پاک سوزوکی نے نے پاکستان میں پہلی مرتبہ 660 سی سی انجن سے لیس مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑی آلٹو متعارف کرادی ہے۔
کراچی میں جمعہ کو شروع ہونے والے پاکستان آٹو پارٹس شو کے موقع پر سوزوکی آلٹو 660 سی سی کو متعارف کرایا گیا۔
پاک وہیلز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کی باقاعدہ فروخت تو عام صارفین کے لیے جون میں شروع ہوگی مگر ایونٹ کے دوران اس کی پہلی جھلک پیش کی گئی جو کہ ممکنہ طور پر 3 ورژن سوزوکی آلو وی ایکس (اے سی کے بغیر)، آلٹو وی ایکس آر (اے سی کے ساتھ) اور آلٹو وی ایکس ایل اے جی ایس (اے سی اور آٹو گیئر شفٹ کے ساتھ) میں دستیاب ہوگی۔
پاک سوزوکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایندھن میں بچت دینے کے ساتھ ماڈرن ڈیزائن والی گاڑی ہے جس کے ساتھ کمپنی 3 سالہ وارنٹی دے گی۔
آلٹو وی ایکس میں اے سی، پاور اسٹیئرنگ، پاور ونڈوز اور دیگر فیچرز موجود نہیں ہوں گے جبکہ وی ایکس آر ورژن میں اے سی تو ہوگا مگر دیگر فیچرز کی تصدیق فی الحال نہیں ہوئی۔
اس کے مقابلے میں آلٹو وی ایکس ایل ماڈل میں آٹو گیئر شفٹ اور اینٹی لاک بریکنگ سسٹم موجود ہوگا جبکہ 2 ائیربیگز بھی دیئے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر سوزوکی 660 سی سی آلٹو 2019 کی بکنگ صرف کارپوریٹ صارفین کے لیے کھولی گئی ہے، جو اس گاڑی کو 5 لاکھ روپے میں بک کراسکتے ہیں۔
عام صارفین کے لیے یہ گاڑی جون 2019 میں دستیاب ہوگی اور اس وقت ہی قیمت کا اعلان بھی ہوگا مگر اندازہ ہے کہ یہ ساڑھے 9 لاکھ روپے سے شروع ہوگی اور بارہ لاکھ روپے تک (مختلف ورژن کے مطابق) ہوگی۔
خیال رہے کہ یہ گاڑی سوزوکی جانب سے 800 سی سی مہران کو ختم کرنے کے بعد متعارف کرائی گئی ہے۔