عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پہلے دن سے ہی حزب اختلاف کی جماعتوں کے نشانے پر ہے. ایک طرف عمران خان کے قلعے پر مسلسل گولہ باری کرتی رہیں تو دوسری طرف وہ یہ بھی چاہتی تھیں اور ہیں کہ عمران خان حکومتی قلعے میں اگلے پانچ برس گزاریں تاکہ وہ اپنے ہی کئے گئے وعدوں کے نیچے دب جائیں. تاہم اب پیپلزپارٹی نے حکومت گرانے کے کچھ اشارے دینا شروع کردئیے ہیں، دوسری طرف عوام کو باور کرانا شروع کردیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوچکی ہے.
آج پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ عمران خان نے حکومت اور اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا۔
ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہاکہ وزیراعظم 4 ماہ بعد مڈٹرم انتخابات کا کہہ دیں تو اس سے بڑی ناکامی کیا ہوسکتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت 4 ماہ میں ایکسپوز ہوگئی ہے،پارلیمنٹ نہیں پی ٹی آئی حکومت ناکام ہوئی ہے،پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نئے انتخابات ہوں گے یا پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی آئے گی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ روز روز غیر یقینی صورتحال پیدا کر کے عوام کو آزمائش میں ڈالا جائے۔