جماعت-اسلامی-کا-جلسہ-،-کراچی۔-پاکستان

 پیغام صبح : انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

اپنے آپ کو سچا مومن ثابت کرنے کے لیے پختہ عزم کی ضرورت ہے۔

سچا مومن ہونے کا جو عزم آج ہمیں کرنا ہے وہ یہ ہے کہ ’ہم جو اپنے لیے پسند کرتے ہیں وہی دوسروں کے لیے بھی پسند کریں‘

 سب سے پہلے انسان اپنے لیے انسانیت کے ناتے عزت نفس کی پاسداری،  اپنے مقام و مرتبے کو قائم رکھنا چاہتا ہے، دوسروں کی زبان سے اپنے لیے احترام کے خطابات و القاب پسند کرتا ہے۔ اپنے آعمال صالحہ کا تذکرہ اور عیوب کی پردہ پوشی پسند کرتا ہے۔ اختلافات کا سمندر کتنا ہی وسیع کیوں نہ ہو، عقائد اور نظریات کی خلیج کیسی ہی گہری کیوں نہ ہوجائے، مومن اللہ تعالی کی نظر میں ناپسندیدہ ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

ہر فرد اپنی زبان سے نکلنے والے ہر لفظ سے اپنے والدین اور خاندان کا تعارف کرواتا ہے اور وہ فرد جو اللہ رب العزت پہ ایمان لایا ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا راہبر مانتا ہے وہ  زبان سے نکلنے والے ہر لفظ سے اپنے ایمان کا پیمانہ  بتا رہا ہوتا ہے۔ سچی بات ہے کہ زبان ہی کسی فرد کے اخلاق و اعمال اور اس کے وعدوں اور دعووں کی ضامن ہوتی ہے۔

الیکشن سے پہلے امیدوار اور ان  کے حامی اپنے خطاب میں جو زبان استعمال کرتے ہیں، جس طرح مد مقابل کے سچے جھوٹے عیوب کی تشہیر کرتے ہیں، گالم گلوچ کرتے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے لیے بھی یہی طرز عمل پسند کرتے ہیں۔

انسان کو وہی ملتا ہے جس کے لیے اس نے راہ ہموار کی ہوتی ہے۔ عوام کو حسین مستقبل کے خواب دکھانے والے کی زبان سے نکلنے والا ہر لفظ اسی خواب کی طرح خوبصورت ہونا چاہیے۔

زبان ہانڈی کا چمچہ ہے جو اندر پکوان ہوگا چمچہ اسی کو باہر نکالے گا۔ مد مقابل کی بد زبانی جس مومن کو مشتعل نہ کر سکے وہی مستقبل کا جری بہادر قابل اعتماد لیڈر بن سکتا ہے۔ جو مقامی مخالف کی تند وتیز ہوا کا مقابلہ نہ کر سکے وہ دنیا میں اٹھنے والے طو فانوں کا مقابلہ کیسے کر سکتا ہے؟

اپنے ایمان، خاندان، والدین کی عزت اور تعلیم و تربیت کے خزانے کی چابی زبان ہے۔ جب زبان کھلتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ خزانے میں ہیرے جواہرات ہیں یا کچرے کا ڈھیر۔

مومنو! اگر آپ کے سامنے کسی کی زبان بے لگام ہے تو یہ آپ کے حلم، برداشت، مکارم اخلاق کا امتحان ہے۔ الیکشن میں جیتنا اہم ہو یا نہ ہو، اخلاق و کردار کے امتحان میں کامیاب ہونا اور استقامت دکھانا بہر حال اہم بھی ہے اور سچی کامیابی بھی۔

اللھم احسن عاقبتنا فی الامور کلھا واجرنا من خزی الدنیا و عذاب الاخرة۔ آمین

سبحنک اللھم وبحمدک نشھد ان لا الہ الا انت نستغفرک و نتوب الیک


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

2 پر “ پیغام صبح : انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام” جوابات

  1. جاوید اصغر Avatar
    جاوید اصغر

    بہت عمدہ تحریر ۔۔۔۔ الیکشن جیتنا اہم ہو یا نہ ہو۔۔ مکارم اخلاق میں کام یابی اہم ہے۔۔۔۔۔۔ کاش اتنی سادہ زبان سی بات۔”۔ زبان درازوں” کو سمجھ اجائے۔۔۔۔

    1. بشری تسنیم Avatar
      بشری تسنیم

      شکریہ ، آپ نے تحریر کی حوصلہ افزائی فرمائی ۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا