آلوک ورما اور جیوتی موریہ

شوہر کے پیسوں پر افسر بننے والی بیوی کی بے وفائی

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

جویریہ خان

 دکھ تو ہوتا ہے نا !

جب شوہر بیوی کے سارے بہترین خواب پورے کرے اور پھر بیوی شوہر سے بے وفائی کرتے ہوئے چلتی بنے۔

بھارت کے ضلع بریلی میں ہونے والے اس واقعہ نے ایک فرد ہی کو متاثر نہیں کیا بلکہ اس واقعہ کو جان کر ہر شوہر اور بیوی نے ایک بار تو ضرور ایک دوسرے کی طرف دیکھا ہوگا، آنکھوں ہی آنکھوں میں بہت کچھ پوچھا ہوگا اور بہت کچھ کہا ہوگا۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ جیوتی موریہ نام کی ایک لڑکی کی شادی بریلی ضلع کے رہنے والے آلوک ورما کے ساتھ 2010 میں ہوئی۔ آلوک ورما ریاست کے پنچایت راج ڈیپارٹمنٹ میں خاکروب تھا۔  شادی کے فوراً بعد دلہن نے دولہا سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کو آگے بڑھانا چاہتی ہے، اور اس کا خواب ہے کہ وہ ریاستی سول سروس کا امتحان پاس کرکے سول سرونٹ بنے۔

معمولی ملازمت کرنے والے آلوک ورما نے بیوی کی یہ خواہش سنی، وہ خوش ہوا، اس نے بھی خواب دیکھا ہوگا کہ بیوی پی سی ایس افسر بن گئی تو زندگی بدل جائے گی۔

جیوتی کے شوہر نے ہی نہیں ، سارے سسرال والوں نے اس کے خواب پورے کرنے کے لیے مکمل ساتھ دینے کا یقین دلایا، پڑھائی کا خرچہ اٹھایا، آخر کار جیوتی نے2015 میں پی سی ایس کا امتحان پاس کیا اور سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) بریلی تعینات ہوگئی۔

جب جیوتی موریہ افسر بننے کے لیے پڑھ رہی تھی اور آلوک ورما اچھے مستقبل کے خواب دیکھ رہا تھا

عین اسی سال جیوتی جڑواں بچوں کی ماں بھی بن گئی۔ یوں نہ صرف دونوں میاں بیوی بلکہ دونوں کے خاندان خوشی سے جھوم اٹھے۔ اگلے 5 برس تک جیوی اور آلوک خوشی خوشی زندگی بسر کرتے رہے۔ تاہم ان کی خوشیوں کے رنگ میں بھنگ اس وقت پڑی جب جیوتی کی ایک افسر سے دوستی ہوگئی۔ یہ نوجوان افسر ہوم گارڈ ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ منیش دوبے تھا۔ دونوں افسروں کا تعلق صرف دوستی کا نہ تھا بلکہ ناجائز تعلقات قائم ہوچکے تھے۔ اس دھوکے نے آلوک کو سخت رنج پہنچایا۔ اس روز اس نے سوچا کہ بیوی کو تعلیم دلا کر اس نے کس قدر بڑی غلطی کی ہے۔

الوک موریا کے مطابق پہلے تو وہ کئی سال تک جیوتی اور منیش دوبے کی بات چیت کو پیشہ وارانہ بات چیت سمجھ کر نظر انداز کرتا رہا لیکن ایک دن بیوی کے فون میں اس کا فیس بک کھلا رہ گیا تو میسنجر پر نازیبا پیغامات دیکھ کر اسے ساری کہانی سمجھ میں آگئی۔ بعدازاں آلوک نے جیوتی اور آلوک کو رنگے ہاتھوں پکڑ بھی لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سیما غلام حیدر سے سیما سچن تک، ایک کہانی جس میں کئی سبق موجود ہیں

ہوا کچھ یوں کہ جیوتی شوہر سے کہتی کہ وہ سرکاری کام کی غرض سے لکھنئو جارہی ہے اور وہ منیش کے ساتھ راتیں گزارتی تھی۔ آلوک نے کئی بار اپنی بیوی کا پیچھا کیا اور وہ اس ہوٹل تک جا پہنچا جہاں دونوں افسر ملتے تھے۔

آلوک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی کی اعلٰی تعلیم مکمل کرنے اور پی سی ایس افسر بننے کے خواب پورا کرنے کے لیے برسوں سے شدید محنت کرتا رہا ۔ حتیٰ کہ اس نے پڑھائی کیلئے جیوتی کو پریاگ راج کے ایک اہم کوچنگ سینٹر میں بھی داخل کرایا تھا تاہم جب کامیابی مل گئی تو جیوتی نے اسے چھوڑ دیا۔

الوک کے مطابق جب اس نے بیوی سے اس حوالے سے بات کی تو وہ بجائے شرمندہ ہونے کے الٹا اس پر چڑھ دوڑی اور آگ بگولہ ہوگئی۔ شوہر کو جیل بھجوانے کی دھمکی بھی دی اور بعد ازاں اسے جہیز خوری کے الزام میں پھنسانے کی کوشش کی۔

شوہر کے مطابق جب اس نے جیوتی کو مہذب طریقے سے منیش دوبے سے تعلقات ختم کرنے کا کہا تو اس نے طلاق کا مطالبہ کردیا اور پھر دھکمیاں دی۔ بعدازاں جیوتی نے آلوک ورما کو ملازمت سے بھی نکلوا دیا۔

آلوک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جیوتی اور منیش نے اسے قتل کرنے کی سازش بھی کی تھی۔ اس نے ثبوت کے طور پر جیوتی کی واٹس ایپ چیٹ بھی میڈیا کے سامنے پیش کی۔

جب جیوتی نے شوہر پر جہیز کا الزام عائد کیا اور اسے ملازمت سے نکلوایا تو یہ نہ سوچا کہ اس کے بعض ایسے راز بھی شوہر کے پاس ہوں گے جو اس کی ملازمت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

آلوک نے جیوتی کی ایک ڈائری بھارتی میڈیا کے سامنے پیش کی جس میں مبینہ طور پرکرپشن کے ثبوت تھے، ان ثبوتوں سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون نے بطور سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تین سال تک بطور ایس ڈی ایم ماہانہ 6 لاکھ روپے کی کرپشن کی۔ اب ریاست اترپردیش کی حکومت جیوتی موریہ کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری طرف جیوتی موریہ کا کہنا ہے کہ وہ شوہر کے الزامات (ساتھی افسر سے ناجائز تعلقات) پر کچھ نہیں کہناچاہتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جو کچھ بھی کہیں گی، عدالت ہی میں کہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آلوک موریہ کی طرف سے پیش کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ پر ان کے خلاف مقدمہ کر رہی ہیں۔ انھوں نے اس چیٹ کے درست یا غلط ہونے کے بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا۔

منیش دوبے کے خلاف محکمانہ تحقیقات ہوئیں تو جیوتی اور اس کے درمیان ناجائز تعلقات ثابت ہوگئے۔ چنانچہ اسے محکمے کا نام بدنام کرنے کی بنا پر معطل کرنے کی سفارش کردی گئی ہے۔

آلوک ورما کی طرف سے پیش کی گئی جیوتی موریہ کی چیٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ جیوتی اسے ‘ بدقسمتی’ سے تعبیر کرتی ہے۔

اس وقت اس سارے قصے کو جاننے والے بھارتی لوگ دو حصوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔ بعض لوگ جیوتی کو لعن طعن کر رہے ہیں کہ اس نے پی سی ایس افسر بن کر اپنے کلاس فور کے ملازم شوہر کو چھوڑ دیا حالانکہ اسی کی قربانیوں اور پیسے سے وہ اس مقام پر پہنچی۔ دوسری طرف ایسے بھی لوگ ہیں جو جیوتی کے حامی ہیں۔ اور ایک خاتون کے پی سی ایس افسر بننے کو کامیابی کی ایک کہانی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں