محمد علی۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ میں بلاول بھٹو سے مقابلے کیلئے فاطمہ بھٹو کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ، غنویٰ بھٹو نے ذوالفقار بھٹو جونئیر اور ان کی بہن کو پاکستان میں سیاست میں متعارف کروانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو اور پوتے ذوالفقار بھٹو جونئیر کو سندھ کی سیاست میں متعارف کروانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق غنویٰ بھٹو فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار بھٹو جونئیر کو بلاول کے مقابلے میں سندھ کی سیاست میں متعارف کروانا چاہتی ہیں۔ اس سلسلے میں وہ بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ تاہم فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار بھٹو جونئیر تاحال پاکستان کی سیاست میں حصہ لینے کیلئے راضی نہیں ہوئے۔
دوسری جانب جمعرات کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بلاول جتنی بھی کوشش کر لے وہ بھٹو نہیں بن سکتا۔
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بلاول لاکھ کوششیں کر لے وہ کبھی بھی ذولفقار علی بھٹو نہیں بن سکتا۔ غنویٰ بھٹو کے خطاب کے دوران فاطمہ فاطمہ کے نام کے نعرے لگتے رہے۔
غنویٰ بھٹو بے نظیر بھٹو کے بھائی اور ذولفقار علی بھٹو کے بیٹے مرتضیٰ بھٹو کی بیوہ ہیں اور ان کے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ خاندانی اور سیاسی اختلافات بھی موجود ہیں۔ غنویٰ بھٹو پاکستانی سیاستدان ہیں البتہ مرتضی بھٹو سے شادی سے پہلے وہ لبنان میں رہتی تھیں اور1997 میں انہوں نے نصرت بھٹو کے خلاف الیکشن بھی لڑا تھا جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
غنویٰ بھٹو اور آصف علی زرداری کے اختلافات کے بارے میں کئی بار بات کی گئی ہے لیکن وہ کبھی بھی کھل کر سامنے نہیں آئیں۔ فاطمہ بھٹو غنوی بھٹو کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر ہیں، تاہم ان دنوں وہ لندن میں قیام کیے ہوئے ہیں۔