حکومتی پابندیاں، سب سے بڑے اخبار کی اشاعت بند

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی بے جا پابندیوں کے باعث 1943 سے شائع ہونے والے اخبار کی اشاعت بند کردی گئی۔

جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا کا سب سے بڑے اخبار’ ال نیکیونل‘ کی اشاعت ملک میں پرنٹ میڈیا پر عائد پابندیوں کی وجہ سے بند ہوگئی۔ ال نیکیونل کے مالک اور ایڈیٹر میگیل اینریک اوتیرو نے بتایا کہ اخبار کا آخری ایڈیشن 14 دسمبر کو شائع کیا گیا تھا۔ میگیل اینریک اوتیرو خودساختہ جلا وطنی کے تحت میڈرد میں مقیم ہیں اور وہیں سے اخبارات کا نظام سنبھالتے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے اخبارات تک رسائی پر عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سےال نیکیونل صرف آن لائن دستیاب ہوگا۔

1943 سے شائع ہونے والا یہ اخبار سیاست پر توجہ مرکوز رکھتا ہے اور وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کی حکومت پر تنقیدی رپورٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ ( سی پی جے ) کے مطابق وینزویلا کی حکومت کی جانب سے اخبارات تک رسائی پر عائد پابندیوں کی وجہ سے 20 سے زائد اخباروں کو اشاعت بند کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ سی پی جے کے جنوبی امریکا کے پروگرام کوآرڈینیٹر نتالے ساؤتھ وک کا کہنا ہے کہ ’ ال نیکیونل کی اشاعت بند ہونا وینزویلا کی حکومت کی جانب سے تنقیدی رپورٹنگ کو روکنے اور آزاد میڈیا کو خاموش کروانے کی مہم کا حصہ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ صدر نکولس مدورو کی انتطامیہ کو وینزویلا کے حقوق کی آگاہی کا احترام کرنا چاہیے اور اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام آزاد اخبارات کو ان تمام ذرائع تک رسائی حاصل ہو جو ان کی اشاعت جاری رکھنے کے لیے ضروری ہیں‘۔


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں