محمد عثمان جامعی
گنج پَن کا شکار بہت سے افراد یہ سُن کر مایوس ہوجاتے ہیں کہ ’گنج پَن لاعلاج ہے‘ حالانکہ اس جملے کا مطلب یہ ہے کہ ’تو پیسے لا ہمارے کَنے گنج پن کا علاج ہے۔‘
ویسے تو بالوں کا فائدہ کیا ہے؟ انہیں بنانے اور کٹوانے میں وقت ہی ضائع ہوتا ہے۔ پھر لوگ بال کی کھال نکالتے ہیں، معاشی حالات خراب ہوں تو بال بال قرضے میں جکڑ جاتا ہے، اور بعض لوگوں کا بال آنکھ میں آجائے تو آنکھیں ماتھے پر آجاتی ہیں۔ اب ان سب مسائل کے باوجود کوئی اپنے چاند سے سر پر کالے بالوں کا گرہن لانا چاہتا ہے تو اس کی مرضی، ہم ایسے حضرات کے لیے گنج پن کے مسئلے سے نجات کا ٹوٹکا بتائے دیتے ہیں۔
5 کلو لیمو لیں، ان کا رس نچوڑ لیں، پھر اس رس میں 10 کلو گاجر کا رس، تخم بالنگا ڈیڑھ پاؤ، 3 کلو چلغوزوں کے چھلکے باریک پیس کر، 12 لیٹر پیٹرول اور باکردار بھینس کا دودھ 15 کلو ملائیں اور ملاکر خوب ہلائیں۔ پھر اسے دھیمی آنچ پر چڑھا دیں۔ 10 منٹ بعد اُتارلیں۔ 15 منٹ بعد پھر چڑھا دیں۔ 10 منٹ بعد اتار کر 15 منٹ بعد دوبارہ چڑھا دیں۔ یہ اُتار چڑھاؤ مسلسل 10 گھنٹے تک جاری رکھیں۔ اگلے روز صبح اندھیرے منہ اُٹھ کر ایک جگ میں یہ محلول بھر کر اس سے سر دھوئیں۔ جو بچا ہو وہ پھینک دیں۔ یہ عمل 3 دن تک دہرائیں، چوتھے روز آپ کو بالوں سے نفرت ہوجائے گی اور آپ گنجے پن پر مطمئن ہوجائیں گے۔ ممکن ہے ٹوٹکا پڑھ کر ہی آپ کو افاقہ ہوگیا ہو۔