ہر صاحب دل پریشان ہے کہ کرہ ارضی امن کا گہوارہ نہیں رہی۔ اور ہر فرد دوسروں کی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ کوئی تدبیر اختیار کرے۔
کیا آپ دنیا میں ہرطرف پھیلی بیماری، بے ایمانی، فحاشی، بد اخلاقی کو بدلنے پہ قادر ہیں؟ یقیناً نہیں۔
بھلا ایک فرد سارے انسانوں کی تربیت کیسے کر سکتا ہے؟
سب ہی اپنی اپنی جگہ اس کرہ ارضی کی اصلاح و سلامتی کے ذمہ دار ہیں۔ سب کا گھر یہ زمیں ہے تو کوئی آفاقی اصول ضرور ہوگا جس کی ساری انسانیت پابندی کرے۔ وہ اصول ہر مذہب کے مطابق ’عدل‘ ہے۔ حتی کہ لادینیت بھی اسی اصول کو مانتی ہے۔ یہی اصول ہر ملک، ادارے اور گھر پہ لاگو ہوتا ہے۔ اگر عدل نہ رہے تو ایک فرد کی نفسیات بگڑ جاتی ہے۔ جب پوری قوم عدل کے فہم سے عاری ہوجائے تو قوم کی نفسیات بھی تباہ ہوجاتی ہے۔ جب نفسیات میں بگاڑ ہوتو سچ اور جھوٹ گڈمڈ نظر آتا ہے۔
اگر کچھ صحت مند نفسیات کے مالک لوگ موجود ہوں تو ان کی ذمہ داری ’عدل‘ کی راہ ہموار کرنا ہے۔ بحیثیت ایک فرد کے ہم ساری دنیا کو صراط مستقیم (عدل) پہ گامزن نہیں کر سکتے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے بھی نہیں اور نہ ہی ہم اس کی جواب دہی کے مکلف ہیں۔ مکلف صرف (فاتقوا اللہ ماستطعتم) کے ہیں۔ ہم پورے آسمان کا جتنا حصہ ایک وقت پہ دیکھ پاتے ہیں، پوری زمین کے جتنے حصے پہ ایک وقت میں ٹھہر سکتے ہیں، اسی حساب سے اندازہ لگانا چاہیے کہ ہم انسانوں کی پوری آبادی میں سے کتنے انسانوں تک حق کی آواز پہنچا سکنے پہ قادر ہیں۔ بس! ہم اسی کے مکلف ہیں اور ہم سے اسی کی جواب دہی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے
الیکشن 2024: ایک پاکستانی خاتون کا خط
اپنی صلاحیتوں اور اختیار کے ساتھ کتنا اور کہاں تک اثر ورسوخ ہے ہمارا انسانوں کی آبادی میں ہے؟
کچھ زیادہ نہ سہی،
بحیثیت مسلمان سورہ التحریم کے حکم الٰہی ہی کو مد نظر رکھ لیا جائے اور سرخرو ہونے کی کوشش کی جائے۔ جب ہر فرد اپنے دائرہ اختیار میں اس آیت پہ عمل کرے گا تو ان شاء اللہ کرہ ارضی کی ابتری بہتری میں بدل جائے گی۔ اور یاد رہے کہ اپنے اہل و عیال کو بہترین حکمران کے انتخاب کے لیے تربیت کرنا بھی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔
’اے ایمان والو! تم اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان ہیں اور پتھر، جس پر سخت دل مضبوط فرشتے مقرر ہیں جنہیں جو حکم اللہ تعالیٰ دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم دیا جائے بجا ﻻتے ہیں‘(التحریم)
اپنے ماضی کی خلش ، حال کی پریشانی دور کرنے اور محفوظ مستقبل کا یہی کار گر نسخہ ہے۔
ربنا آتنا فی الدنیا حسنہ و فی الاخرة حسنہ وقنا عذاب النار۔
2 پر “پیغام صبح: دنیا بدل دو” جوابات
دنیا بدل دو۔۔۔۔۔ خوب صورت ۔۔ مشورہ۔۔اور حل۔۔۔۔ عدل اجتماعی ۔۔۔۔۔۔۔ انفرادی عدل سے اجتماعیت کا سفر۔۔۔۔۔۔
شکریہ !