صوبہ بھر میں آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا ، گلیوں اور سڑکوں کو باقاعدہ دھویا گیا، عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا
تحریر: محمد اویس
عید قربان پر آلائشوں کی صفائی ہمیشہ سے ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ ملک بھر کی طرح صوبہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر، گاؤں اور قصبے میں قربانیاں کی گئیں۔ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں جانوروں کو قربان کیا گیا اور ان جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانا انتہائی ناگزیر ہوتا ہے۔ اگر اس عمل کی ادائیگی میں دیر ہو جائے تو تعفن اور بدبو ہر طرف پھیل جاتی ہے۔
مریم نواز شریف پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کی اعلیٰ منتظم شخصیت ہونے کا ایک پہلو ہمیں عید قربان کے دوران بھی نظر آیا ہے۔
صاف ستھرا پنجاب پروگرام تو پہلے ہی صوبہ بھر میں جاری و ساری ہے جس کے تحت گلیوں اور محلوں کی صفائی کے انتظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ میونسپلٹی کے عملے کی تربیت کی گئی ہے ۔ ان کو بہترین مشینری کے فراہمی کا عمل بھی جاری و ساری ہے۔ اس کے علاوہ صفائی اور ستھرائی کے نظام کی بہترین نگرانی بھی ناگزیر ہے۔
بہرحال وزیر اعلی پنجاب کے لیے پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کے ناتے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا عید قربان پر ایک اہم موقع تھا۔
عید کے تینوں دنوں کے دوران پورے پنجاب میں صفائی کی صورتحال کو دیکھ کر یہ برملا کہا جا سکتا ہے کہ مریم نواز شریف ایک اعلیٰ منتظم ہیں جنھوں نے اتنے بڑے عمل کے دوران پورے صوبے کے مشینری کو مکمل طور پر متحرک کیا۔ عید قربان سے پہلے صفائی کے نظام کا ایک جامع پلان بنایا گیا۔ اس منصوبے کو نافذ العمل کرنے کے لیے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو صفائی کے انتظام کا نگران بنایا گیا۔ ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر انتظامی افسران کو متحرک کیا گیا تاکہ وہ گراؤنڈ پر موجود ہوں اور ذاتی طور پر صفائی کے انتظام کی نگرانی کریں۔
عید کے تین دن گزر چکے ہیں۔ اس دفعہ کسی بھی شہر اور کسی بھی علاقے سے یہ شکایت نہیں آئی کہ وہاں سے جانوروں کی آلائشوں کو ہٹایا نہیں جا سکا۔
اور یہ برملا کہا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بڑی عید پر شہریوں کی بڑی خدمت کی ہے۔ عید کے تین دنوں میں ’ ستھرا پنجاب‘ کی مہم نے ہر روز عوامی خدمت کا ایک نیا ریکارڈ بنایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا عید کے تین دن جاری رہنے والا "آپریشن کلین اپ” عید کے تیسرے دن مکمل ہو گیا۔ عیدالاضحی پر 72 گھنٹے میں مسلسل صفائی، عرق گلاب ملے پانی سے سڑکوں، گلیوں اور راستوں کی دھلائی، آلائشیں اٹھا کر پنجاب میں سرکاری مشینری نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سیکرٹری وزارت بلدیات محمد شکیل کی تعریف کی اور ان کی خدمات کو بھی سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی مہم میں شریک تمام میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنوں، ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران اور عملے کو بھی خراج تحسین کیا۔
صفائی کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے منتخب نمائندوں کی بھی ڈیوٹیاں لگائیں تاکہ وہ اپنے علاقوں اور ارد گرد کے مقامات پر بھی جائیں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیں اور مشینری کو متحرک کریں۔
مریم نواز نے خوبصورت انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، منتخب نمائندوں، اداروں، افسران اور عملے کے لیے اصل عیدی عوام کی شاباش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ٹیم ورک نے عوامی خدمت اور "یہ ممکن ہے” کی سنہری اور قابل فخر مثال قائم کردی۔
انہوں نے کہا کہ بڑی عید پر صفائی کا بڑا سٹینڈرڈ بنایا جسے قائم رکھنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لا رہے ہیں ، سب اپنی ذمہ داری نبھا کر ‘ستھرا پنجاب’ کو حقیقت بنائیں گے۔ انہوں نے شہریوں اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔ سب نے اپنی ذمہ داری خوب نبھائی ، جس کی وجہ سے نا ممکن، ممکن ہوا۔
اس ساری ایکسرسائز کے دوران ایک اہم پہلو یہ بھی رہا کہ جب لوگ قربانی سے فارغ ہوئے تو شام کو گلیوں اور سڑکوں کو پانی سے دھویا گیا اور اس پانی میں عرق گلاب کی بھی آمیزش کی گئی۔
ہمارے ملک میں انتظامی مشینری جو سرکاری طور پر مانیٹر کی جاتی ہے اس کو متحرک کرنا اور اس سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔
مریم نواز شریف جو پہلی دفعہ ملک کی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی ہیں ان سے معاملات کے اوپر اتنی جلدی اس قدر مضبوط گرفت کی توقع کرنا آغاز میں ممکن نہیں لگ رہا تھا۔
بہت سے تجزیہ نگاروں کا اندازہ تھا کہ مریم نواز شریف کو انتظامی معاملات اور ان کو چلانے کے لیے وقت درکار ہے اور صوبہ پنجاب جو ہمیشہ سے تمام دیگر صوبوں کے لیے ایک مثال رہا ہے اور اتنے بڑے صوبے کو چلانا ان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ لیکن یہ بات ماننا پڑتی ہے کہ مریم نواز شریف نے کر دکھایا ہے۔ انہوں نے انتظامی امور کے اوپر آہنی گرفت قائم کی ہے اور یقیناً آنے والے برسوں میں وہ مزید اعلیٰ اور بہترین منتظم کے طور پر ثابت ہوں گی اور اس کا لامحالہ فائدہ صوبہ پنجاب کو ہوگا۔
مریم نواز شریف کے انتظامی معاملات چلانے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے تمام اپنے اہداف کو مسلسل اپنی نظر میں رکھا ہے اور ان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس طریقہ کار سے سیکھنے اور اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کے مواقع باہم موجود رہتے ہیں۔