تھکی ہوئی خاتون

ہائے! میں تھک گئی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

کام بہتر سے بہترین کرنے، ترقی حاصل کرنے کے طریقے تو سب بتاتے ہیں لیکن کام کے بعد ہونے والی تھکن کم کیسی ہوگی، اس بارے میں کم لوگ ہی بات کرتے ہیں۔

 کام، ہماری زندگی کا اہم ترین حصہ ہے۔ ہم سب اپنی ز ندگی کسی نہ کسی شعبے میں کام کرتے گزارتے ہیں۔ بس! ضرورت یہ ہوتی ہے  کام کے ساتھ آرام اور خوشی کا خیال بھی ر کھا جائے۔ کیا آپ بھی دفتر سے گھر پہنچنے کے بعد یہی سوچتی ہیں کہ بس! اب سو جاؤں لیکن آرام کرنے کا بس ایک یہی طریقہ تو نہیں۔کام کی زیادتی اور دباؤ کی وجہ سے ہو سکتا ہے آپ کا کہیں جانے کا دل نہ چاہتا ہو اور آپ کی سماجی زندگی تعطل کا شکار ہو لیکن ایسے بہت سے طریقے ہیں جن کو اپنا کر آپ رات میں مناسب وقت پر سونے سے پہلے پُر سکون ہو سکتی ہیں۔

آئیے! جانتے ہیں، مصروف دن کے بعد سکون اور آرام کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔کھانے پینے کی اشیاء، سارادن کام کرنے کے بعد جسم کو اچھی غذائیت کی بے حد ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے گھر آنے پر تازہ کھانا یا کوئی مشروب مثلاً گرین ٹی، شہد، چاکلیٹ، ڈرنک یا پھلوں کا جوس نوش کیجیے۔ چیونگم بھی ویسا کام کرتی ہے اور تھکاوٹ کا احساس کم ہوتا ہے۔

 گرین ٹی میں شال  ایل تھینائن آپ کو غصہ قابو پانے میں مدد دے گا۔ چاکلیٹ سے اسٹریس ہارمونز متناسب ہوں گے۔ شہد جسمانی سوزش کم کر نے میں مدد دےگا اور صحت مند جسم ڈپریشن اور انزائٹی سے بہتر طور پر لڑسکے گا۔

غسل: اگر سارے دن کی مصروفیت جادوئی انداز میں غائب کرنا چاہتی ہیں؟ موسم  کی مناسبت سے ٹھنڈے یا گرم پانی سے غسل کیجیے۔ پانی کے ساتھ سارے دن کی تھکن زائل ہو جائے گی اور آپ کے اعصاب پرسکون ہوں گے۔ یوں بھی رات میں غسل کرنے کے بعد نیند اچھی آتی ہے۔

مضمون نگار

ورزش: گھر  پہنچنے کے بعد بیٹھے اور لیٹے رہنے سے بہترہے کہ آپ گھر سے باہر چہل قدمی کرنے چلی جائیں۔ اگر سو ئمنگ پول کی سہولت میسر ہو تو یہ بھی تھکن ختم کرنے کا اچھا ذریعہ ہے۔ صرف  کھیلنےکی غرض سے اسپورٹس میں حصہ لینا، سائیکل چلانا، پارک یا باغ کے قدرتی سرسبز ماحول میں چہل قدمی کرنا ایسے کام ہیں جو کام کی تھکن ختم کر دیں گے۔

مثبت سوچ: دفتری ذمہ داریوں کے اختتام کے بعد گھر پہنچنے پر کچھ وقت صرف اپنے ساتھ گزارنا چاہیے۔کسی خاموش گوشے میں کچھ دیر خاموشی سے بیٹھیں۔ اپنی سانس کی دھیمی آواز سنیں۔ زندگی میں موجود نعمتوں کا شکر ادا کریں اور اس بات کا عہد کریں کہ پریشانی بھول کر ہمیشہ مثبت انداز اپنائے رکھیں گی۔یہ کوشش آپ کے اعصاب، جذبات اور جسم کے درمیان ایک نازک اور  خوبصورت تعلق قائم کرے گی اور یکسوئی سے زندگی کے مثبت پہلو سراہنے کے قابل ہوجائیں گی۔

مطالعہ کیجیے: ماہرین کا کہنا ہےکہ موبائل اور سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال اضطراب، بےچینی اور ذہنی تھکاوٹ  کی ایک اہم وجہ بن رہا ہے۔ اس لیے  پر سکون رہنے کے لیے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کیجیے۔ موبائل کے بجائے کسی کتاب کا مطالعہ، آپ کے لیے زیادہ مفید ہے۔ ایک اچھی کتاب نہ صرف معلومات میں اضافہ کرے گی بلکہ اس کے مطالعہ سے آپ خود کو تر و تا زہ بھی محسوس کریں گی۔

مساج:  ضروری نہیں کہ پُرسکون ہونے کے لیے کسی سپا میں ہی مساج لیا جائے، آپ اپنےگھر پر اپنے ہاتھوں سے اپنے ہاتھوں، پاؤں اور سر کا مساج کر سکتی ہیں۔ مساج کی خوبی یہ ہے کہ اس سے جسم میں دوران خون بہتر ہوتا ہے اور تھکن، بیزاری اور بوجھل پن کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔

اب یہ آپ پر منحصرہے کہ آپ اپنی تھکن ختم کر نے کے لیے کون سا طریقہ اپناتی ہیں، کیونکہ ہو سکتا ہے کہ تھکن سے نجات کا طریقہ آپ کے سامنے ہی ہو اور آپ کی بیزاری نے  اسے چھپا دیا ہو۔

امید ہے کہ  آپ صرف اپنے آرام، سکون اور خوشی کے لیے کچھ کام کرنے کی کوشش کا آغاز جلد ہی کر دیں گی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

ایک تبصرہ برائے “ہائے! میں تھک گئی”

  1. Iqbal hussain afkar Avatar
    Iqbal hussain afkar

    نہایت عمدہ تحریر