جیالوجی: ایک ایسا شعبہ جہاں ڈاکٹروں اور انجینئروں سے زیادہ تنخواہ اور مراعات ملتی ہیں

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

فاروق احمدانصاری
جیالوجی (علم ارضیات) اس لحاظ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ اس کی مدد سے زمین کے اندر پوشیدہ خزانے دریافت کرنے میں مدد ملتی ہے جس میں تیل ، گیس ، کوئلہ اور معدنیات شامل ہیں۔ ہمارے ملک کی سرزمین بہت زرخیز ہے، اگر اس مضمون میں مہارت حاصل کرلی جائے تو ہمیں توانائی کے حصول کیلئے کسی اور ملک کی طرف دیکھنے کی ضرورت محسوس نہ ہو بلکہ ہم دیگر ممالک کو توانائی برآمد بھی کرسکیں گے۔

جیالوجی زمینی علوم کی وہ شاخ ہے، جس میں ٹھوس زمین، چٹانیں اور وہ عوامل جن سے یہ تبدیل ہوتی ہیں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ جیالوجی کا لغوی مطلب‘‘زمین کا علم‘‘ ہے۔ اس کو عمومی طور پر دوسرے سیاروں کے ٹھوس خواص کے مطالعہ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

ارضیات ہمیں زمین کی تاریخ کے بارے میں بھی بتاتی ہے اور اس کے لیے پلیٹ ٹیکٹونکس، زندگی کی ارتقائی تاریخ اور ماضی کے موسموں کے بنیادی ثبوت مہیا کیے جاتے ہیں۔ معدنیات اور خام تیل کی تلاش و اخراج، پانی کے ذخائرکا تخمینہ، قدرتی آفات کے سمجھنے، ماحولیاتی مسائل کے حل اور ماضی کے موسموں کو سمجھنے میں ارضیات کا اہم کردار ہے۔

عالمی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور حیاتی کرّہ کی حفاظت کیلئے انسانوں کو بہت بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے۔اسی لئے سائنسدانوں نے بہت سے منصوبوں پر کام شروع کیاہے، جن کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کی جانچ پڑتال ہوسکے۔ اس میں مدد کیلئے جیو انجینئرنگ کا شعبہ بھی ہے، جس کے ماہرین برف کے تودے یعنی گلشئیرز کو پگھلنے سے بچانے کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کررہے ہیں۔ غرض یہ کہ سائنس کی دنیا ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پالیسی بنانے والے تیزی سے اس بات پر متفق ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیاں مغربی پیداکردہ معمہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہیں اور اس کے نقصانات آئے دن بڑھتے جارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین بہت سے منصوبوں پر کام کررہاہے۔

جیو مورفولوجی
جیومورفولوجی میں زمین کی اشکال اور اس کی صورت گری کے عمل کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ جیو مور فولاجی تین یونانی الفاظ کا مرکب ہے ۔جیو یعنی زمین، مورفی یعنی شکل اور لوگوس یعنی مطالعہ اس طرح جیو مور فولاجی کے معنی زمینی اشکال کا مطالعہ ہوئے۔ جیو مور فولاجی میں زمینی اشکال پر غور کیا جاتا ہے کہ وہ اس صورت میں کیسے ظاہر ہوئیں؟ ان کی تا ریخ اور حرکیات پر تحقیق کی جاتی ہے اور پھر ان سب کے ساتھ مختلف ریاضیاتی اعدادو شمار کو شامل کر کے مستقبل کی صورت گری کی پیش گوئیاں کی جاتی ہیں۔ جیو مور فولاجی کا استعمال جغرافیہ، آرکیالوجی، جیالوجی اور جیو میٹریکل انجینئرنگ اور اس سے متعلقہ تمام تحقیقی شعبہ جات میں ہوتا ہے۔

جیوکیمسٹری
جیو کیمسٹری ایک سائنس ہے، جو زمین کی کیمیائی ساخت، کیمسٹری اور کیمیائی ارتقاء کا مطالعہ کرتی ہے۔ یہ ایک نظم و نسق ہے، جو کیمسٹری اور طبیعیات کے ساتھ ساتھ جغرافیہ سے مل کر تیار کی گئی ہے۔1970ء کے وسط کے بعد سے جیو کیمسٹری، ارضیات اور جیو فزکس ،ٹھوس زمین کی سائنس کے تین ستون بن گئے ہیں۔ جغرافیائی نظریات اور طریقے معدنی وسائل، زرعی ترقی اور ماحولیاتی سائنس کی تلاش، تشخیص اور ترقی کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ زمینی سائنس میں بنیادی اصولوں کی کچھ بڑی تحقیقاتی کامیابیاں بھی ہوئیں، جیسے سرحدوں کے واقعات، سمندر کے فرش کا ارتقا ء وغیرہ۔ یہ سب جیو کیمسٹری کے مطالعہ سے متعلق ہیں۔

جیالوجی میں کیریئر
جیالوجی ایک مختلف فیلڈ ہے اور کیریئر کے حوالے سے اس میں بہت اچھے مواقع ملتے ہیں۔ جیالوجی کے حوالے سے جن اسپیشلائزیشنز کی مانگ ہے، اُن میں جیولیوجیکل انفارمیشن سسٹم سب سے اہم ہے۔ اس کیلئے آپ بیچلرز کرنے کے بعد ارتھ کویک (Earthquake) یا ڈزاسٹر مینجمنٹ(Disaster Management) میں ایم ایس سی یا ایم ایس کر سکتے ہیں، جس سے آپ کو کیریئر کے حوالے سے مزید اچھے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔

ملک سے باہر مواقع
اگر آپ بیرون ملک ملازمت میں بہترین تنخواہ کے خواہاں ہیں تو آپ کو چاہیے کہ جیالوجی (ارضیات)کی تعلیم حاصل کریں۔اس شعبے میں بہت سی اچھی نوکریاں موجود ہیں۔ تیل اور نیوکلئیر سائنس میں ترقی کی وجہ سے اس شعبے میں لوگوں کی مانگ بہت زیادہ ہے۔ حال ہی میں شائع شدہ اعدادوشمار کے مطابق ایمپیریل کالج لندن سے ارضیات میں گریجویٹ کرنے والے افراد کو سالانہ 70 ہزار برطانوی پائونڈ سے زائد اوسطاََتنخواہ ملتی ہے،یہ تنخواہ ڈاکٹروں اور انجینئرز سے بھی زیادہ ہے ۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں