ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بری شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں عجیب وغریب مناظر دیکھنے کو ملے۔ کوچ اور کپتان کھلاڑیوں سے ناراض پائے گئے۔
کوچ مکی آرتھر کافی دیر تک ڈریسنگ میں خاموش بیٹھے رہے۔ انھوں نے کپتان سرفرازاحمد سے بات کی نہ ہی کسی دوسرے کھلاڑی سے۔
یہی کیفیت کپتان سرفرزاحمد کی بھی تھی، انھوں نے بھی کسی کھلاڑی سے کافی دیر تک بات نہ کی۔ جبکہ ویسٹ انڈیزکے خلاف میچ نہ کھیلنےوالےشعیب ملک ڈریسنگ روم میں خاموش بیٹھے رہے۔
بعدازاں کوچ مکی آرتھرنےبالخصوص بیٹسمینوں سےکہا،غیرذمےداری نہیں چلےگی،انھیں ایسی کارکردگی پربہت مایوسی ہوئی۔ انھوں نے کھلاڑیوں سےکہا،اپنا احتساب کریں۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست پر کہا ہے کہ آج ہمارا برا دن تھا، اگلے میچز میں کم بیک کریں گے۔
ناٹنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 14 ویں اوور میں حاصل کر کے گرین شرٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع کے 10 اوورز میں وکٹیں گنوائی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں پر پریشر بڑھا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہی ٹیم اچھا کرے گی، اس میچ کو بھول کر اگلے میچز میں کم بیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارا بُرا دن تھا، ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن ابھی ہمارے 8 میچز باقی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ ویسٹ انڈیز ہمیں کیسی بولنگ کرے گی لیکن ہم نے غلط شاٹس کھیلے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ آندرے رسل کے اسپیل نے میچ تبدیل کیا لیکن آئندہ میچوں میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔