فوادچوہدری کے خلاف ملک بھر کے صحافیوں نے انتہائی سخت فیصلہ کرلیا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

(نعمت اللہ کاکڑ)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے کوئٹہ اور کراچی کے بعد اسلام آباد و لاہور پریس کلب میں بھی داخلے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔

کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے صحافیوں سے ناراو رویئے ، صحافیوں کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تنخواہوں سے کٹوتیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہنے کے باوجود میڈیا ہاوسز کے خلاف کاروائی سے مسلسل گریز کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے کوئٹہ پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد اور ان کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ،

کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق رند کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں مختلف میڈیا ہاوسز کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مسلسل کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، ایک جانب صحافیوں کا معاشی قتل کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب ملازمتوں کا کوئی تحفظ نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ، جس پر پورئے ملک میں صحافی اور صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں لیکن وفاقی حکومت نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ، جبکہ ایسے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا صحافیوں سے رویہ اور ان کے اقدامات افسوسناک ہیں ،انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے صحافی تنظیموں کے قائدین کو ملاقات کا وقت دینے کے بعد ملاقات کے لئے نہ آنے کی شدید الفاظ مین مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کے اس اقدام سے پورئے ملک کے صحافیوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات میڈیا میں جاری اس بحران پر قابو پانے اور صحافیوں کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تنخواہوں سے کٹوتیوں کا سلسلہ بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی بجائے جانبدارانہ کرادا ادا کررہے ہیں ، موصوف کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود کوئی اقدام نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت اور فاقی وزیر صحافیوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا سلسلہ رکوانے میں کوئی کردار ادا کرنے کے لئے تیار نہیں ، جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔

عبد الخالق رند اس امر کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف جاری اقدامات کے خلاف ملک بھر میں صحافیوں کی تمام تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہیں اور اس اتحاد کے ذریعے صحافیوں کے حقوق کا بھر تحفظ کیا جائے گا ، کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے ملک کی صحافتی تنظیموں کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کلبز میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہوئے فاقی وزیر اطلاعات کی کوئٹہ پریس کلب میں بھی داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس دوران اگر وہ کوئٹہ کا دورہ کرتے ہیں تو سخت احتجاج کیا جائے گا ۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل قرار نے اپنے ویڈیوپیغام میں وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری پر پابندی کااعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیراطلاعات کے صحافیوں کے لیڈروں سے ناروا سلوک کیخلاف ان پر پابندی کا اعلان کرتے ہیں، وہ پریس کلب میں ہونے والی کسی تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔شکیل قرار نے کہا کہ ملک بھر میں صحافیوں کو نکالنے پروفاقی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ حکومت نے میڈیا کے نمائندوں کا موقف نہیں سنا، پریس کانفرنسزمیں مائیک اٹھانے سے شروع ہونے والا سلسلہ اب بائیکاٹ تک چلا گیا ہے، حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے۔

اس سے قبل صدرکراچی یونین آف جرنلسٹ اور رکن جوائنٹ ورکرزایکشن کمیٹی فہیم صدیقی کا بھی ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ہاوسز سے جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اورکٹوتی جیسے اقدامات پر میڈیا مالکان کی حمایت کرنے اور خود بھی میڈیا ورکردشمن اقدامات کرنے پر وفاقی حکومت کیخلاف فائنل راونڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پرپابندی عائد کردی گئی ہے اور شہر بھر میں ہونے والی تمام سرکاری تقریبات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدرکراچی یونین آف جرنلسٹ نے تمام صحافیوں سےاپیل کی تھی کہ وہ کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

تین دن قبل صدرپریس کلب لاہورارشادانصاری نے بھی وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کےصحافیوں کے وفد کو انتظار کرانے اورپھر ملاقات نہ کرنے پراحتجاج کیا تھا، وفاقی حکومت کی جانب سے نارواسلوک پر انہوں نے فوادچوہدری کے لاہورپریس کلب میں داخلے پرپابندی کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے ملک بھر کے صحاٖفیوں سے اپیل کہ وہ وفاقی وزیراطلاعات کا پریس کلبوں میں داخلہ بند کریں اور سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کریں.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں