راہزن

راہزن!! (رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی سلسلہ ، پہلی قسط)

·

سوشل میڈیا پر شیئر کریں

ایمان مغازی الشرقاوی
ترجمہ: میمونہ حمزہ
جب اﷲ تعالی نے انسان کو تخلیق کیا، تو اسے عزت بخشی،اورفرشتوں نے اسے سجدہ کیا، اور اسے خیر اور شر کا راستہ دکھا دیا، اورعظیم مقصد ِ تخلیق پورا کرنے کے لئے جن وسائل اور سہولیات کی اسے ضرورت تھی وہ بھی عطا کر دیے، اور اس پر اپنی نعمت کے اظہار کے بعد فرمایا: {الم نجعل لہ عینین ۰ ولسانا وّشفتین ۰ وھدیناہ النجدین} (البلد ۸ ۔ ۱۰)

اور اسے سیدھا راستہ اختیار کرنے اور اس پر ثبات کی تعلیم دی، اور فرمایا: {وان صراطی مستقیماً فاتبعوہ ولا تتبعوا السبل فتفرق بکم عن سبیلہ ذلکم وصّاکم بہ لعلکم تتقون} (۱۵۳)

یہ اس وجہ سے کہ یہی وہ راستہ ہے جو اسے اس کی امیدوں اور آرزؤوں تک پہنچانے کا ضامن ہے، اور وہ بحیثیت انسان اس کی کرامت اور عزت کی بھی حفاظت کرتا ہے، اور وہ اس کے معتبر ارادے، آزاد مرضی اور سوچنے والے دماغ اور باخبر دل کا نگران ہے۔

تو کیا جب انسان اسلام قبول کرتا ہے تو وہ پورے اطمینان کے ساتھ سیدھے راستے پر گامزن رہتا ہے، حتی کہ انجام تک پہنچ جاتا ہے، یا یہاں ایسی قوتیں بھی ہیں جو زیادتی اور حسد کے ساتھ اس کا راستہ کاٹنا چاہتی ہیں، یا اسے دھوکے میں ڈال کر اور فتنے میں مبتلا کر کے، یا کبر و غرور میں ڈال کر اس کی منزل کھوٹی کرنا چاہتی ہیں؟! گویا کہ میں اس راستے پر چلنا شروع کرتا ہوں تو کتنے ہی راہزن راہ میں کھڑے ہیں، جن کے فتنوں کے کتنے ہی نام ہیں، اور ان کی کتنی ہی متنوع شکلیں ہیں،

اور انہوں نے خود کو کتنے خوش کن لبادوں میں لپیٹ رکھا ہے، اور دھوکے کے لئے کتنے خوبصورت روپ اختیار کر رکھے ہیں،اور ان کی پرکشش اور مدہوش کن خوشبوپھیل رہی ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کے دلوں پر غلاف چڑھا رہے،اور وہ ان کے اندر فساد پھیلا رہے ہیں، ان کا ہدف اﷲ کی بندگی کرنے والے افراد ہیں، تاکہ وہ ان کے درمیان خلیج پیدا کر کے انہیں غلط فہمیوں اور شبہات میں مبتلا کریں، اور ان کے دین میں اشکالات پیدا کریں، اور انہیں اس راہ سے روک دیں۔

اسی لئے جو اﷲ کے سیدے راستے پر چل رہا ہو، اسے ثابت قدمی اختیار کرنی چاہیے، اور کسی راہ زن کے قبضے میں پہنچنے سے چوکنا رہنا چاہیے، کیونکہ ایسے راہ زن گھات میں بیٹھے رہتے ہیں، تاکہ اس کا راستہ کاٹیں، اور وہ عمل سے باز آجائے، یا وہ اسے واپس پلٹا لائیں، اور اتنی محنت اور اتنا راستہ طے کرنے کے بعد وہ اسے دوبارہ پہلی جگہ پر پہنچا دیں۔

اسے معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے راستے میں مکاروں کی سازشیں ہیں، اور مایوسی پھیلانے والوں کا گمراہ کن پروپیگنڈا ہے، اور اس جدوجہد میں شریک افراد کے لئے مختلف چیلنجز ہیں، تاکہ ان کی جدوجہد محدود رہے، اور ان کی طاقت دفاع، بچاؤ، روکنے اور قدم مضبوط کرنے میں لگی رہے، اور وہ اس سے رک جائیں، اور ان کی مخالفت پر کمر بستہ ہو جائیں،

اگر وہ احتیاط برتیں تو وہ انہیں نقصان نہ پہنچا سکیں گے، وہ اپنے محفوظ ٹھکانوں میں بیٹھ کر کوشش کریں گے کہ لوگوں کو حسنِ عمل سے دور کر دیں، اور قبیح اعمال مزین بنا کر ان کے سامنے پیش کریں، اور اگر وہ ایک لمحے کے لئے بھی غافل ہوئے تو وہ ان سے اعلیٰ اور قیمتی اور چوٹی کے اعمال چھین لیں گے جو وہ راہ ِ جہاد اور ان کے شر سے بچنے کے لئے کر رہے ہیں۔

کیا ہم نے کہا نہیں کہ یہ چور ہیں، جوفساد مچا کر ان سے خیر چرانا چاہتے ہیں، اور حق کی صورت کو مبہم بنا کر ان کے سامنے گمراہی بکھیرنا چاہتے ہیں، وہ جھوٹی امیدیں دلاتے ہیں،اور چاہتے ہیں کہ کم از کم وہ تاخیری حربے ہی اپنانا شروع کر دے، اور وہ پیچھے کی جانب سفر شروع کر دے، وہ مکارانہ انداز میں انتظار کرواتے ہیں، تاکہ موقع پا کر اسے نیچے گرا دیں، اور اس پر چڑھ دوڑیں، اور اگر ممکن ہو تو اس کا خاتمہ کر دیں،

وہ جھوٹ کہتے ہیں کہ وہ یہ سب نصیحت کے طور پر حسن ِ نیت کے ساتھ کہہ رہے ہیں،اور وہ بڑی دیدہ دلیری اور اصرار کے ساتھ بہتان لگاتے ہیں، اور خوش نصیب ہیں جنہیں ان کے خلاف اﷲ کی مدد مل جائے، اور وہ بھاگ اٹھیں، لیکن آپ لوگوں کو ان کی پکڑ اور ان کے شر سے چوکنا کرتے رہیں، تاکہ وہ اور ان کی ذریت ان سے محفوظ رہے، وہ سب بچ جائیں، اور دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب و کامران ٹھہریں۔

انسان کی نجات حاصل کرنے کی حرص:
اﷲ تعالی نے ہر انسان کی جبلت میں رکھا ہے کہ وہ اپنی نجات کا حریص ہے، اگر اس خواہش کی صورت اور اس کی مقدار مختلف افراد میں مختلف ہوتی ہے، اور نجات کی راہیں بھی متنوع ہیں، اور اس کی متعدد شکلیں ہیں، ان میں سے بعض ایجابی شکل اختیار کرتے ہیں اور بعض سلبی، لیکن ہر ایک یہی گمان کرتا ہے کہ یہ کوشش اسے ساحل ِ امان اور نجات تک لے جائے گی۔

کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اس دنیا کی زندگی میں ان کی نجات بس دنیا کی زندگی ہی کی کامیابی ہے، وہ آخرت کے بارے میں نہیں سوچتے، وہاں نہ ان کو ثواب کی امید ہے نہ عذاب کی، یہ وہ لوگ ہیں جو اﷲ پر ایمان نہیں رکھتے، اور نہ آخرت پر کسی قسم کا ایمان رکھتے ہیں۔ آپ دیکھتے ہیں کہ وہ جن چیزوں کو اپنے علم کی بنا پر ضرر رساں سمجھتے ہیں ان سے دور رہتے ہیں، اور جو ان کی خواہشات کے مطابق ہوتا ہے،اس کے لئے پریشان ہوتے ہیں، اگرچہ وہ ان کے لئے مناسب نہ ہو، وہ ہر خواہش اور شہوت کو پورا کرنے میں لگے رہتے ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ یہی نجات کی صورت ہے، کلی نجات کی۔

رہے اﷲ کے نیک بندے، جو حقیقت میں اﷲ پر ایمان رکھتے ہیں، اور اس کے رب ہونے پر راضی ہیں، تو ایسے سب لوگ نجات حاصل کرنے کے لئے انہی پختہ راہوں پر چلتے ہیں جو ان کے رب کی طرف سے مقرر کی گئی ہیں، اگرچہ ان پر چلتے ہوئے انہیں تھکاوٹ لاحق ہو، یا مشقت اور جانفشانی کرنی پڑے، اور وہ جانتے ہیں کہ یہاں جگہ جگہ چور اور اٹھائی گیر اور راہزن بیٹھے ہیں، جو لوگوں کو خیر کی راہوں سے روکتے ہیں، اور ان راستوں سے منع کرتے ہیں،اور بعض اوقات تو ایسے لوگ آپ کے انتہائی قریب ہوتے ہیں، بالکل ایسے جیسے پہلو میں بیٹھا ہوا ساتھی،

مگر وہ آپ کے کٹڑ دشمن بن جاتے ہیں، تاکہ آپ ﷲ کے راستے پر محنت نہ کر سکیں، اگر آپ ان کے لئے نفس کی باگیں ڈھیلی چھوڑ دیں، تو ذرا دیر نہ گزرے گی کہ وہ آپ کو قول و فعل اور اخلاق کے لحاظ سے نفس امارہ کے حوالے کر دیں گے، پھر اور بہت سے دشمن آپ کو اچک لیں گے، جن کے ذریعے شیطان مردود فحش اور منکر کا حکم دیتا ہے، اور دنیا کو اثر انداز فتنے کے روپ میں پیش کرتا ہے،

پھر نہ کوئی مقصد رہتا ہے نہ وسیلہ، اور گمراہ کن خواہشات اسے اپنا پیروکار بنا لیتی ہیں، اور حکم دیتی اور منع کرتی ہیں، تاکہ وہ سب مل کر راہزنوں کا ایک گروہ بن جائیں، جو اعلانیہ اور خفیہ طور پر کام کرتے رہیں، اور کھلے اور چھپے منصوبے بناتے رہیں۔

پس اسی لئے اﷲ کے خالص بندے چوکنے رہتے ہیں، اور ان راہزنوں کی حرکات کا بڑے غور سے جائزہ لیتے ہیں، اور ان کی گھات سے باہر انتظار کرتے ہیں، اور اﷲ سے استعانت طلب کرتے ہیں، پس راہزنوں کو ان پر دست درازی کا موقع نہیں ملتا، اور ان کے لئے اﷲ تعالی کا فرمان ان کے دشمن اول کے بارے میں کافی ہے، جو ۔ شیطان الرجیم ۔ ہے:
{ان عبادی لیس لک علیھم سلطان وکفی بربک وکیلا} (الاسرائ، ۶۵)

پس آپس میں اس چالاک دشمن کے خلاف ایک دوسرے کو جہاد کی نصیحت کرو، جبکہ وہ اپنے گروپ کا لیڈر ہے! اور اس کی شکایت اس کے رب اور مالک سے کرو تاکہ وہ ان سب سے اپنا عذاب ٹال دے،

سلف میں سے کسی سے روایت ہے کہ انہوں نے اپنے شاگرد سے پوچھا:
’’جب تمہیں شیطان خطاؤں کے لئے دھوکے میں ڈالتا ہے تو تم کیا کرتے ہو؟
وہ بولا: میں مجاہدہ کروں گا۔
پوچھا: اگر اس نے دوبارہ کیا؟
کہا: میں پھر مجاہدہ کروں گا۔

پوچھا: اگر پھر اس نے حملہ کیا؟
بولا: میں پھر مجاہدہ کروں گا ۔
کہا: یہ تو بہت طویل ہو جائے گا، تمہارا کیا خیال ہے کہ اگر تم بکریوں کے ریوڑ کے پاس سے گزرو، تو (ان کا رکھوالا ) کتا تم پر بھونکنے لگے، یا تمہیں راستہ عبور نہ کرنے دے، تو تم کیا کرو گے؟
بولا :میں بار بار گزرنے کی کوشش کروں گا۔

کہنے لگے: یہ تو تم پر بہت طویل ہو جائے گا، لیکن اگر تم بکریوں کے مالک سے مدد مانگو گے تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔ یہاں تک کہ چناؤ مکمل ہو جائے،اور مخلوق کی بندگی خالق کے لئے ثابت ہو جائے، ﷲ نے اس دنیا کو امتحان اور ابتلاء کا گھر بنایا ہے،اور جانچ اور آزمائش کی جگہ۔ اور نجات کا راستہ مکاروں کی چال بازیوں اور شہوات، فتنوں اور شبہات سے گھرا ہوا ہے،

پس ہماری دنیا کی زندگی ایک بڑے سے کمرہ امتحان کی مانند ہے، جس کے مختلف گوشوں میں رب العالمین کی طرف سے ہر وقت جنت میں داخلے کے مختلف ٹیسٹ اور امتحان ہوتے رہتے ہیں، اور ہماری عمریں وہ محدود و معین وقت ہیں جس میں ہم نے اس بڑے امتحان میں کامیابی اور رضا مندی کا درجہ حاصل کرنا ہے، رہا ہمارے اخلاص کا صدق، اور ہماری قوت ِ ایمانی تو یہ کامیابی ، تفوق اور ترقی کی علامت ہیں، جنہیں پار کر کے ہی ہم کامیابی کی شاہراہ پر پہنچ سکتے ہیں، اﷲ تعالی نے بھی ہمیں یاد دہانی کروائی ہے:
{الذی خلق الموت والحیاۃ لیبلوکم ایکم احسن عملاً وھو العزیز الغفور} (الملک، ۲)

اور عقل مند و دانا وہ ہے جس نے زندگی میں تیاری مکمل کر لی، اور ہمت کی کٹھالی میں اسے خوب پیس لیا، اور طاقت اور امان کے اسلحے سے مسلح ہو کر جرأت سے ہر اس شخص کے راستے میں ڈٹ کر کھڑا ہو گیا جو اس کے رب کی طرف جانے کا راستہ روکنا چاہتا ہے۔ صالحین نے اسی طریقے کو اپنایا، تو انہیں معلوم ہوا کہ اس کی گھات مختلف راہوں پر لگی ہوئی ہے، اور وہ ان کے مستقر اور ٹھکانوں تک پہنچتے ہیں،

اور یہ (صالحین ) درست راستہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ وہ اس پر چلیں، اور اسکے طویل راستوں پر جو بھی چور اچکا، یا حریت اور امن کا دشمن ملے وہ اس سے چوکنا رہیں، اور وہ اﷲ کے دامن میں پناہ لیں، تاکہ وہ انہیں کامیاب کر دے، اور وہ اسی سے صبر وثبات اور حفاظت سے منزل تک پہنچ جائیں۔

نجات اور منزل تک پہنچنے کے اسباب کی تلاش:
اگر آپ واقعی نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو اس کے اسباب اختیار کیجئے، اور اس خیر کو صرف اپنے تک محدود نہ رکھیں، بلکہ ان نیک لوگوں میں شامل ہو جائیے، جو ایک دوسرے کو اس کو تلقین کرتے رہتے ہیں، اور اس کی دعوت دیتے ہیں،اور بلندیوں تک پہنچنے کے خواہاں ہوتے ہیں، اور نیچے گرنے اور ہلاکت سے ڈرتے رہتے ہیں،

پس علیؓ بن ابی طالب بھی ایسے ہی راہزن سے چوکنا کرتے ہیں، جو ہمارا راستہ کاٹنا چاہتا ہے، خواہ ظاہری طور پر یا خفیہ طریقے سے، اگرچہ وہ ہمارے سامنے خوب رنگ چڑھا کر آئے، اور اس کا حسن ظاہر ہو رہا ہو، پس آپ فرماتے ہیں:

’’بیشک دنیا نے پیچھے کی جانب سفر شروع کر دیا ہے، اور آخری سامنے آنے والی ہے، اور (اس دنیا میں) ان دونوں کے بیٹے ہیں، پس تم آخرت کے بیٹے بنو، اور دنیا کے بیٹے نہ بنو، خبردار زاہدوں نے اس دنیا میں زمین کو بچھونا بنایا، اور مٹی کو فرش، اور پانی کو تازگی، خبردار جو جنت کے مشتاق تھے انہوں نے شہوات کو بھلا دیا، اور جو آگ سے خوفزدہ ہوئے، انہوں نے حرام کردہ اشیاء چھوڑ دیں،

اور جس نے دنیا کا زہد اختیار کیا، اس کے لئے مصیبتیں ہلکی ہو گئیں۔ خبردار بلاشبہ اﷲ کے ایسے بندے بھی ہیں جو ایسے دیکھتے ہیں جیسے اہل ِ جنت کو ہمیشہ کی جنتوں میں دیکھ رہے ہوں، اور اہل ِ جہنم کو جہنم میں عذاب میں دیکھ رہے ہوں، وہ اس کے شر سے امن چاہتے ہیں، اور ان کے دل غمگین ہوتے ہیں، اور ان کے نفوس پاک دامن ہوتے ہیں، اور ان کی ضروریات مختصر ہوتی ہیں،

وہ اس طویل سفر کے انجام کے لئے اتنے دن صبر کرتے ہیں، اور ان کی راتیں صف باندھے بسر ہوتی ہیں، ان کے آنسو ان کے گالوں پر بہتے رہتے ہیں، وہ اپنے رب کے سامنے کھڑے اسے پکارتے رہتے ہیں: ربنا ربنا، وہ اپنی گردن چھڑانے کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ ہے ان کی راتوں کا حال!

اور وہ دن کے عالم ہیں، حلیم طبیعت، نیکو کار و متقی، گویا کہ وہ ایسا پیالہ ہیں جس کو دیکھنے والا سوال کرتا ہے: یہ بیمار ہیں؟ لیکن ان لوگوں کو کوئی مرض لاحق نہیں، اور لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کے دماغ میں کوئی خرابی ہے، مگر حقیقت میں لوگوں نے ایک بڑے معاملے کو خلط ملط کر دیا ہے‘‘۔

آپ فرماتے ہیں: ’’مجھے تمہارے بارے میں دو چیزوں کا خوف لاحق ہے: لمبی عمر، اور خواہشات کی پیروی، کیونکہ لمبی عمر آخرت بھلا دیتی ہے، اور خواہشات کی پیروی حق سے روکتی ہے۔ آج عمل کا دن ہے اور حساب نہیں، اور کل حسا ب ہو گا، اور عمل (کا موقع) نہیں۔
خبردار بلاشبہ رمضان بھی ان شریر راہزنوں سے نجات کا موقع ہے، تو آؤ اے روزے دار ان کو روکنے اور دفاع کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جاؤ، تم کامیاب و کامران ہو جاؤ گے!!
(المجتمع، العدد ۱۹۶۳، ۲۹ شعبان ۱۴۳۲ھ، ۳۰۔ ۷۔ ۲۰۱۱ء)
٭٭٭

یہ بھی پڑھیے:
راہزن!! (رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی سلسلہ ، دوسری قسط)


سوشل میڈیا پر شیئر کریں

زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرنے والی تمام اہم ترین خبروں اور دلچسپ تجزیوں کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر آفیشل گروپ جوائن کریں

2 پر “راہزن!! (رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی سلسلہ ، پہلی قسط)” جوابات

  1. محمد عدنان حبیب Avatar
    محمد عدنان حبیب

    بہت مبارک… ماشاءاللہ ہمیشہ کی طرح بہت عمدہ تحریر پڑھنے کا موقعہ ملا، اس لاک ڈاؤن میں فجر کے بعد چہل قدمی کرتے کرتے ندی کی طرف آیا ،صبح کی تازہ اور بالکل فریش ہوا(لاک ڈاؤن کے سبب غیر مکدر) میں ندی کے کنارے بیٹھ کر مضمون پڑھنے میں جو مزا آیا وہ ناقابل بیان ہے، خیر… مضمون ماہ رمضان میں اپنے شب وروز کے معمولات عمدہ اور صحیح انداز میں ترتیب دینے ممدومعاون ثابت ہوگا… اللہ ہمیں توفیق عطا فرمائے.

  2. عشرت زاہد Avatar
    عشرت زاہد

    بہت اچھی تحریر ہے، یقینا دل بدلنے والی۔ اللہ اس اثر دلوں پر قائم رکھے۔۔ آمین یا رب الآلمین