شہد آپ کے کھانوں کی مٹھاس بڑھانے کے کام تو آتا ہی ہے مگر صحت کے لحاظ سے بھی انتہائی مفید ہے۔
ہوسکتا ہے آپ کو معلوم نہ ہو مگر شہد جسم کو صحت مند رکھنے اور جلد کو جگمگانے کے لیے بھی بہترین چیز ہے اور سنت نبوی میں بھی اسے بہترین قرار دیا گیا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ نہارمنہ ایک گلاس گرم پانی میں شہد کو ملا کر پینا بھی کتنا فائدہ مند ہے ؟
اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔
موٹاپے سے نجات
جی ہاں پانی اور شہد کا امتزاج موٹاپے میں کمی میں مدد دے سکتا ہے، شہد میں موجود مٹھاس قدرتی ہوتی ہے یعنی فائدہ مند ہے جو کہ جسم کو صحت بخش کیلوریز فراہم کرتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ مشروب میٹھے مشروبات کی لت سے نجات میں بھی مدد دیتا ہے، سافٹ ڈرنکس خالی کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں اور توند نکلنے کا باعث بنتی ہیں، تو ان سے دوری جسمانی وزن میں کمی اور توند کی چربی گھلانے میں مدد مل سکتی ہے، ایسا نہیں کہ شہد ملے پانی کا استعمال راتوں رات موٹاپا دور کردے گا مگر طویل المعیاد بنیادوں پر یہ بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
قبض ہمیشہ دور رہے
نہار منہ ایک گلاس گرم پانی میں شہد کو ملا کر پینا نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے، شہد کے جراثیم کش خصوصیات معدے کی تیزابیت کو کم کرتی ہے جبکہ آنتوں کو افعال کو بہتر کرتی ہے، اس مشروب سے آنتیں ہائیڈریٹ ہوتی ہیں اور قبض کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
جسمانی مدافعتی نظام مضبوط بنائے
جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ شہد صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، خالی شہد کھانا بھی جسم کو وٹامنز، منرلز اور دیگر اجزا کی فراہمی کا باعث بنتا ہے جس سے جسم کوبیکٹریا سے تحفظ ملتا ہے۔اسی طرح شہد اور پانی کا امتزاج بھی جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے جس سے مختلف امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
جسمانی توانائی بڑھائے
شہد اور گرم پانی جسمانی توانائی بڑھانے کے لیے بہترین مشروب ہے، اس سے جسم میں پانی کی مناسب مقدار تو برقرار رہتی ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ اس میں موجود مٹھاس اور کاربوہائیڈریٹس فوری جسمانی توانائی بڑھاتے ہیں۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ جسم میں پانی کی معمولی کمی بھی تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔
گلے کی سوجن اور کھانسی سے نجات
مایو کلینک کے مطابق شہد کو گرم پانی میں ملا کر پینا گلے کی خراش اور سوجن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، شہد گلے میں ایک تہہ بناتا ہے جبکہ گرم پانی سکون پہنچاتا ہے۔ یہ دونوں افعال مل کر کھانسی کو کم کرتے ہیں۔
زہریلے مواد کا اخراج
شہد کو گرم پانی میں ملا کر پینا جسم سے زہریلے مواد کے اخراج میں بھی مدد دیتا ہے جو کہ مختلف امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس مشروب میں لیموں کا اضافہ اس کا فائدہ مزید بڑھا دیتا ہے کیونکہ اس سے پیشاب زیادہ آتا ہے اور پیشاب کی نالی میں سوزش کے باعث بننے والے بیکٹریا کا اخراج فوری ہوجاتا ہے، لیموں میں موجود کھٹاس جگر کو حرکت میں لاکر زہریلے مواد کے اخراج میں مدد دیتی ہے۔
گیس دور کرے
پیٹ میں گیس بھرنے سے پریشان ہیں؟ تو ایک گلاس گرم پانی میں شہد ملا کر پی لیں، جس سے اس تکلیف سے جلد نجات میں مدد ملے گی۔
صحت بہتر بنائے
اوپر درج کیے گئے تمام فوائد سے قطع نظر یہ مشروب جسم میں صحت کے لیے فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح کو بڑھانے کے ساتھ خون کی شریانوں پر تناﺅ میں کمی بھی مدد دیتا ہے، جس سے امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
(یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں)