میڈیکل : کون سے طلبہ وطالبات یہ شعبہ اختیار کرسکتے ہیں؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

انداز قلم/ابن یحیی …………
اکثراسٹوڈنٹس چاہتے ہیں کہ وہ میڈیکل کا شعبہ اختیار کریں مگر حقیقت میں یہ سب میڈیکل میں نہیں جاپاتے جس کی ایک اہم وجہ ان کا غلط انتخاب ہے اور اس غلط انتخاب کی وجوہات کے پیچھے ان کا ذاتی شوق’ والدین کی خواہشات، دوستوں کا اصرار ، ماحول کا اثر ہوتا ہے تو آئیے! آج آپ کو اس لفظ “میڈیکل” ہی کو بنیاد بناتے ہوئے ایک آسان فارمولے کی صورت میں بتاتے ہیں کہ آپ میڈیکل کے شعبے میں جانے کے اہل ہیں بھی یا نہیں تو اب یہاں ہم لفظ میڈیکل میں پائے جانیوالے سات انگلش حروف کو ایک ایک کر کے آپ کی شخصیت پر اپلائی کر یں گے جس سے باآسانی آپ کو معلوم ہو جا ئے گا کہ آپ کو میڈیکل میں جانا چاہئے یا نہیں۔

عزیز قارئین! آئیے ہم میڈیکل کے پہلے حرف “ایم” کو آپ پر اپلائی کرتے ہیں، یہاں ایم سے مراد “میموری “ہے یعنی اگر آپ کی یادداشت بہت بہتر ہے اور آپ چیزوں کو بہت جلد اور اچھے طریقے سے یاد کر لیتے ہیں تو جان لیجئے کہ میڈیکل کے پہلے زینے پر آپ نے کامیابی سے قدم رکھ لیا ہے۔ اگر ایسا نہیں تو پھر ہرگز اس شعبے کی طرف مت جائیں ورنہ ایم فار مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا-

آئیے! اب لفظ میڈیکل کے دوسرے حرف “ای” کو آپ پر اپلائی کرتے ہیں تو یہاں پر ای سے مراد “اییچ سٹیپ “لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر آپ میڈیکل کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں تو آپ میں اس خاصیت کا پایا جانا لازم ہے کہ آپ جو کام کرتے ہیں اس کام کے ہر مرحلے کو عملی طور پر بخوبی سرانجام دیتے ہیں ۔اگر آپ ایسا ہی کرتے ہیں تو میڈیکل کے زینے پر آپ نے دوسرا کامیاب قدم رکھ دیا-

اسی طرح اب ہم میڈیکل کے تیسرے حر ف “ڈی” کو آپ کی شخصیت پر اپلائی کرتے ہیں۔ یہاں پر ڈی سے مراد ہے” ڈیٹیل” یعنی کسی بھی کام کو جب کریں تو اس کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیں اور پھر کسی نتیجے پر پہنچیں لہذا آپ کے لیےضروری ہے کہ میڈیکل کے شعبے میں جانے سے پہلے اپنی اس خوبی کا ضرور جائزہ لیں تاکہ عملی زندگی میں کامیاب ٹھہرسکیں کیونکہ میڈیکل کے اسٹوڈنٹ کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمی تجربات کی روشنی میں تفصیلی طور پر جائزہ لے کر کام کرسکتا ہو ‘ اگر تو ایسا ہی ہے تو پھر آپ سمجھ لیں کہ آپ نے میڈیکل کے زینے پر کامیابی سے تیسراقدم رکھ لیا ہے-

اب آتا ہے لفظ میڈیکل کا چوتھا حرف “آئی” جس سے مراد ہے:”انڈیپینڈنٹ “یعنی اگر آپ میڈیکل کے شعبےمیں جانا چاہتے ہیں تو آپ کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ آپ آزادانہ کام کرسکتے ہوں مثلا آپ کے پاس ایک مریض آتا ہے اور آپ اسے چیک کرنے کے بعد اس کے لئے کوئی نسخہ تجویز کرنا چاہتے ہیں تو آپ خود سے اس کے لئے نسخہ تجویز کر نے اہلیت رکھتے ہوں نہ کہ کسی سینئر سے پوچھ، پوچھ کر نسخہ لکھنا پڑے، اگر تو آپ میں آزادانہ کام کرنے کی صلاحیت ہے تو جان لیجئے کہ آپ نے میڈیکل کے اس زینے کو سر کر لیا ہے-

اب ہم اپلائی کرتے ہیں میڈیکل کے پانچویں حرف “سی ” کو جس سے مراد ہے کہ “کمیونیکیشن ” لہذا اگر آپ میڈیکل کے شعبے کو اپنانا چاہتے ہیں تو آپ کی کمیونیکیشن بہت اچھی ہونی چاہئے یعنی اگر آپ نے کسی کو کوئی بات سمجھانی ہے تو آپ اپنے اس مخاطب کی حیثیت اور صورتحال دیکھ کر آسان فہم ، بہترین الفاظ کا چناؤ کرتے ہوئے اچھے انداز میں سمجھا بھی سکتےہوں اور اس کی بات کو سمجھ بھی سکتے ہوں،اسی لیے ایک ڈاکٹر کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ اس کی کمیونیکیشن اچھی ہو کیونکہ ڈاکٹر کا سوسائٹی کے ہر قسم کے فرد سے واسطہ پڑتا ہے جن میں تعلیم یافتہ بھی ہوتے ہیں اور ان پڑھ بھی ہوتے ہیں ، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ میں کمیونیکشن اسکلز موجود ہیں تو آپ نے ایک اور قدم بڑھالیا ہے-

لفظ میڈیکل کا چھٹا حرف ہے “اے” جس سے مراد ہے اینالسز یعنی “تجزیہ”کہ آپ جو کام کر رہے ہیں اس کے ہر ہر پہلو کا بخوبی جائزہ لے کرایک مناسب تجزیہ کرتے ہو ئے کوئی نتیجہ اخذ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں تو میڈیکل کا شعبہ آپ کے لیئے بہتر ہے۔ اگر ایسا ہی ہے تو یقینا آپ نے میڈیکل کے زینے پر چھٹاقدم کامیابی سے رکھ دیا ہے-

اب آئیے! لفظ میڈیکل کے ساتویں اور آخری حرف “ایل” کو آپ پر اپلائی کرتے ہیں جس سے مراد ہے “لائف “جو آپ کو انسانی جسم کے تمام اندرونی معاملات ، حرکات و سکنات سے متعلق آگاہی دیتا ہے کیونکہ پورا میڈیکل شعبہ اسی انسانی جسم کے گرد گھومتا ہے لہذا آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس سات فٹ کے انسانی ڈھانچے کے تمام افعال کو بخوبی سمجھتے ہوں اگر ایسا ہی ہے تو آپ نے میڈیکل کے زینے پر ساتواں اور آخری کامیاب قدم رکھ دیا ہے-

قارئین! طلبہ کے لئے شعبے کا انتخاب ایک اہم ترین مرحلہ ہوتا ہے جس پر اس کی اگلی زندگی کا انحصار ہوتا ہے کیونکہ میٹرک یا ایف ایس سی کے بعد اکثر طلبہ شعبہ کے انتخاب سے متعلق پریشان ہوتے ہیں کہ وہ کس شعبے کو لیں جو ان کے لیے ہر لحاظ سے سود مند ثابت ہو لہذا طلبہ کی اس مشکل کو آسان کرنے کے لیے یہ فارمولہ ترتیب دیا گیا ہے۔

میڈیکل میں جانے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اس لفظ میڈیکل میں موجود سات حروف کو ایک خاص مطلب دے کر ایک مشق کی صورت میں آپ کو آسان اور عام فہم کسوٹی فراہم کی ہےجس کو آپ خود اپنے اوپر اپلائی کر کے اپنے مستقبل کی راہیں آسان اور روشن کر سکتے ہیں ۔ مزید کہوں تو اس فارمولے کی مدد سےآپ اپنی کونسلنگ خود کرسکتے ہیں۔آپ اس مختصر اور آسان فارمولے کی مدد سے یہ جان سکتے ہیں کہ آپ میڈیکل کے شعبے کے لئے ٹھیک ہیں یا نہیں۔

اگر تو لفظ میڈیکل کے سات حروف کے مطابق آپ اپنے اندر مطلوبہ خوبیوں اور صلاحییتوں کو موجود پاتے ہیں تو آپ ضرور میڈیکل کے شعبے میں داخلہ لیں اگر ایسا نہیں تو پھر خواہ مخواہ میں میڈیکل کے بھوت کو اپنے اوپر سوار مت کریں، اپنا قیمتی وقت ضائع کیے بغیرآپ کسی دوسرے شعبے کا انتخاب کریں جو آپ کے لیے بہتر ین ثابت ہو اور جو آپ کی شناخت اور پہچان بن سکے –


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں