نیکی انسان کی کیسے حفاظت کرتی ہے، ایک حیران کن واقعہ ضرور پڑھئے گا

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

عبیداللہ عابد ………
گزشتہ دنوں ایک حیران کن واقعہ میرے علم میں آیا جس کے بعد اس بات پر ایمان مزید پختہ ہوگیا کہ نیکی اور بھلائی رائیگاں نہیں جاتی، اخروی زندگی میں اس کا اجر لازم ہے بشرطیکہ ریاکاری نہ کی گئی ہو. اس دنیا میں بھی بے غرض نیکی اور بھلائی انسان کی مختلف آفات اور آزمائشوں سے محفوظ کرتی ہے.

اس واقعہ کے دو کردار ہیں، کینیڈا میں مقیم ایک محترم، پاکستانی نژاد خاتون زبیدہ روف اور ان کے شوہر عبدالروف، جن کی وہاں ایک دکان ہے. پہلے زبیدہ صاحبہ کاکردار سنئے، وہ اپنے بچوں کے ساتھ مسجد سے واپس نکلیں تو باہر بارش ہورہی تھی، پاکستانی نژاد خاتون اپنی کار میں سوار ہونے لگی تھیں کہ انھیں سڑک کے اس پار شیڈ کے نیچے ایک بزرگ کینیڈین خاتون کھڑی نظر آئیں. وہ تیزی سے بزرگ خاتون کے پاس پہنچیں اور ان کی خیریت دریافت کی، پتہ چلا کہ وہ اپنے بیٹے کے انتظار میں ہیں جو انھیں گھرلے کر جائے گا. زبیدہ روف نے انھیں اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھایا اور ان کے گھر میں چھوڑ دیا اور تاکید کی کہ وہ اپنے بیٹے کو فون کریں کہ وہ گھر پہنچ چکی ہیں.

پاکستانی خاتون اپنے گھر پہنچیں، شام کو ان کے میاں عبدالروف گھر واپس آئے تو انھوں نے اپنی بپتا سنائی. کہنے لگے کہ آج دکان کا فرش صاف کرتے ہوئے پانی باہر برآمدے میں پھیل گیاتھا. قاعدہ یہ ہے کہ اگر کوئی اس طرح دکان کا فرش صاف کرے تو وہ باہر ایسا انتظام کرے کہ کوئی وہاں سے نہ گزرے کیونکہ کوئی گیلے فرش سے پھسل بھی سکتا ہے. اس پاکستانی بھائی سے تھوڑی سی کوتاہی یوں ہوگئی کہ وہ قاعدے کے مطابق گزرنے والوں کو روکنے کا انتظام نہ کرسکے.

اسی اثنا میں ایک بزرگ خاتون وہاں سے گزرنے لگیں تو پھسل گئیں، فورآ پاکستانی دکاندار اور اردگرد سے لوگ ان کی مدد کو آگئے. پھر پولیس اہلکار بھی پہنچ گئے. انھوں نے بزرگ خاتون سے گرنے کا سبب پوچھا تو انھوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطی کی وجہ سے گری ہیں، پولیس والے بار بار ان سے یہی سوال پوچھ رہے تھے لیکن وہ خاتون ایک ہی جواب دے رہی تھیں.حالانکہ قریب کھڑا ایک دوسرا دکاندار پولیس کو بتاتا رہا کہ یہ گیلے فرش کی وجہ سے پھسل کے گری ہیں تاہم بزرگ خاتون اپنی بات پر قائم رہیں. اگر خاتون امرواقعہ بیان کردیتیں تو پاکستانی دکاندار کو بھاری بھرکم جرمانہ ادا کرنا پڑتا. پاکستانی بھائی اس دوران میں خاصے نادم تھے اور خاتون کے ممنون احسان بھی.

زبیدہ صاحبہ نے شوہر سے پوچھا کہ یہ واقعہ کتنے بجے پیش آیا؟ انھوں نے وقت بتایا، یہ وہی وقت تھا جب یہ پاکستانی خاتون مسجد سے باہر شیڈ کے نیچھے کھڑی خاتون کو اس کے گھر چھوڑکر واپس آرہی تھیں.


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں