گورنر ہاؤس کراچی میں ممتاز پاکستانی خطاط واصل شاہد کی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش

ممتاز پاکستانی خطاط واصل شاہد کی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش

·

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ہفتے کی شام گورنر ہاؤس کراچی میں ممتاز پاکستانی خطاط واصل شاہد کی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔ یہ نمائش ترکیہ کے اساطیری خطاط استاد حسن چیلبی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے جو واصل شاہد کے 23 فن پاروں پر مشتمل ہے۔

ترک قونصل خانے نے اس نمائش کا اہتمام ترک مرکز ثقافت یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے کیا ہے۔ اس موقع پر ترک قونصل جنرل ڈاکٹر جمال سانگو سمیت کئی مسلم ملکوں کے قونصل جنرل صاحبان اور سفارت کار بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ خطاطی مسلم ثقافت کی سب سے بڑی علامت ہے۔ یہ ایک ایسا فن ہے جس کے بطن سے دنیا کے کئی اہم فنون نے جنم کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ دونوں ملک نہ صرف آزمائش کے مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ ہوتے ہیں بلکہ یہ نسل انسانی کے بہترین مستقبل کے بھی ضامن ہیں۔

انھوں نے واصل شاہد کے فن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مسلم ثقافتی ورثے کو زندہ کر کے ایک اہم خدمت انجام دی ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں ۔

یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان چیپٹر کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے اس موقع پر کہا کہ مسلمانوں نے خطاطی کے فن کو اپنے خون جگر سے سینچا ہے۔ اس کی تاریخ اور روایت بہت شاندار ہے۔

انھوں نے کہا کہ خطاطی دنیا کا واحد فن ہے جو انسان کے ذوق کی تسکین کے ساتھ دل و دماغ کو سکون بھی فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ مشترکہ ثقافتی ورثے کو دینے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔

خطاط واصل شاہد نے اس موقع پر گورنر سندھ، ترک قونصل جنرل اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ مسلم ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے