روخانہ رحیم وزیر

دفتری ماحول کیسے خوشگوار بنایا جاسکتا ہے؟

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

پہلے یہ خیال عام تھا کہ خواتین محض شوقیہ ملازمت کر تی ہیں۔ تعلیم مکمل ہونے اور شادی کی تاریخ پکی ہو جانے تک ملازمت وقت گزارنے کا ایک ذریعہ مانا جاتا تھا۔ کہا جاتا تھا کہ وہ کسی  شعبے میں کیریئر بنانے کے لیے کچھ خاص سنجیدہ نہیں ہوتیں۔ یہ بھی سمجھا جاتا تھا کہ اگر کیریئر بنانے میں سنجیدہ ہو جائیں تب بھی دفتری ذمہ داریاں نبھانے کے لیے ان کا انتخاب نامناسب ہے، کیونکہ وہ ایک عورت ہیں، شادی اور بچوں کی ذمہ داریاں ان کے کام میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

یہ بات جتنی اس وقت غلط تھی، آج بھی اتنی ہی نامناسب اور بےبنیاد ہے۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد آج مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے، اس لیے ان کو کسی مخصوص شعبے  تک محدود سمجھنا درست نہیں۔ اگر صنفی امتیاز کی عینک اتار کر دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ کم وبیش تمام شعبوں میں خواتین کام کر رہی ہیں اور اتنی ہی  کامیاب بھی ہیں جتنے کہ مرد ہو سکتے ہیں۔

کہتے ہیں کہ کسی آفس میں نظم و ضبط قائم کروانا ہو تو وہاں خواتین ملازمین کا اضافہ کر لینا چاہیے، کیونکہ خواتین کی موجودگی میں نہ صرف مرد ملازمین مہذبانہ انداز اپناتے ہیں بلکہ ان کے انداز گفتگو میں بھی مثبت تبدیلی آجاتی ہے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ کیا خواتین  کسی ادارے میں محض نظم و ضبط قائم رکھنے کا الارم ہیں؟ نہیں! خواتین آرائشی سامان سے زیادہ اہم ہیں اور  دوران ملازمت  کام  سے اپنی پہچان بنانے اور کامیابی حاصل کر نے  کا ہنر بخوبی جانتی ہیں۔ یہ ذکر تو ہوا آفس میں موجود تمام افراد کے ساتھ احترام سے پیش آنے کا ۔۔۔آئیے! اب بات کرتے ہیں ایک ایسے آفس کی جہاں خوش رہنا بھی ممکن ہو۔

خواتین کی ایک بڑی تعداد کسی نہ کسی ادارے میں صبح نو سے شام پانچ بجے تک خدمات انجام  دیتی ہے۔ ایسے میں یہ ممکن ہے کہ وہ ایک ہی معمول سے بیزار ہوجائیں اور اکتاہٹ کا شکار ہو نے پر کام کا معیار  بھی متاثر ہو تو  ایسا کیا طریقہ ہے کہ جس کی مدد سے آفس کا ماحول خوشگوار بنایا جا سکتا ہے؟ آئیے! جا نتے ہیں کہ خوش رہنے کے وہ چند ٹوٹکے کون سے ہیں جن کی مدد سے آفس میں کام کرنا ایک خوشگوار  اور دلچسپ تجربہ بن سکتا ہے۔

برطانیہ کی ایک یو نیورسٹی میں کی گئی تحقیق کے مطابق جو لوگ خوبصورت، سجاوٹ والے دفتر میں کام کر تے ہیں وہ دیگر افراد سے سترہ فیصد زیادہ خوش رہتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ کے دفتر کی سجاوٹ پُرذوق اور شاندار ہے تو خود کو خوش قسمت جانیے۔ یہ سجاوٹ آپ کے ماحول ہی کو خوشگوار نہیں بنا رہی بلکہ اس سے آپ کے مزاج پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور آپ زیادہ خوش رہ سکتی ہیں۔

جہاں بھی دو یا دو سے زیادہ لوگ ہوں گے اُن کے آپس میں اختلافات ہونا فطری ہے۔ اس بات میں شک نہیں کہ گھر کی طرح دفتر میں بھی  اکثر بدمزگی ہو جایا کرتی ہے لیکن خوش رہنے اور ماحول کا سکون بر قرار رکھنے کے لیے  بس اتنا کیجیے کہ اختلاف کے بعد صلح کرنے میں دیر نہ  کیجیے۔ اگر آفس میں  کام کر نے والے افراد کے درمیان چیقلش کا خاتمہ نہ ہو تو ماحول میں بے چینی پھیل جاتی ہے۔ ٹیم کے درمیان اتحاد و یگانگت کی فضا متاثر ہوتی ہے اور باہمی تعاون کے جذبات برقرار نہیں رہتے ہیں۔ اگر آپ اپنے شعبے میں بحیثیت انچارج  کام  کر رہی ہیں تو یہ آپ کا فرض ہے کہ  ٹیم کے درمیان جاری کشمکش کو ختم کرنا اپنی ترجیح اول بنالیں اور خود  بھی باہمی تعاون  کی فضا بر قرار رکھیں۔

یقیناً دفتری ذمہ داریاں نبھانا ایک نہایت سنجیدہ معاملہ ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے فرائض بھرپور توجہ اور  سنجیدگی سے انجام دیں، لیکن ہنسنے مسکرانے پر پابندی نہیں ہو نی چاہیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تناؤ سے بھر پور دفتری ماحول میں مسکراہٹ نہایت ضروری ہے۔ آفس کا ماحول اس قدر سنجیدہ نہ ہو کہ لوگ ہنسنے سے بھی ہچکچائیں۔ مسکراہٹ ٹیم میں جوش و جذبہ پیدا کرتی ہے۔ اس سے ذہن پر نہایت مثبت اثر پڑتا ہے اور ایک دوسرے کے لیے  محبت اور احترام میں اضافہ ہوتا ہے۔ بس! خیال رہے کہ یہ ہنسنا، ہنسانا سب کے ساتھ ہو، کسی ایک سے نہیں۔

چھوٹے چھوٹے کاموں پر بھی ایک دوسرے کو سراہیں۔ تعریف ہم میں بہتر سے بہترین کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ ضروری نہیں کہ یہ تعریف باس کی جانب سے ہی ہو۔ آپ اپنی کولیگ کی بھی اچھے کام پر تحسین کریں۔ یہ بات کولیگ کے دل میں آپ کی عزت بڑھائے گی اور ایک دوسرے کے درمیان تعاون اور خلوص کا جذبہ  پیدا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ بہت ضروری ہے کہ لوگ اپنے کام کی جگہ پر اپنی اہمیت محسوس کریں۔ ان کی پذیرائی کی جائے اور ان کی تعریف کی جائے تو اس سے ان کے کام میں بہتری پیدا ہوتی ہے اور وہ ادارے کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔

سب منفرد سوچ اور خصوصیات کے مالک ہوتے ہیں۔ ہماری خوشی اور اُداسی کی بنیادیں بھی مختلف ہوتی ہیں۔ ضروری نہیں جو بات آپ کی خوشی کا سبب بنے، وہ کسی دوسرے کو بھی خوش کر دے۔ چونکہ دفتر میں ہر شخص کو کسی ایک تدبیر سے خوش نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے بہتر ہے کہ ملازمین کو کام کر نے اور اپنے تجربہ سے بہتر پرفارمنس کا اظہار کرنے کا مو قع دیا جائے۔

بحیثیت انچارج آپ صرف اس بات کی ذمہ دار نہیں کہ دفتری کام خوش اسلوبی سے انجام دینے میں ماتحت افراد کی رہنمائی کریں، بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کے ماتحت افراد کسی حد تک خود مختار بھی ہوں اور وہ اپنی آسانی کے مطابق کام کرنے کی آزادی رکھتے ہوں۔ سخت پابندیاں، کام کے لیے دفتری ماحول کو نا گوار اور مشکل بنا سکتی ہیں۔ اس لیے اگر دفتر میں خوش اور پرسکون رہنا چاہتی ہیں تو ٹیم کو شخصی آزادی اور خود مختاری کے ساتھ سے کام کرنے کا موقع دیجیے۔

آفس سے چھٹی مل جائے تو اس سے بڑی خوشی کی بات کوئی نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ بھی کچھ انداز ایسے ہوتے ہیں جن کو اپنا کر خوشی حاصل کی جا سکتی ہے۔ دفتر میں کام کرنے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔ جو لوگ زیادہ بہتر کام کرتے ہیں، ان کو درجہ بہ درجہ ترقی بھی ملتی ہے۔ یہ ترقی خوشی کا سب سے بڑا ذریعہ ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے کام میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ لوگ مزید ترقی حاصل کر نے کے لیے زیادہ محنت سے کام بھی کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ دفتری ماحول میں خوشی کا ایک  اہم سبب آپسی میل جول ہے۔ دفتر کے ساتھیوں کے ساتھ کھانا کھانے جائیں، دفتری تقریبات میں شامل ہوں۔ خوشگوار میل جول قائم ہوگا تو ایک  دوسرے کے ساتھ کام کرنا بھی آسان اور خوشگوار تجربہ بن جائے گا۔   


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “دفتری ماحول کیسے خوشگوار بنایا جاسکتا ہے؟”

  1. جاوید اصغر Avatar
    جاوید اصغر

    خوب ۔۔۔۔۔ دلچسپ ۔۔۔ موضوع اور انداز میں جدت۔۔۔ عہد حاضر کی ضرورت ۔۔