سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر ہوگئی ہے۔
دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کی تصدیق کردی۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 16 فروری کو پاکستان آنا تھا، تاہم اب وہ 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی مصروفیات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کے بعد 17 فروری کو ہونے والی پاک ۔ سعودی بزنس کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ نے کانفرنس منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘ناگزیر حالات کی وجہ سے سعودی وفد کا دورہ ملتوی کیا گیا، اس لیے 17 فروری کو منعقد ہونے والی پاک ۔ سعودی بزنس کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی ہے۔’
بیان میں کہا گیا کہ ‘بزنس کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔’