادام حسبِ ضرورت ۔
ترکیب: خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پاؤڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح یک جاکرلیں۔جب یک جا ہو جائے تو اس کی بالز بنا لیں۔ پھرایک دیگچی میں دودھ اْبال لیں اور ساتھ ہی چینی شامل کرکے دس سے بارہ منٹ تک پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔ اس کے بعد وہ بالز ڈال دیں۔ پھر ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید چانچ منٹ تک پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔ اب ایک پیالے میں نکال کر پستے، بادام سے گارنش کر لیں اور پیش کریں۔
شیر خرما
اجزاء: سوئیاں چار کپ، دودھ ایک کلو، چھورے سات سے آٹھ عدد باریک کاٹ لیں ، بادام:دس عدد، پستے دس عدد، سیاہ کشمش آدھا کپ، گھی دو کھانے کے چمچے، ہری الائچی چھ عدد، لونگ چارعدد، چینی حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ گرم کریں اور اس میں چینی ملا کے اچھی طرح پکا لیں کہ وہ خوب گاڑھا ہوجائے جب گاڑھا ہوجائے تو اس میں چھورے ڈال کے کچھ دیرمزید پکائیں اور آنچ دھیمی کر دیں۔ دوسرے چولہے پر ایک برتن میں گھی شامل کریں۔ پھر اس میں سبز الائچی اور لونگ شامل کر کے تھوڑی دیر پکائیں کہ خوشبو آنے لگے۔اس کے بعد بادام، پستہ شامل کریں اور انہیں ہلکا سا فرائی کرکے اس مکسچر کو ایک طرف رکھ دیں۔ اب ایک پین لیں اس میں سوئیوں کو ہاتھوں کی مدد سے کچل کر اس میں ڈال کے گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں۔ اب اس میں سیاہ کشمش شامل کریں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔ اس مرکب میں چھوروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، بادام اور پستے شامل کریںاور تھوڑی دیر تک پکائیں کہ سوئیاں اچھی طرح پک جائیں۔ پھر خوشبو کے لیے تھوڑا کیوڑا شامل کر کے بیس منٹ تک پکائیں۔ مزے دار شیر خرما تیار ہیں۔