بھارت میں ایک بیکری میں کام کرنے والے مسلمان شخص کی بیٹی نے میڈیکل کالجزکے انٹری ٹیسٹ میں ایسی تاریخ رقم کر دی ہے کہ پوری دنیا میں اب اس کے چرچے ہو رہے ہیں۔
بھارت میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے منعقدہ این ای ٹی (نیٹ) میں امینہ عارف کڑیوالا نے 720 میں سے 720 نمبر لے کر بھارت میں نمبر ون رینک حاصل کیا۔
داخلہ امتحانات میں آمنہ کے ساتھ ساتھ 66 دیگر طلبہ نے بھی پورے نمبر حاصل کیے۔تاہم پسماندہ علاقے میں رہائش اور ایک غریب بیکری ورکر کی بیٹی ہونے کی وجہ سے امینہ عارف کڑیوالا کو زیادہ سراہا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
صبا انور محمد: پاکستانی خاتون ہسپانوی معاشرے کو موٹاپے اور ذیابیطس سے نجات دلا رہی ہیں
پلمبنگ کی دکان چلانےوالی اکیلی سعودی خاتون
معصوم، نادان اور شرمیلی آمنہ کیسے یوٹیوب سٹار شیف بنیں؟
اس کے علاوہ ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ وہ اُردو میڈیم کی پہلی طالبہ ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔آمنہ نے داخلہ ٹیسٹ کے لیے جس کوچنگ سینٹر سے تیاری کی وہاں پڑھنے والے 9 بچوں نے نمبر ایک رینک حاصل کیا جن میں ایک اور مسلمان طالبہ بھی شامل ہیں۔
اس سخت مسابقتی امتحان میں پورے نمبر حاصل کرنے والی آمنہ عارف کڑیوالا نے اپنے غریب پس منظر کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کی جو ممبئی کے علاقے جوگیشوری کی رہائشی ہیں اور ان کے والد ایک بیکری میں کام کرتے ہیں۔
آمنہ نے اپنی ابتدائی تعلیم جوگیشوری میں قائم مدنی ہائی اسکول سے حاصل کی جو اُردو میڈیم میں معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے۔ میٹرک میں انہوں نے 93 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے جبکہ بارہویں کے امتحانات میں انہوں نے 95 فیصد نمبر اسکور کیے تھے۔
آمنہ عارف کا کہنا تھا کہ پہلے پہل ان کا انٹری ٹیسٹ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، پھر لاک ڈاؤن کے دوران، میں نے کوشش کی۔ تاہم اچھے نمبر حاصل نہ کرسکی۔ بعدازاں اپنے استاد کے مشورہ پر میں نے پرائیویٹ ٹیوشن رکھ لی۔
آمنہ نے کہا کہ وہ دہلی کے معروف کالج اور اسپتال اے آئی آئی ایم ایس (ایمس) سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں لیکن حتمی فیصلہ اپنے استاد اور اہل خانہ سے مشورے کے بعد ہی کریں گی۔ امتحان میں شاندار کامیابی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ میں ہر ہفتے میں دو ٹیسٹ میں شامل ہوتی تھی جب میں فرضی ٹیسٹ دیتی تھی تو 720 میں سے 620 یا 700 اسکور کرلیتی تھی۔
اس لیے اندازہ تھا کہ میرا اسکور اسی کے درمیان کہیں ہو گا اور ایک اُمید یہ بھی تھی کہ 700 سے اوپر بھی نمبر آ سکتے ہیں لیکن کبھی 720 میں سے 720 نمبر حاصل کرنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔
آمنہ عارف کڑیوالا کی کامیابی بھارت میں بہت سی مسلمان خاص کر پسماندہ معاشی طبقے سے تعلق رکھنے والی ذہین لڑکیوں کے لیے اُمید کی کرن بن کر سامنے آئی ہے۔
2 پر “میڈیکل انٹری ٹیسٹ: بھارت میں باحجاب مسلمان لڑکی نے تاریخ رقم کردی” جوابات
عمدہ تحریر ۔۔۔۔ ماشاءاللہ ۔۔ الحمدللہ
Masha Allah wish you best of the luck