بھارت-میں-گینگ-ریپ-کا-شکار-ہونے-والی-ہسپانوی-خاتون-اور-اس-کا-شوہر

63 ممالک کی سیر کرنے والے ہسپانوی جوڑے کے ساتھ بھارت میں لرزہ خیز سلوک

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

تقریباً پانچ سال پہلے، ایک ہسپانوی جوڑے نے موٹر سائیکلوں پر دنیا کا سفر کرنے کا ایک پرجوش منصوبہ شروع کیا۔ 63 ممالک اور 170,000 کلومیٹرکا سفر طے کرنے کے بعد، ہسپانوی جوڑے کا یہ شاندار سفر ریاست جارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور کے پرسکون علاقے میں بری انداز میں رک گیا۔ 28 سالہ ہسپانوی خاتون کو سات افراد نے مبینہ طور پر اس وقت اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ ایک عارضی خیمے میں رات گزار رہی تھی۔ واضح رہے کہ  دو موٹر سائیکلوں پر سوار اس ہسپانوی جوڑے نے  ریاست بہار سے ہوتے ہوئے بالآخر نیپال پہنچنا تھا۔

خاتون سیاح کا کہنا ہے کہ سات مردوں نے اس کی اجتماعی عصمت دری کی ہے۔ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ میں خاتون نے اپنے چہرے پر زخموں کے نشانات  دکھاتے ہوئے شدید خوفزدہ آواز میں بتایا:’ ہمارے ساتھ کچھ ایسا ہوا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کے ساتھ بھی ایسا ہو۔ سات مردوں نے میرے ساتھ جنسی زیادتی کی‘۔ خاتون کا کہنا ہے’انہوں نے ہمیں مارا پیٹا اور لوٹ مار کی۔ اگرچہ وہ زیادہ چیزیں نہیں لے کر گئے کیونکہ وہ  میرے ساتھ جنسی زیادتی ہی کرنا چاہتے تھے‘۔

نوجوان خاتون اور اس کے شوہر(عمر 64 برس) کے مطابق، بعدازاں جھارکھنڈ پولیس نے انھیں ویڈیو انسٹا گرام سے ہٹانے کو کہا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو تفتیش پر اثرانداز ہوگی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ یہ ویڈیو بعد میں پوسٹ کرے گی۔ ویڈیو میں خاتون کے چہرے پر سوجن اور چوٹیں دیکھی جاسکتی ہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ اب وہ مار دیے جائیں گے، تاہم خدا کا شکر ہے کہ وہ زندہ ہیں۔

ہسپانوی جوڑا پاکستان، سری لنکا، سعودی عرب، افغانستان، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، عراق، اردن، کویت، قطر سمیت تریسٹھ ممالک میں طویل عرصہ مقیم رہا اور مکمل آزادی کے ساتھ سیر و سیاحت سے لطف اندوز ہوتا رہا لیکن اس کے ساتھ ایسا کچھ بھی نہ ہوا جیسا بھارت میں ہوا۔ خاتون سیاح افغانستان میں بارے میں کہتی ہیں کہ انھیں افغانستان ہمیشہ یاد رہے گا۔

وہ کہتی ہیں:’آج مجھے افغانستان یاد آرہا تھا، لگتا ہے ابھی گزشتہ روز ہم اس ملک میں داخل ہوئے تھے جہاں تنوع ہے اور جس کی ایک اہم تاریخ ہے۔ میرے پاس طالبان کے ساتھ صرف ایک تصویر ہے جو آپ دیکھ رہے ہیں۔ افغانستان ایک ایسا ملک ہے جسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے‘۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ افغان طالبان کے قریب پہنچتی تھیں تو وہ نظریں جھکا لیتے تھے یا نگاہوں کا رخ کسی دوسری طرف کر لیتے تھے۔

ہسپانوی جوڑے نے بھارت میں داخل ہونے سے پہلے پاکستان میں بھی کئی ماہ گزارے۔ خاتون نے انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا ’ پاکستان اور اس کی سڑکوں پر 8000 کلومیٹر کا تین ماہ تک سفر کرنے کے بعد، ہم نے بہت سے دوست بنائے ہیں جنھیں ہم ہمیشہ اپنے ساتھ  رکھیں گے۔ اور بلاشبہ ہم نے ایک بہت مختلف ملک دریافت کیا، میڈیا ہمیں کچھ اور ہی بتاتا رہا۔ ان تین ماہ کا قیام ہمارے لیے بہترین رہا۔ ہم نے بہت کچھ سیکھا۔ ہمارے علم میں اضافہ ہوا۔ ہم خوب لطف اندوز ہوئے۔ ہاں! کچھ تکالیف بھی ہوئیں ، وہ بھی سیکھنے کا حصہ ہوتی ہیں۔ پاکستان کے لوگوں کو حیرت انگیز پایا، انھوں نے ہماری مدد کی، ہمیں سکھایا اور اپنے گھر ہمارے لیے کھولے‘۔ خاتون اپنی پوسٹس میں پاکستانیوں کی بہت شکرگزار پائی گئیں‘۔

بھارت ملکی اور غیر ملکی خواتین کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے دردناک واقعات کی بنا پر ایک بدترین ملک قرار دیا جاتا ہے۔ بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق، 2022 میں بھارت میں ہر روز اوسطاً تقریباً 90 ریپ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ سن دو ہزار اکیس کے مقابلے میں بھارت میں گینگ ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ تب اوسط بیاسی تھی۔ پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کی وجہ سے لڑکیوں اور خواتین کی بڑی تعداد اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کی شکایت درج ہی نہیں کراتی ہیں۔ بھارت میں ایسے مجرموں کے لیے سزائیں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں، بھارت کے مجرمانہ نظام انصاف میں برسوں سے مقدمات پھنسے ہوئے ہیں۔ ریاست گجرات کی بلقیس بانو کے ساتھ گیارہ ہندؤوں نے گینگ ریپ کیا۔ تاہم انھیں سزا پوری ہوئی نہ تھی کہ انھیں رہا کردیا گیا۔

2012 میں ایک بھارتی طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل نے عالمی شہ سرخیاں بنائیں۔ جیوتی سنگھ، 23 سالہ فزیو تھراپی کی طالبہ کے ساتھ دسمبر میں نئی ​​دہلی میں ایک بس میں پانچ مردوں اور ایک نوجوان نے عصمت دری کی جس کے بعد اسے مرنے چھوڑ دیا۔

اس ہولناک جرم نے ہندوستان میں جنسی تشدد کو ایک بار پھر پوری دنیا میں موضوع بحث بنادیا تھا۔ ہفتوں پر محیط احتجاج کو جنم دیا، اور آخرکار عصمت دری کے جرم کے لیے موت کی سزا متعارف کرانے کے لیے قانون میں تبدیلی کی گئی۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

3 پر “63 ممالک کی سیر کرنے والے ہسپانوی جوڑے کے ساتھ بھارت میں لرزہ خیز سلوک” جوابات

  1. جاوید اصغر Avatar
    جاوید اصغر

    خوب صورت تاثراتی تحریر ۔۔۔۔۔۔ کسی قوم کے افراد کارویہ ہی اس کا۔ چہرہ ہوتا ہے۔۔بھارت میں جنونیت مذہب سے بڑھ کر سماجی رویوں میں بھی در آئی ہے۔۔۔جو الم ناک ہے۔۔۔۔۔

  2. یوسف علی آزاد Avatar
    یوسف علی آزاد

    بھارت میں بھی قانون اور سماجی انصاف کی صورتحال بہت خراب ہے ۔ مجرموں کو انتہائی سخت سزا سر عام دینی چاہئے

  3. کرن Avatar
    کرن

    اور یہی بھارتی پاکستان دشمنی میں پاکستانی جوان پر ایسے گھٹیا الزامات لگاتے ہیں جبکہ خود ان کی اپنی ذہنیت خراب ہے
    انتہائی افسوس کی بات ہے