بلاول زرداری وزیراعظم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پھٹ پڑے

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں


پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول زرداری نے کہا کہ شاید سلیکٹڈ وزیراعظم کو پتہ نہیں کہ وفاق کی بنیادیں کتنی کمزور ہوچکیں ہیں ،کیا وجہ ہے کہ سندھ کے مفادات اور اعتراضات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جارہے ہیں۔

نوڈیرو میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ تمام قوتوں کو پیغام دیناچاہتاہوں کہ تم سے اورتمہاری سازشوں سے، تمہارے جھوٹ سےلڑوں گا، تمہارے غرور کو تار تار کردوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرف نظر دوڑائیں غم و غصے کی لہر موجود ہے مگر مجال ہے کہ اس ملک کے ٹھیکیداروں کو کچھ احساس ہو،میاں صاحب کو سزا دلوانے کےبعد جو نعرے پنجاب میں لگے اس کا کوئی تصور بھی کرسکتا تھا۔

بلاول زرداری نے کہا کہ آج ملک کی باگ ڈور ناتجربہ کار کے ہاتھ دے دی گئی ،اگر خان صاحب کو حکومت دینا ہی تھی تو تھوڑی تیاری ہی کرادیتے۔

چیر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جسے اپنے وزیراعظم ہونے کا بیوی سے ، اور روپیہ گرنے کا ٹی وی سے پتہ چلتاہے ،مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان اٹھادیا گیا ہے،تجاوزات کے خاتمے کے نام پر لاکھوں غریبوں کو گھر کی چھت سے محروم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس کی انویسٹی گیشن تو کی ، اگر ہمت ہے تو بے نامی وزیراعظم کی انویسٹی گیشن بھی کرو۔

پی پی چیر مین نے کہا کہ خان صاحب کہتےہيں کہ یوٹرن لینا عظیم لیڈر کی نشانی ہے ،عمران تو وہ کٹھ پتلی ہے جو اس ملک کو ون یونٹ بنانا اور ملک میں ون پارٹی رول بنانا چاہتا ہے، وہ صوبوں کو ملنے والے مالی اختیارات واپس لینا چاہتےہیں ،وہ چاہتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے میں ، میں ان کا ساتھ دے دوں ،میں یہ کبھی نہيں کرسکتا نہ ہی کروں گا ۔

بلاول زرداری نے مزید کہا کہ یہ مجھے نام نہاد اور یکطرفہ احتساب سے نہیں ڈراسکتے ،ہم نے مشرف کا احتساب اور انتقامی کارروائیاں دیکھی ہیں،تم کس کھیت کی مولی ہو ، تمہاری کیا حیثيت ہے تم صرف کٹھ پتلی ہو ، تمہاری ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے یہ کیا احتساب ہے جس کا نشانہ صرف اور صرف اپوزیشن ہے،نیب کی پھرتیاں صرف اپوزیشن کو گرفتار کرنے کے لیے کیوںہے،پروفیسر کو ہتھکڑی لگاکر پیش کیاجاتاہے ، علیمہ خان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ۔

پی پی چیرمین نے کہا کہ آج پھر صدر زرداری کے ساتھ ظلم کیا جارہاہے، جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ ، جھوٹ اور سفید جھوٹ ہے ،نہ میں اسے مانتاہوں ، نہ عوام اس کو مانتے ہيں ،عدالتوں کو بے وقوف بنانے ، گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،عدالتوں کو پولیٹیکل انجنیرنگ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،یقین ہے عدالت اس جعلی رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دےگی۔

بلاول زرداری نے کہا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کو مارنے والوں کا سراغ نہيں ملتا ، لیکن کسی کے ناشتے کا بل بھی مل جاتا ہے ،جہانگیر ترین کے مالی اور باورچی پر جے آئی ٹی نہیں بنتی ،ہمارے صدقے کے بکروں کا بھی حساب لیا جارہاہے ،مجھ پر وہ کیس ڈال رہے ہيں جب میں ایک سال کا تھا ،دوسرا کیس وہ ڈالا جارہا ہے جب میں چھ سال کا تھا ،جب میں اتنا تیز بچہ تھا تو مجھے ستارہ امتیاز ملنا چاہیے تھا اور یہ مجھے نوٹسز بھیج رہے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں