فروا حسن
[email protected]
سونا اور چاندی روبرو تھے
” چاندی ! اخبار تو کھول یار ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ” سونے نے باغ میں موجود بینچ پر بیٹھتے ہوئے کہا
ہونہہ ! اخبار کھلا تو بادشاہ سے مزدور تک سب کا بھرم کھل جائے گا
چاندی نے سر جھٹکا۔
"سنا ہے پیٹرول پھر مہنگا ہو گیا”
سونے نے بم پھینکا۔
چاندی نے کوئی جواب نہیں دیا ، وہ کسی سوچ میں گُم تھی ۔
چاندی ! یار !! حالات کہتے ہیں کہ دو بھائی ایک روٹی کھائیں "
اچھا!!!…” حالانکہ حالات خود پورے ملک کو کھا رہے ہیں "۔
چاندی کے طنز پر سونا مُسکرایا۔
"جانِ من ! بس زندگی سستی ہے "
"ہاں پر زندگی ڈال کر ہانڈی نہیں بنائی جا سکتی "
چاندی ہنوز سنجیدہ تھی۔
"زندگی ہوں اس لیے ایسا بھی ہوں ویسا بھی ہوں "
سونا فُل موڈ میں تھا۔
ہمم! ایسے ہی رہنا ویسا بننے کی کوشش میں "امپورٹڈ ” نہ بن جانا, یہ منظور نہیں ہو گا۔
"چاندی رے چاندی ! کل چڑیا گھر میں جلسہ تھا ". سونا نے موضوع بدلنے کی کوشش کی ۔
"اچھا؟؟؟.شیر کو بولنے کا موقع ملا” ؟۔ چاندی کے لہجے میں تجسس تھا۔
ارے کہاں! اُس کو نظر لگی ہے ، آواز کچھ ٹھیک نہیں تھی ۔
اچھا چل چھوڑ ! بتا میڈیا کی کیا رپورٹ ہے؟ سونے نے پوچھا ۔
"بے حیا, بےغیرت, بے شرم, بے۔۔۔۔۔۔۔۔
ارے ارے ۔۔۔۔۔۔۔سونا بوکھلایا۔
"تم کیوں لال پیلے ہو رہے ہو میں تو ” بے ” کے لاحقے بنا رہی تھی "۔
یار چاندی ! غریب کی بھی کیا زندگی ہے ؟ سونے نے آہ بھری۔
"ارے کمال کرتے ہو ! غریب کی ہی تو زندگی ہے , ہر لمحے اپنے ہونے کا احساس دلاتی ہے "۔
"سنا ہے بڑے احتجاج چل رہے ہیں "، سونے کو نئی سوجھی.
"ہاں ! لوگ اپنے کام دھندے چھوڑ کرحکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں اور خالی جیلیں بھی بھر رہے ہیں ".
چاندی نے ہاتھ جھاڑے۔
"سنا ہے مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے” سونے کو نئے دکھ نے آن گھیرا۔
” شکر ہے”! اب اسے فرشتوں سے شہابِ ثاقب پڑیں گے تو نیچے آ جائے گی.
چاندی مطمئن ہوئی مگر سونا بھڑک اٹھا۔
تم سنجیدہ نہیں ہو رہی! 1000 روپے میں گھی کے 2 پیکٹ بھی نہیں مل رہے….
"وہ جو مل گیا اسے یاد رکھ جو نہیں ملا اسے بھول جا”۔
سونا واک آؤٹ کر چکا تھا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سونا عادت سے مجبور پھر چاندی کے پاس تھا ۔
"چاندی رے چاندی! خاموش کیوں ہو؟”
کوئی ایسی ہی بات ہے جو چپ ہوں
ورنہ کیا بات کر نہیں آتی
چاندی نے آہ بھری۔
"حالات پر ہی تبصرہ کر دے….. سونے نے اُکسایا۔
نظر آتی ہی نہیں صورتِ حالات کوئی
اب یہی صورتِ حالات نظر آتی ہے
ہونہہ! "شاعری کی دکان”…. سونے نے منہ بنایا۔
"آو کچھ کھیلیں "۔سونا آرام سے کہاں ٹِک سکتا تھا ۔
"الیکشن الیکشن .. یا چور سپاہی "؟چاندی کا انداز سوالیہ تھا۔
"چل چھوڑ.. یہ بتا مزدور کب اپنے حق میں آواز بلند کرے گا ؟”
یہ گلیوں کے آوارہ و بیکار کتے
کہ بخشا گیا جن کو ذوقِ گدائی
"کیا کیا کیا؟؟؟ چاندی کے ترنم پہ سونا چیخا۔
"کچھ نہیں فیض کی نظم ہے "کتے”.چاندی نے ناک پر سے مکھی اڑائی ۔
سونا مطمئن ہوا۔
” چاندی قومی کھیل تو بتا "
” لانگ مارچ "
"قومی مشغلہ "؟
"جلسے کرنا”
"اور قومی پھل”؟
” صبر کا پھل… وہ بھی کھٹا میٹھا ". چاندی نے برا سا منہ بنایا ۔
"چاندی بجلی کہاں گئی؟”سونے کے تفکرات ہزار تھے۔
"ڈوب گئی”.چاندی نے ہاتھ جھاڑے۔
"کہاں "
"بحران کے سمندر میں "
"اور آٹا”
"اکیلی تھوڑی ڈوبی ہے”.
"چاندی ! کیا لگتا ہے کھیل والوں کا "کھیل” بن جائے گا "؟
"فی الحال تو "جنگل” کا قانون ہے”…
"آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا”؟
وزیر اعظم نے کہا ہم دہشتگردی ختم کر دیں گے… سونا پر امید تھا۔
"اور دہشتگرد”؟؟؟…چاندی کے سوال پر سونا جھنجلا اٹھا ۔
” تم قنوطی ہوتی جا رہی ہو "
” میں نے کب کہا خدا نے آنکھیں رونے کے لیے بنائی ہیں ". چاندی کو الزام برا لگا۔
"پھر بھی ملک کے لئے اچھا بولنا چاہیے ". سونے نے منہ بنایا۔
"سارا اچھا میں نے بول دیا تو بیچارے نیوز چینل کیا کریں گے ؟”چاندی کو سونے کی بات پسند نہ آئی ۔
"آؤ تمہیں چاند پہ لے جائیں "… چاندی کا موڈ بحال کرنے کے لیے سونا چہکا۔
"وہاں پیٹرول کی کیا قیمت ہے "؟چاندی نے پرسوچ انداز میں کہا۔
” سوچ رہی ہوں ایک آف شور کمپنی بنا لوں”
"کہاں چاند پہ”؟۔۔۔ سونے کو جھٹکا لگا ۔
” ہاں "!!! زمینی ممالک ميں ہمارے اپنے وطن کی کمپنیاں ہیں… جگہ نہیں ہے”
"تم اثاثے چھپائو گی”؟ سونا حیرت زدہ تھا۔
"نہیں وطن کی اساس رکھوانی ہے وہاں محفوظ رہے گی”
چاندی کے جواب پہ سونا چپ کا چپ رہ گیا۔۔
4 پر “نظر آتی ہی نہیں صورتِ حالات کوئی” جوابات
بہت عمدہ الفاظ میں موجودہ حالات کو بیان کیا گیا ہے۔ انداز بیاں بہت خوبصورت ہے۔ موقع محل کے مطابق اشعار نے تحریر کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
عمدہ کاوش، بہت اچھا ،کوشش جاری رکھین،
بہت شکریہ آپ کی محبت اور رائے کا۔
لاجواب۔