سینئر تجزیہ کاروں کاکہناہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی گرفتاری پر احتجاج موثر ثابت نہیں ہوگا،ملک گیر تحریک چلتی نظر نہیں آتی، اپوزیشن کا مسئلہ قائمہ کمیٹیاں اور پروڈکشن آرڈر نہیں مقدمات ہیں،ان خیالات کا اظہار ریما عمر، محمل سرفراز، ارشاد بھٹی، مظہر عباس، حفیظ اللہ نیازی اور سلیم صافی نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نواز شریف اور آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے سوال پرارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں اپوزیشن کا احتجاج کا فیصلہ درست ہے، اپوزیشن نے احتجاج کا فیصلہ تو کرلیا مگر کس طرح ہوگا یہ نہیں بتایا، یہ بھی واضح نہیں کہ فیصلہ حق میں آیا تو خاموشی کیسے ہوگی۔
سلیم صافی نے کہا کہ گرفتاری کے بعد دونوں جماعتیں بھرپور سیاست شروع کردیں گی جو پاکستان کیلئے اچھا ہوگا۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ گرفتاری کی صورت میں احتجاج کا فیصلہ درست، یہ پارٹیاں چپ بیٹھ گئیں تو انکی سیاست مر جائے گی۔مظہر عباس نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اکٹھے ہوتے ہیں تو عمران خان کو فائدہ ہوگا، عمران خان کا بیانیہ یہی ہے کہ دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں، ملک گیر تحریک چلتی نظر نہیں آتی۔ریما عمر کا کہنا تھا کہ گرفتاری پر احتجاج موثر ثابت نہیں ہو گا۔
حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد ہی پاکستان کی سیاست کا جمود ٹوٹے گا۔سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر بھی آگئے، کیا اب اپوزیشن حکومت کو چلنے دے گی؟ ارشاد بھٹی نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے کے باوجود اپوزیشن حکومت کو نہیں چلنے دے گی۔